نیو انرجی وہیکلز (این ای وی) بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنی بی وائی ڈی نے میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) کے اشتراک سے پاکستان میں گاڑیوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے۔اب پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں صارفین اپنی بی وائی ڈی گاڑیوں کی ڈیلیوری وصول کر سکیں گے۔کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بی وائی ڈی اور ایم ایم سی کا ہدف یہ ہے کہ اپنے آپریشنز کے ابتدائی 48 گھنٹوں کے اندر 100 گاڑیاں فراہم کی جائیں۔’اس سلسلے میں ایم ایم سی نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے اہم مقامات پر بی وائی ڈی کے مختلف مراکز قائم کیے ہیں، جو صارفین کو پی وائی ڈی کی جدید ترین نیو انرجی وہیکل ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور گاڑیوں کے استعمال سے متعلق اعلیٰ معیار کا تجربہ فراہم کریں گے۔‘بیان کے مطابق بی وائی ڈی اور ایم ایم سی کا مقصد یہ ہے کہ 2025 میں مجموعی طور پر 15 سینٹرز کا آغاز کر کے ملک میں اپنی موجودگی مزید بڑھائی جائے۔
بی وائی ڈی نے پاکستان میں بی وائی ڈی کی SEAL اور ATTO3 گاڑیاں متعارف کرائی ہیں۔ (فائل فوٹو: بی وائی ڈی)
’ان سینٹرز کا آغاز اور بی وائی ڈی کی SEAL اور ATTO3 گاڑیوں کے متعارف ہونے سے بی وائی ڈی اور ایم ایم سی کی طرف سے پاکستان میں تیزی سے بدلتے ہوئے آٹوموٹو منظرنامے پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔‘
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے بی وائی ڈی پاکستان کے کنٹری ہیڈ لی جیان نے کہا کہ ’پاکستان میں ترقی کے اس اہم سفر کا آغاز کرنا ہمارے لیے نہایت اعزاز کی بات ہے۔ ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ بی وائی ڈی کی نیو انرجی گاڑیاں اور ٹیکنالوجیز پاکستان کے ماحول دوست ترقی کے سفر میں مزید اہم کردار ادا کریں گی۔‘میگا موٹر کمپنی پاکستان کے نائب صدر سیلز اینڈ سٹریٹجی دانش خالق نے اس کہا کہ ’ہم پاکستان بھر میں گاڑیوں کی فراہمی شروع کرنے پر نہایت خوش ہیں۔ ہم نے پاکستان کو صاف ستھرے اور زیادہ پائیدار مستقبل کی طرف لے جانے کے لیے عالمی معیار کی این ای وی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے۔‘