قربانی کا مقصد

ماہ ذوالحج ان مہینہ ہے جس میں مسلمان اﷲ رب العالمین کے عظیم پیغمبرجناب سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی یاد میں قربانی کا فریضہ ادا کر کے اﷲ کی خوش نودی حاصل کرتے ہیں۔اسی ماہ میں عازمین حجاج کے قافلے اپنی جان ، مال اور نفس کی پاکی کے لیے سوئے حجاز مقدس میں حج بیت اﷲ کی سعادت حاصل کرتے ہیں ۔قربانی مذہب اسلام میں ایسی عبادت ہے جس کا تصور سب سے جدا ہے۔اس عبادت میں مسلمان اپنی جان ،مال ، وقت سمیت ہر چیز کی قربان دیتا ہے ۔اور ایک مسلمان کے لیے اس کا مقصد صرف اﷲ کی رضا کا حصول ، گناہوں کی معافی ، سنت ابراہیمی کی پیروی ، اور حکم خدا وندی کی تکمیل ہے ۔قربانی کاتقاضا یہ ہے کہ مسلمان اﷲ تعالٰی کی محبت میں اپنی خواہشات نفسانی کو ختم کردے ۔جانور کی قربانی میں بھی یہی حکمت پوشیدہ ہے کہ اﷲ کی محبت میں اپنی خواہشات کو ایک ایک کرکے مٹادینا۔اگر کوئی شخص جانور قربان کرتا ہے مگر نفسانی خواہشات اور گناہوں کو چھوڑنے کاا رادہ نہیں کرتا تو ایسے شخص کے ذمہ سے واجب اگرچہ ادا ہو جائے گا ،لیکن ایسا شخص قربانی کی حقیقت و روح سے محروم رہے گا ۔

اس لیے ظاہری طور پر قربانی کے جانور کو ذبح کرنے کے ساتھ ساتھ قربانی کی حقیقت کو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔حج اور قربانی اﷲ تعالی کے دو بڑے حکم ہیں اور ظاہر ہے کہ اﷲ تعالی کا جو حکم اﷲ کے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے سیکھائے اور بتائے ہوئے طریقے کے مطابق پورا کیا جائے وہی قرب الہٰی کا ذریعہ بنے گا ۔بہت سے اعمال ایسے ہیں جن کی انجام دہی سے مسلمان اﷲ کا محبوب بندہ بن جاتا ہے اور اس کے گناہوں کی بخشش ہو جاتی ہے۔یہ ایسا پر فتن دور ہے کہ جس میں ہمارے اہل ایمان اور دین دار بھی فتنوں میں گرفتار ہیں۔حدیث مبارکہ میں آقا صلی اﷲ علیہ وسلم کا ارشاد ہے :’’لوگوں پر ایک زمانہ ایسا آئے گا جس میں دین پر ثابت قدم رہنے والے کی مثال ایسی ہوگی جیسے کوئی شخص آگ کے انگاروں سے مُٹھی بھر لے ‘‘۔(ترمذی حدیث 2186)

کسی بھی عمل کے پیچھے نیت کارفرما ہوتی ہے ،جس سے وہ عمل مقبول نامقبول ، پسندیدہ نا پسندیدہ ٹھرایا جاتا ہے ۔،اس لیے حسن نیت پر زور دینا چاہیے ،کہ حسن نیت کے ثمرات انسان دیکھ لیتا ہے ۔جو مسلمان قربانی کرتے ہیں ان کا کوئی دنیاوی مقصد نہیں ہوتا بل کہ مسلمان یہ عمل سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی یاد میں ادا کرتے ہیں۔قربانی اس بات کا اظہار کرنا ہے کہ اے اﷲ ! آپ نے ہم سے جانوروں کا خون مانگا ہے ہم بخوشی دینے کو تیار ہیں ،صرف یہی نہیں اگر آپ نے ہم سے ہماری جان اور خون مانگا تو ہم ذرا بھی پیچھے نہ ہٹیں گے ۔حکم الہٰی کے مطابق مسلمان جانوروں کی قربانی کرتے ہیں اور گوشت تین حصوں میں تقسیم کرنے کی بجائے اپنے ڈیپ فریزر ، فریج میں اسٹور کرلیتے ہیں جو کہ اﷲ کے احکام سے رو گردانی ہے ۔اﷲ تعالٰی کا فرمان ہے :’’ اﷲ تعالٰی کو نہ ان کا گوشت پہنچتا ہے نہ ان کا خون ،لیکن اس کے پاس تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے ، اس نے جانوراسی طرح تمہارے تابع بنا دیے ہیں تا کہ تم اس بات پر اﷲ کی تکبیر کرو کہ اس نے تمہیں ہدایت عطا فرمائی اور جو لوگ خوش اسلوبی سے نیک عمل کرتے ہیں انہیں خوش خبری سنا دو ‘‘۔(پارہ 17 آیت 36 )

اﷲ کی رضا جانور کے خون بہا نے کے ساتھ اپنے اندر رحم دلی ،ایثار و ہمدردی پیدا کرنے سے حاصل کی جانی چاہیے۔اپنے جملہ اعضا ء الجسدسے مسلمان دوسرے بھائی کی خیر خواہی چاہے ،نہ کہ ایزا رسانی کے مواقع تلاش کرتا رہے ۔ایام قربانی ہمیں اس بات کا درس دیتے ہیں کہ ہمارے دلوں میں آپسی خلیج کا خاتمہ ہو اور اخوت و محبت کا جذبہ پروان چڑھے ۔دیکھنے میں آتا ہے کہ قربانی کے بابرکت گوشت کی تقسیم میں اسلامی احکامات کی پیروی نہیں کی جاتی ،بل کہ اسے ذریعہ ریاکاری بنایا جاتا ہے ۔گلی ،محلے ، سڑکوں پہ گوشت چلتی گاڑیوں سے مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے اور ایسا کر کے نیکی کا سر عام مذاق بنایا جاتا ہے ۔ اس سے مقصود اپنی سخاوت کو اجاگر کرنا ہوتا ہے جو کہ قابل مباح چیز ہے۔اس سے انسانیت کی تذلیل کا پہلو نکلتا ہے ۔ اﷲ کے رسول صلی اﷲ علیہ وسلم انسانیت سے محبت کرنے والی ہستی تھے۔قربانی دکھاوا ،ظاہری نمائش کا نام نہیں ،قربانی جذبہ ایثار کا نام ہے ۔
 

Ansar Usmani
About the Author: Ansar Usmani Read More Articles by Ansar Usmani: 99 Articles with 87276 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.