آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کا مقابلہ آج انگلینڈ سے ہوگا۔ فاطمہ ثنا کی قیادت میں قومی ٹیم میدان میں اترے گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم اب تک ورلڈ کپ میں کوئی میچ نہیں جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہے۔ قومی ٹیم نے اپنے ابتدائی تینوں میچز بنگلا دیش، بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف یکے بعد دیگرے شکستیں کھائی ہیں جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا اس وقت ورلڈ کپ کی آٹھ ٹیموں میں وہ واحد ٹیمیں ہیں جو اب تک ناقابلِ شکست ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک ممکنہ تبدیلی زیر غور ہے۔ فاسٹ بالر ڈائنا بیگ کو ڈراپ کر کے ایک اضافی اسپنر کو موقع دینے کا امکان ہے کیونکہ ڈائنا بیگ گزشتہ دو میچز میں خاصی مہنگی ثابت ہوئی تھیں۔
قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بھی دباؤ میں ہے۔ نائب کپتان اور بہترین بلے باز منیبہ علی اب تک کسی میچ میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکیں۔ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ آج کے میچ میں تجربہ کار کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھائیں گی تاکہ پاکستان کی امیدیں برقرار رہ سکیں۔
پاکستان کے اگلے میچز بھی آسان نہیں ٹیم کو نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا جیسے مضبوط حریفوں کا سامنا کرنا ہوگا۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے اس سال لاہور میں ہونے والے آئی سی سی کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا تاہم مین ایونٹ میں ٹیم اب تک اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی۔