اسلامی سال نو کے لیے سوشل میڈیا پیغامات

جمع و ترتیب: عارف رمضان جتوئی
یوں تو ہمارے لیے ہر دن ہی نیا ہوتا ہے مگر کچھ ایسی ترتیب دنیا والوں نے دے ڈالی ہے کہ اب دن کے بعد، مہینہ اور پھر سال بھی نیا ہوگیا۔ ایک مسلم کے لیے اسلامی سال ہی سال نو ہوتا ہے مگر عیسوی تاریخ بھی ہماری زندگی میں اپنا مقام قائم کرچکی ہے۔ ایسا ہی ایک اسلامی سال 1440ھ نئی امنگوں نئے جذبوں اور امیدوں کے ساتھ طلوع ہوچکا ہے۔ نئے سال پر لوگ مبارکیں دیتے ہیں مگر حقیقت میں ہماری زندگی کا ایک سال کم ہوچکا ہوتا ہے۔ نئے سال پر ہم عجیب کشمکش میں مبتلا ہوتے ہیں کہ آیا نئے برس کی خوشی منائیں یا گزرے برس میں ہونی والی غلطیوں پر ماتم کریں۔

ہر طلوع ہوتا سال ہمیں اپنے اہداف دیتا ہے جنہیں ہمیں پورا کرنا ہوتا مگر پھر سال کا اختتام ہورہا ہوتا ہے اور ہم ادھورے کھڑے نئے سال کی پلائنگ کررہے ہوتے ہیں۔ نئے سال کو کیسے بسر کیا جائے اس پر تقریبات، کانفرنسز اور نا جانے کیا کچھ ہوتا مگر وہ سال بھی ختم ہوجاتا ہے اور ہوتا کچھ بھی نہیں۔ آج بھی ہم نئے سال کی دہلیز پار کر چکے ہیں۔ اس سال کو کیسے گزارنا ہے یہ سوچنا بھی ہے اور اس پر عمل بھی کرنا ہے۔ اس بات کا بھی خیال رکھنا ہے کہ سال کے اختتام پر گزشتہ سال کی طرح ہم پھر سے خالی ہاتھ تو نہیں کھڑے ہوں گے۔ اپنے گزر سال کو دیکھیں اور نئے سال کی پلائنگ کریں۔

اگر وقت ہے تو کورسز کریں۔ باہر نہیں جاسکتے تو گھر بیٹھ کر نیٹ سے وڈیو کے ذریعے سیکھیں۔ آن لائن کورسز سے بھی بہت کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ عملی زندگی میں اپنے پڑوس میں ایسی مصروفیات ڈھونڈیں جس میں کچھ حاصل ہو۔ قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں الغرض بہت کچھ ہے کرنے کا بہت کچھ ہے حاصل ہونے کا مگر غور تو کریں۔ اگر ایسا ہوگیا تو یقینا یہ سال آپ کے لیے بہت خوبصورت سال ثابت ہوگا۔ سال نو پر مبارکیں دینے پر اکتفا کیے بغیر اپنے چاہنے والوں، رشتہ داروں اور دوستوں کو اصلاحی پیغامات دیں۔ انہیں ان کی تربیت کے حوالے سے آئندہ سال میں کرنے کے لیے کچھ لائحہ عمل بتائیں۔ ایسے ہی کچھ پیغامات سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی جانب سے دیے گئے ہیں جنہیں ’’رائٹرز کلب‘‘ کی جانب سے خصوصی طور پر قارئین کی نذر کیا جارہا ہے۔

عائشہ صدیقہ
اسلامی سال 1439ھ میں بھی خوشیاں، غم، نعمتیں سبھی شامل رہا اور ہمیں اﷲ کے شکرگزار ہونا چاہیے. اس کے ساتھ نئے سال کے آغاز میں اپنی گزشتہ غلطیوں سے سیکھ کر آئندہ کے لیے خود کو بہتر بنانے کا پختہ ارادہ کرنا چاہیے. تاکہ آنے والا کل آج سے بہتر ہو، ان شاء اﷲ

زہرا تنویر
نئے سال کے آغاز پر یہ کہنا چاہوں گی کہ نئے سال کے ہر دن کا طلوع ہونے والا سورج ہمارے لیے اچھا ثابت ہو اور کوشش کریں اپنے عمل کو، اپنے اخلاق کو، اپنے کردار کو بہتر کریں کیونکہ اگر ہم خود کو درست سمت پر گامزن کریں گے تو ہمارے آس پاس بھی ہمارے کردار ، عمل اور اخلاق کی خوشبو دوسروں کو متاثر کرے گی۔

