طاہر تبسم۔۔میدانِ صحافت کا ایک بہادر شہسوار

آنکھوں میں تبسم مگر چہرے پر علمی سنجیدگی لئے ہوئے محمدطاہر تبسم درانی خوش مزاج بھی ہیں، خوش اخلاق بھی اورخوش گفتار بھی ،خاموش رہیں تو آنکھیں سچ بولتی ہیں لب بولیں تو حق پر سمجھوتا اِن کیلئے ناممکن ہے ۔یہی وجہ ہے انکے کالم عصر حاضر میں اکثر لوگوں کی طبیعت پر گراں گزرتے ہیں جبکہ اِن کا حرف حرف،لفظ لفظ دلیل کے ساتھ قرطاس کی زینت بنتا ہے۔شاید وجہ یہ بھی ہو کہ یہ رواج عام ہوچکا ہے کہ حکمران وقت کیلئے صرف تنقیدکی قید سے نکلنا اپنی مخالفت کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔جبکہ الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا بھی مخصوص سیاسی رحجان کو فروغ دینے میں سر دھڑ کی بازی لگارہے ہوں اورایسے مشکل حالات میں محمدطاہرتبسم درانی نے احساس ذمہ داری کے ساتھ وسعت مطالعہ ،مشاہدات اور سچ کی جستجو میں عوام کو تصویر کو وہ رُخ اپنے قلم سے دیکھانے کا فریضہ انجام دے رہے ہیں جو میڈیا دیکھانے سے ہچکچا رہا ہے ۔محمد طاہر تبسم کے پہلے مجموعہ کالم ’’وعدوں سے تکمیل تک‘‘کا قاری پر پہلا تاثر یہی جائیگا کہ حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کے کسی متوالے نے لکھی ہے جو کہ سراسر حقائق کے منافی ہے، باوجود اسکے صحافی کیلئے کسی کی حمایت اور اختلاف فطرتِ انسانی ہے، میدانِ صحافت کے بہادر شہسوار تبسم کسی بھی لکھتے ہوئے ہر معاملے میں خاصے غیرجانبدار، بے باک ہیں ، وہ دو ٹوک رائے کے اظہار میں شخصیت سے متاثر تو ہوسکتے ہیں، لیکن مرعوب نہیں۔ ’’وعدوں سے تکمیل تک‘‘ میں طویل تحریروں میں مضمون کا عکس صاف نمایاں ہے جبکہ آخری صفحات میں موجود مختصر تحریریں بھی کتاب کی کلیت اور کمیت کا بھرپور احاطہ کررہی ہیں۔اِس کتاب میں چار درجن سے زاید کالم مسلم لیگ(ن) کے قائدین میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل تک کے سفر پر مشتمل ہیں۔اِس کتاب کی اشاعت سے تبسم نے معاشرے کی تشکیل میں اپنے حصے کا کردار خوش اسلوبی سے ادا کیا ہے کیونکہ وعدے کی تعمیل و تکمیل سے ہی معاشرے کی تعمیر و تکمیل وابستہ ہے۔ قرآن و حدیث میں بہ کثرت یہ حکم ملتا ہے کہ جو معاملہ کرو یا کسی سے وعدہ کرو اسے بر وقت پورا کروخواہ خالق کائنات سے ہو یا مخلوق ہو، ایسے میں حکومت کی جانب سے ایفائے عہد کی پاسداری کا عوام کو بروقت آگاہ نہ کرنا صحافتی اقدار کے خلاف ہے،ایسے جانبدار مفاد پرست صحافتی رویے سے اِن خدشات کے بادل مڈلانے لگتے ہیں کہ کہیں معاشرہ عدم توازن سے دوچارنہ ہو جائے،عوامی سطح پر سیاست عداوت کا روپ دھار کر اُس راستہ پر گامزن نہ ہو جائے جو صرف و صرف انتشار کا راستہ ہے۔

محمد طاہر تبسم درانی کے اِسی کتاب ـ’’وعدوں سے تکمیل تک‘‘کی آل پاکستان رائٹر ایسو سی ایشن( اپوا )کے زیر اہتمام رونمائی کی تقریب کاا نعقاد لاہور کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔جس میں صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن پنجاب چوہدری محمد شفیق ،چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو محترمہ صبا صادق ،ایم این اے وحید عالم خان ،جنرل سیکر ٹیری پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرزونگ زبیر احمد انصاری سمیت معروف کالم نگاروں حبیب اکرم،نجم ولی خان،گل نو خیز اختر،حافظ محمد مظفر محسن ،سید بدر سعید ،عقیل انجم اعوان اور نوید چوہدی شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقرر ین نے مصنف کی لکھی گئی کتاب ’وعدوں سے تکمیل تک ‘سے متعلق اظہار خیال کیا۔چوہدری محمد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے نہ صرف لاہور بلکہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لئے بھی بہت بڑے منصوبے مکمل کئے۔مخالفین جنوبی پنجاب میں جا کر دیکھیں ان کو سڑکوں کا جال،ہسپتالوں کی تعمیر اور یونیورسٹیوں کے لئے نئے تعمیر کیے گئے کیمپس ملیں گے ۔مخالفوں پر محض تنقید برائے تنقید اور طعنہ و تشنیع کے دور میں اچھے حکومتی اقدامات کو کتابی شکل دینا مصنف کا بہت بڑا کام ہے۔تقریب سے خطاب کے دوران چئیر پرسن چائلڈ پراٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا ہے کہ صحافی اور کالم نگار جہاں حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہیں وہاں اچھے حکومتی اقدامات اور منصوبوں کو بھی اپنی تحریروں میں جگہ دیں۔سچ بیان کرنے کی جرات نے مصنف طاہر درانی کا صحافتی قد بڑھا دیا ہے۔ ایم این اے وحید عالم خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم چینلز اور مختلف اخباری فورمز میں سیاسی مخالفین کے پروپیگنڈہ کا سامنا کرتے ہیں۔طاہر تبسم درانی کی یہ کتاب ہمارے لیے جواب تیار کرنے کا اچھا مواد مہیا کررہی ہے۔اس تقریب میں اپوا کے تمام عہدیداران بھی شریک تھے۔ ’’وعدوں سے تکمیل تک‘‘ کی اشاعت سے بحثیت پاکستانی تبسم نے حب الوطنی کا عملی ثبوت دیا ہے۔میں کہہ سکتا ہوں کے تبسم نے جس سوچ و فکر کیساتھ میدان صحافت میں قدم رکھا ہے اور کالم نگاری کی نبض پر انگلی رکھی ہے معاشرے کو برائیوں سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔انشاء اﷲ تعالی

Haseeb Ejaz Aashir
About the Author: Haseeb Ejaz Aashir Read More Articles by Haseeb Ejaz Aashir: 122 Articles with 131417 views https://www.linkedin.com/in/haseebejazaashir.. View More