رواں برس میں اب تک بالی وُڈ میں بڑے بجٹ اور بڑے ایکٹرز کی متعدد فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔اس سال ریلیز ہونے والی اب تک کی بڑی فلموں میں ’چھاوا‘، ’ریڈ ٹو‘، ’سکائی فورس‘ اور ’سکندر‘ شامل ہیں۔ان کےعلاوہ بڑے بجٹ اور بڑے سٹارر کی کئی فلموں کی ریلیز ابھی باقی ہے۔ شوبز کی خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ نے بالی وُڈ کی 2025 میں ریلیز ہونے والی ان فلموں کی فہرست جاری کی ہے جن کی کمائی سب سے زیادہ ہے۔’چھاوا‘اداکار وکی کوشل اور رشمیکا مندانہ کی فلم ’چھاوا‘ رواں برس فروری کے میں ریلیز کی گئی تھی۔جدید انڈیا کی ریاست مرہٹہ کے مہاراجا سامبھا جی مہاراجا کی زندگی کے واقعات کے گرد گھومتی یہ فلم ایک ارب 30 کروڑ سے ایک ارب 40 کروڑ انڈین روپے تک کے بجٹ میں بنائی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق فلم ’چھاوا‘ چھ ارب 15 کروڑ انڈین روپے کی کمائی کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔’ریڈ ٹو‘اجے دیوگن، رتیش دیش مُکھ اور وانی کپور کی فلم ’ریڈ ٹو‘ رواں ماہ کی یکم تاریخ کو ریلیز کی گئی تھی۔’ریڈ ٹو‘ دراصل سنہ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ریڈ‘ کا سیکوئل ہے۔ اس فلم کی کہانی کرپشن اور دوسرے وائٹ کالر کرائم کے گرد گھومتی ہے۔’ریڈ ٹو‘ 40 سے 45 کروڑ انڈین روپے کے بجٹ میں بنائی گئی تھی اور اس وقت تک یہ فلم ایک ارب 43 کروڑ انڈین روپے کی کمائی کے ساتھ کوئی موئی کی لسٹ میں دوسرے نمبر پر ہے۔’سکائی فورس‘اکشے کمار، سارہ علی خان اور نمرت کور کی فلم ’سکائی فورس‘ سنہ 1965 میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والی جنگ پر بنائی گئی ہے۔اس فلم میں انڈیا کے پاکستان کے سرگودھا ایئربیس پر فضائی حملے کی کہانی دکھائی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق ’سکائی فورس‘ ایک ارب 20 کروڑ سے ایک ارب 60 کروڑ کی لاگت سے بنائی گئی تھی، تاہم اب تک اس نے ایک ارب 34 کروڑ کما لیے ہیں اور اس کا کوئی موئی کی فہرست میں تیسرا نمبر ہے۔’سکندر‘بالی وُڈ سُپرسٹار سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ رواں برس 25 مارچ کو ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں ہیروئن کا کردار رشمیکا مندانہ نے ادا کیا ہے۔دو ارب انڈین روپے کی لاگت سے بنائی گئی یہ فلم صرف ایک ارب 29 کروڑ روپے ہی کما سکی، تاہم کوئی موئی کی فہرست کے مطابق سنہ 2025 میں ریلیز ہونے والی فلموں میں کمائی کے اعتبار سے اس کا چوتھا نمبر ہے۔’کیسری چیپٹر ٹو‘رواں برس 18 اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم ’کیسری چیپٹر ٹو‘ ایک ارب 50 کروڑ انڈین روپے کے بجٹ میں بنائی گئی تھی، تاہم یہ فلم اب تک صرف 91 کروڑ روپے ہی کما سکی ہے۔کیسری چیپٹر ٹو‘ دراصل سنہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کسیری‘ کا سیکوئل ہے اور اس کی کہانی تاریخی واقعات پر مبنی ہے۔’کیسری چیپٹر ٹو‘ میں اکشے کمار، اننیا پانڈے اور آر منداون نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