لوگ ڈرامے کی وجہ سے بدتمیز سمجھتے ہیں۔۔ میم سے محبت کے شارق کا اصلی نام کیا ہے؟ جانیں ان کے بارے میں چند دلچسپ باتیں

image

“میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ شارق کا کردار مجھے اتنی شہرت دے گا۔ لوگ مجھے حقیقت میں بھی ویسا ہی سمجھ رہے ہیں جیسے میں ڈرامے میں ہوں، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔" یہ کہنا ہے اداکار عرفان خان کا، جو اس وقت ڈرامہ سیریل 'میم سے محبت' میں اپنے کردار کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

ڈرامہ 'میم سے محبت' اپنی منفرد کہانی اور مضبوط کرداروں کی بدولت شائقین کے دل جیت چکا ہے۔ مرکزی کرداروں کے ساتھ ساتھ معاون اداکاروں کو بھی بے حد پذیرائی مل رہی ہے اور انہی میں سے ایک اہم نام عرفان خان ہیں، جو شارق کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگرچہ یہ ان کا پہلا ڈرامہ ہے، مگر ان کی اداکاری نے انہیں راتوں رات مشہور کر دیا ہے۔

عرفان خان نے حال ہی میں فُشیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی زندگی، اداکاری کے شوق اور اپنے پہلے ڈرامے کے بارے میں کھل کر بات کی۔

ذاتی زندگی

عرفان خان نے اپنا بچپن سعودی عرب میں گزارا اور بعد میں ملائیشیا اور سائپرس سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ وہ اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں اور ایک بڑے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں ان کے آٹھ بہن بھائی ہیں۔ عرفان خان اپنے خاندان میں درمیانی نمبر پر ہیں اور ان کے اہل خانہ ان کے کیریئر میں ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عرفان خان نے فنانس میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد ماڈلنگ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، مگر ان کی اصل محبت اداکاری ہی رہی۔ ان کے والد نے انہیں مشروط اجازت دی کہ اگر وہ اس فیلڈ میں مالی طور پر مستحکم ہو سکتے ہیں تو وہ کام جاری رکھ سکتے ہیں، جب کہ ان کی والدہ نے ہمیشہ ان کا حوصلہ بڑھایا۔

شارق کا کردار اور کامیابی

ڈرامہ 'میم سے محبت' میں شاریق کا کردار ایک منفی شخصیت پر مبنی ہے، جو روشنی (دانانیڑ مبین) کو بلیک میل کرتا ہے۔ اسی وجہ سے عرفان خان کو کچھ ناظرین کی جانب سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم، ان کا کہنا ہے کہ وہ حقیقی زندگی میں ایسے نہیں ہیں اور انہیں یہ کردار نبھانے میں مزہ آیا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ ایک حقیقت پر مبنی کہانی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عرفان خان نے اصل میں 'میم سے محبت' میں عمر کے کردار کے لیے آڈیشن دیا تھا، جو بعد میں زرار خان نے ادا کیا، مگر ڈائریکٹرز نے انہیں شارق کے لیے منتخب کیا۔ اس بارے میں عرفان کا کہنا تھا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ اس ڈرامے میں بہت بڑا اور نامور کاسٹ موجود ہے تو وہ مزید پرجوش ہو گئے۔

اداکاری کا شوق اور آگے کے منصوبے

عرفان خان نے اس انٹرویو میں یہ بھی انکشاف کیا کہ انہیں ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد کئی نئے اسکرپٹس کی پیشکش ہو رہی ہے، لیکن وہ ابھی سوچ رہے ہیں کہ آگے کون سا کردار کرنا ہے۔

انہوں نے خاص طور پر احد رضا میر کی تعریف کی اور بتایا کہ احد نے انہیں اداکاری کے کئی گر سکھائے، خاص طور پر تاثرات اور کردار کے قریب جانے کے حوالے سے۔

عرفان خان کی پہلی ہی پرفارمنس نے انہیں سب کی نظروں میں لا کھڑا کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ آگے کن پروجیکٹس کا انتخاب کرتے ہیں اور اپنی اداکاری سے ناظرین کو کس طرح متاثر کرتے ہیں۔

You May Also Like :
مزید