بلوچستان: ژوب میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں میجر اور سپاہی جان سے گئے

image
بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحدی علاقے میں بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں ایک میجر اور ایک سپاہی جان کی بازی ہارگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شام ژوب سے تقریباً 70 کلومیٹر دور ملوائی سیکٹر میں پیش آیا جہاں ایک بارودی سرنگ پر جانور کے پاؤں آنے سے دھماکا ہوا۔

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیئر کور 157 وِنگ کی ایک ٹیم میجر سعد کی سربراہی میں جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق راستے میں ایف سی کی ٹیم ایک اور بارودی سرنگ کے دھماکے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں میجر سعد اور سپاہی ساجد شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ ژوب منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ ہوگئے۔

میجر سعد بن زبیر کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے باغ سے بتایا جاتا ہے۔ میجر سعد کی شادی 8 ماہ قبل ہوئی تھی۔

بلوچستان میں حالیہ دنوں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ صرف گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کوئٹہ، بولان، نوشکی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں میں 28 اہلکاروں سمیت 38 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

افغان سرحد کے قریب واقع سمبازہ کا علاقہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اس سے قبل مئی 2024 میں بھی اسی علاقے میں ایک حملے کے دوران ایف سی کے میجر بابر جان کی بازی ہارگئے تھے جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا اور ایک ماہ کے دوران 29 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔

 تب فوج کے ترجمان نے بیان دیا تھا کہ ’افغان سرزمین سے پاکستان میں دراندازی میں اضافہ ہورہا ہے۔‘

ان کے بقول ’ہلاک ہونے والے دہشت گرد افغانستان سے پاکستانی سرزمین میں داخل ہوئے تھے۔‘ 

دسمبر 2024 میں بھی فوج نے اس علاقے میں ایک آپریشن میں 15 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا-

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.