آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا امکان ہے۔
پیٹ کمنز ٹخنے کی تکلیف کا شکار ہیں اور تاحال انہوں نے بولنگ شروع نہیں کی، ان کی غیر موجودگی میں سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں اسٹیو اسمتھ کپتانی کر رہے ہیں۔
آسٹریلوی ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے شدید خدشے کا اظہار کر دیا اور کپتانی کے لیے ٹریوس ہیڈ اور اسٹیو اسمتھ سے بات چیت کی بھی تصدیق کر دی۔
اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز نے ابھی بولنگ کا آغاز نہیں کیا ہے، ان کی انجری کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا قوی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹ کمنز کی غیرموجودگی میں ہمیں نئے کپتان کی ضرورت ہو گی، اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ کے ساتھ کپتانی پر بات چیت چل رہی ہے۔
آسٹریلوی ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں میڈیکل رپورٹس آنے کے بعد صورتحال واضح ہو گی۔ آسٹریلوی ون ڈے اسکواڈ جمعرات کو دورۂ سری لنکا کے لیے روانہ ہو گا، پیٹ کمنز اسکواڈ کے ہمراہ سری لنکا نہیں جائیں گے۔
یاد رہے کہ آل راؤنڈر مچل مارش فٹنس مسائل کے باعث پہلے ہی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں۔