شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کے علاج کے لیے آج رات آسٹریلیا سے پاکستان پہنچیں گے

image

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی آج رات آسٹریلیا سے پاکستان پہنچیں گے اور لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہائی پرفارمنس سینٹر پر اپنے گھٹنے کی چوٹ کے لیے علاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔

پی سی بی عہدیدار نے بتایا کہ کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت کے بعد یہ فیصلہ ہوا ہے کہ شاہین اپنا علاج لاہور میں کروائے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے میڈیکل پینل اور دوسرے ماہرین کے معائنے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ چوٹ کی نوعیت کیا ہے اور شاہین کو کرکٹ مقابلوں میں واپس آنے کے لیے کتنا ٹائم لگے گا؟

شاہین آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ میں برزبین ہیٹ کی نمائندگی کر رہے تھے جب ان کو فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنے پر چوٹ لگی اور وہ ابتدائی معائنہ کے بعد بگ بیش سے باہر ہوگئے۔

پی سی بی کے مطابق شاہین کی چوٹ کے بارے میں ان کی ٹیم کے میڈیکل ڈاکٹر سے ساری معلومات لے لی گئی ہے۔ اس صورتحال میں یہ واضح نہیں کہ شاہین کب تک پوری طرح صحت یاب ہوپائیں گے اور فروری مارچ میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے پائیں گے یا نہیں؟ قومی سلیکٹرز نے شاہین، بابر اعظم اور دوسرے کھلاڑی جو بگ بیش میں کھیل رہے ہیں ان کو اس پاکستان ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا جو سری لنکا میں 7 اور 11 جنوری کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی اور اس کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ ان کو بگ بیش کھیلنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی 2021 میں شاہین کو سری لنکا میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنے کی چوٹ لگی تھی جس کے بعد وہ کئی مہینوں تک کرکٹ سے باہر رہے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US