ارم فاطمہ
نئے سال کی ابتداء ایک عہد ایک وعدے کے ساتھ کریں کہ جہاں تک ممکن ہوسکا زندگی میں اور، اپنے ملک کے حالات میں بہتری کے لیے دعا کے ساتھ ساتھ عملی طور پر بھی کچھ کام کیا جاسکے۔ خدا سے دعا ہے یہ سال سبھی کے لیے مسرتوں کا پیغام لائے اور ہمارے پیارے پاکستان میں بھی اچھی تبدیلی کا سبب بنے، آمین

صبا نزہت
سال گزشتہ میں دنیا میں ہر طرف جنگ کا سا سماں رہا۔شام ،فلسطین ، برما کے علاوہ ہمارا اپنا ملک بھی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا۔معلوم نہیں آنے والا وقت اور کتنی خون ریزی دکھائے۔اس لیے میں سب لکھاریوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنے قلم سے جہاد کریں۔اپنے قلم کواﷲ کی امانت سمجھیں اور جو بھی لکھیں اس امید اور مشن کے ساتھ لکھیں کہ آپ کا لکھا ہوا دنیا میں کسی مایوس انسان کونئی امید کا جگنو تھما دے یا کسی بھٹکے ہوئے کو صراط مستقیم دکھا دے۔

عثمان الدین
بہترین انسان وہ ہوتا ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے،1439ھ کے اختتام پر ہم اس سال خود سے سرزد ہونے والی غلطیوں کو سوچیں اور آئندہ ان سے بچنے کی کوشش کریں تو اگلا سال ان شاء اﷲ ہمارے لیے پچھلے سال سے بہتر ثابت ہوگا ، اﷲ تعالی ہم سب پر اپنا رحم فرمائے، آمین

عالیہ ذوالقرنین
سال بدل جاتے ہیں لیکن ہمارے اعمال نہیں بدلتے اس لیے جیسے اعمال اوپر جاتے ہیں ویسے فیصلے نیچے آتے ہیں۔ محبتیں بانٹیں نفرت کو گھر کی چار دیواری میں ہی ختم کر دیں تاکہ پھر وہ محلوں سے شہروں، اور شہروں سے ملکوں کا رخ کر کے دنیا کو آگ و خون کی بارش میں نہ دھکیلیں۔ اﷲ کرے نیا سال تمام امت مسلمہ کے لیے آسانی اور عافیت والا ثابت ہو، آمین

بنت عطا
اﷲ تعالیٰ ہمیں مزید موقع دے رہے ہیں ہمیں سمجھنا چاہیے سال گزر رہے ہیں اور زندگی کے دن کم ہو رہے ہیں سو اس لحاظ سے اعمال بہتر بنائیں لوگوں کے ساتھ تعاون کریں، نماز کو اپنا ساتھی بنائیں اور اپنی پاک دھرتی کی کامیابی کے لیے دعا کریں، سب سے بڑی بات زہنوں کی پختگی کی ہے جس کے لیے مثبت سوچ لازمی ہے، ہمیشہ خوش رہیں اور دوسروں کو خوش رکھیں ۔

شمائلہ زاہد
اﷲ ہمارے ملک کی حفاظت کریں، بس میری اتنی سی دعا ہے کے اﷲ تعالیٰ ملک میں آئندہ سال قانون اور آئین کی پاسداری کرنے والی حکومت رائج کریں اور کرپشن سے پاک ہوجائے میرا پیارا وطن، آمین

عنابیہ چودھری
اس سال بلند وبالا عزم کرنے کی بجائے صرف اس بات پر فوکس رکھیں چھوٹی سے چھوٹی نیکی کا موقع بھی ہاتھ سے نہیں جا نے دیں گے۔ جتنا ممکن ہو سکا اپنے لیے اور ملک و قوم کے لیے کام کرنا ہے۔ اﷲ پاک سب کو آسانیاں عطا فرمائے، آمین

