"شوبز میں آنے سے پہلے، میں ایئرہوسٹس تھی، اور اسی دوران مجھے ڈراموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی۔" ازیکا ڈینیئل نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو 'مذاق رات' میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے یہ دلچسپ انکشاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی وہ ایک منفرد اور چیلنجنگ کردار میں نظر آئیں گی، لیکن فی الحال مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے مزید کہا، "لڑکیوں کو کام کی جگہوں پر ہراساں کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے، خواتین کی آزادی اور خودمختاری کے باوجود یہ مسئلہ آج بھی ویسا ہی ہے جیسا پہلے تھا۔"
ازیکا نے اپنی زندگی کے اس مرحلے کا بھی ذکر کیا جب وہ ایئرہوسٹس تھیں اور دوران سفر بعض مسافر ان کو اپنے بزنس کارڈ دیتے تھے۔ "جب لوگ مجھے بزنس کارڈ دیتے تھے، مجھے شدید غصہ آتا تھا، لیکن میں خاموش رہتی تھی۔ یہ ہراسانی ہے اور بدقسمتی سے یہ آج بھی ہوتا ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ ایئرہوسٹس کی نوکری کے دوران ان کے سینیئرز نے انہیں سخت کام کروایا، اور بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق، خواتین کو کام کرنے والی جگہوں پر ہراساں کرنے والے افراد کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ جو لڑکیاں اپنے گھروں سے کام کے لیے نکلتی ہیں، وہ رشتے تلاش کرنے نہیں آتیں۔
ازیکا ڈینیئل نے بتایا کہ شوبز کیریئر کا آغاز انہوں نے 2010 میں کیا جب پروڈیوسر علی کاظمی، جو ان کے ایئرلائن گروپ کے ڈاکٹر بھی تھے، نے انہیں کام کرنے کی پیشکش کی۔ "میں نے ایئرہوسٹس کی ملازمت چھوڑ کر ماڈلنگ اور اداکاری کا آغاز کیا، لیکن پہلے پروجیکٹ کے بعد دو سال تک میں نے کچھ نہیں کیا۔ مجھے لگتا تھا کہ شاید اداکاری میرے بس کی بات نہیں۔"