ایمن احمد
میرا پیغام یہ ہے کہ دیکھیں ہجری سال کا آغاز محرم الحرام سے ہوتا ہے جو کہ ایک حرمت والا مہینہ ہے۔ یہ مقدس مہینہ احترام انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔ جیسے کہ حدیث میں آتا ہے پیارے رسول صلی اﷲ علیہ وسلم ایک بار کعبہ کا طواف کر رہے تھے آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے کعبہ کو دیکھ فرمایا ‘‘اے کعبہ تو کتنا پاکیزہ ہے، تیری حرمت کتنی پاکیزہ ہے، تو کتنا عظیم ہے، تیری خوشبو کتنی عظیم ہے، لیکن قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی جان ہے ایک مومن کی حرمت اﷲ کے نزدیک تیری حرمت سے بھی بڑھ کر ہے یعنی اس کی جان مال اور آبرو اور یہ کہ لوگ اس کے بارے میں اچھا گمان رکھیں۔’’ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس سال کو ہمارے لیے ہمارے ملک کی لئے اور تمام امت مسلمہ کے لئے رحمت و برکت اور خوشحالی کا سال بنائے (آمین)

شافیہ افضال
نئے ہجری سال 1439 کے آغاز پر سب سے پہلے ہمیں اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ گزشتہ سال ہم سے کیا کیا خطائیں سرزد ہوئیں ، اﷲ پاک کے کن احکامات کی ہم نے نافرمانی کی ، اپنے قول اور فعل سے اس کی مخلوق کو کیا ، کیا تکلیف پہنچائی۔ اس کے بعد خود سے یہ عہد کرنا چاہیے کہ اس سال ہم یہ تمام غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور اپنی آخرت سنوارنے کا سامان کریں گے۔ کیا پتا یہ سال ہماری ذندگی کا آخری سال ثابت ہو اور ہمیں اور مہلت نہ ملے۔ اس دنیا کو آخرت کی کھیتی کہا گیا ہے۔ آج جو کچھ بھی ہم بوئیں گے روزِ آخرت وہی کاٹیں گے۔ لہٰذا ہمارا فرض ہے کہ ہم ہر لمحہ اس بات کو یاد رکھیں اور اپنی تخلیق کے بنیادی مقصد یعنی اﷲ پاک کی اطاعت اور شکرگزاری کو پورا کریں۔فرمان باری تعالیٰ ہے ’’ اے ایمان والو ! اﷲ سے ڈرتے رہو اور ہر شخص دیکھ لے کہ اس نے کل کے لیے (آخرت کے لیے ) کیا بھیجا ہے‘‘، (سورۃ الحشر)۔

صاعقہ عابد
اسلامی مہینے کے آغاز پر میں یہی کہنا چاہوں گی کہ کبھی بھی خدا تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہ ہوں، نماز کو قائم رکھیں کیونکہ اسلام کی بقا اور سلامتی کے لیے ہی میرے نبی? کے پیارے خاندان نے قربانیاں دی ہیں، الل? سے جڑے رہیں اور دعا مانگتے رہیں جو بہترین عمل ہے اور برکات اور رحمتوں کا ذریعہ ہے۔

دیا خان بلوچ
نیا اسلامی سال سب کو مبارک ہو،یہ سال ہم سب کی مشکلوں اور پریشانیوں سے دوری کا سال ہو۔ اس سال ایک مقصد تو ضرور بنایے کہ جتنا ممکن ہوگا اپنے آس پاس رہنے والوں کا خیال رکھنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ میرا اس سال کا مقصد یہ ہے کہ دل آزاری سے بچنا ہے۔سخت رویے اور ایسے الفاظ سے بچنا ہے جو کسی کی بھی دل آزاری کا باعث بنیں۔یہ سال ہمارے ملک کے لیے بھی خوشحالی کا سال ہو، آمین

عظمیٰ ظفر
گردش زمانے میں عمر کی پونجی لایعنی کاموں میں گزار دی دعا ہے کہ اس سال علم و عمل میں بہتری لاؤں اور اﷲ سے دعا ہے کہ وطن پاکستان اور عالم اسلام کی حفاظت فرمائے ، ملک کا ہر فرد خلوص اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھے تاکہ مثبت کام انجام پائے، آمین۔

مریم صدیقی
اسلامی سال نو کا آغاز ہوچکا ہے۔ عالم اسلام کو نیا سال مبارک ہو۔ گزشتہ سال میں کئی ایک ایسے واقعات ہوئے جس نے امت مسلمہ پر یہ واضح کردیا کہ اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اگر ہم متحد ہوجائیں تو کسی بھی مشکل کا سامنا کرسکتے ہیں۔ہماری پہچان اگر اسلام اور پاکستان ہو تو ہم کسی بھی محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہوسکتے ہیں، اﷲ پاک ہم سب کا حامی و ناصر ہو، آمین۔

رقیہ فاروقی
سال نو اس دیس کے آنگن میں بہار کی طرح اترے۔ہر سو خوشیوں کی برسات ہو،آمین
 

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1024365 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.