ہمارا معاشرہ ،نظام تعلیم اور جہالت

تعلیم ایک معاشرتی عمل ہے جس کا انتظام معاشرے کے ہاتھ میں ہوتا ہے ۔ کسی بھی ملک کا نظام تعلیم براہ راست اس ملک کے مسائل اور ضروریات پر من اثر ہوتا ہے ۔ نظام تعلیم اور عمل تعلیم معاشرے کی ضروریات اور مسائل کو نظر انداز نہیں کرسکتے ۔ عمل تعلیم کا معاشرے سے بڑا گہرا تعلق ہوتا ہے کیوں کہ ہر فرد کا تعلق معاشرے سے ہوتا ہے اور معاشرے میں رہنے والے ہر فرد کے لئے تعلیم کا ہونا بہت ضروری ہے مگر ہمارے معاشرے میں تو الٹی گنگا بہتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں علم کا تعلق پیسے سے جوڑا جاتا ہے حالانکہ علم کا تعلق پیسے سے نہیں بلکہ علم تو روشنی ہوتی ہے ۔ ہمارے ملک کے سو فیصد امیر لوگوں میں سے نوے فیصد لوگ ایسے ہیں جو پڑھے لکھے نہیں جبکہ باقی دس فیصد امیر لوگ ہی شائد پڑھے لکھے ہونگے۔

علم کے بارے میں تو کہا گیا ہے کہ علم انسان کی غیبی آنکھ ہے جس سے انسان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے ۔ہمارے ملک میں تو تعلیم کا ستیاناس ہوچکا ہے۔ ہماری قوم جس طرح کی منتشر قوم تھی اب ایک ہجوم کی شکل اختیار کرگئی ہے۔ اس بکھری ہوئی قوم کو یکجا کیا جاسکتا تھا ایک مربوط اور خوب صورت تعلیمی نظام سے مگر کیا ہے کہ یہاں تیرہ قسم کے نظام تعلیم عائد ہوچکے ہیں اور جن کا نیٹ رزلٹ زیرو ہے۔ہمارے ہاں اردو میڈیم ، انگلش میڈیم اور مشنری اسکولوں کا اپنا نظام تعلیم ہے۔ یہاں پر علم حاصل کرنے والے اداروں کو تین قسموں میں تقسیم کردیا ہے ۔ ایک سرکاری ادارے ، پرائیویٹ ادارے اور مدرسے ہیں جہاں بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ایک چھوٹی سی جگہ پر بارہ تیرہ قومیں پیدا ہورہی ہیں۔
میں آپکو بتاتا چلوں کہ ان پڑھ ہونا جرم نہیں ہے آپ کسی نہ کسی وجہ سے ان پڑھ رہ سکتے ہیں ، اپنے ماحول کی وجہ سے یا کسی اور وجہ سے لیکن جہالت بہت بڑا جرم ہے اور جہالت کی بہترین مثال ہم ہیں۔ جہالت کی مثال یہ ہے کہ ایک ان پڑھ یا پڑھے لکھے شخص سے یہ کہا جائے کہ ہمیں اشارہ نہیں توڑنا چاہئے کیوں کہ اشارہ توڑنے کی وجہ سے تمھاری جان جاسکتی ہے یا تمھارے اشارہ توڑنے کی وجہ سے کسی اور کی جان جاسکتی ہے ، ٹریفک کے اصولوں کو مت توڑو تو آگے سے جواب ملتا ہے سارے ہی ٹریفک کے اصول توڑتے ہیں میں اکیلا تو ٹریفک کے اصول نہیں توڑتا۔ جاہل شخص کوکہا جاتا ہے کہ تم اپنے گھر کا کوڑا باہر گلی میں مت پھینکا کرو یا کسی مخصوص جگہ پر پھینکا کرو تو وہ جاہل شخص آگے سے جواب دیتا ہے کہ میرے کوڑا پھینکنے یا نا پھینکنے کی وجہ سے کونسا یہ شہر صاف ہوجائے گا اور سارے ہی تو کوڑا باہر پھینکتے ہیں اس لئے میں بھی باہر ہی پھینکوں گا چاہے جو مرضی ہوجائے۔

ایک جاہل شخص کو اگر کہا جائے کہ تم لائن میں کھڑے رہو تاکہ سب لوگوں کی وقت پر باری آئے تو اور لائن میں کھڑا رہنے سے سب کی وقت پر باری آسکتی ہے مگر وہ پھر بھی آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری دفاتر میں یا رش والی جگہ پر عام لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کا وقت ضائع ہوتا ہے۔ میں تو کہتا ہوں کہ ایک ان پڑھ شخص کے ساتھ گزارہ ہوسکتا ہے مگر ایک جاہل شخص کے ساتھ گزارہ بلکل بھی ممکن نہیں ہے اور پھر سونے پہ سہاگہ جن لوگوں کے پاس اچانک حرام کا پیسہ آجاتا ہے تو وہ لوگ سب سے پہلے واسکٹ سلواتے ہیں اور معتبر بننے کی کوشش کرتے ہیں ، پھر گھر بدلتے ہیں اور لوگوں میں بے وجہ پیسہ خرچ کرنا شروع کردیتے ہیں۔

ہمارے معاشرے میں تعلیم حاصل کرنے کا صرف ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ اچھی نوکری مل جائے گی اور جن انھیں نوکری مل جاتی ہے تو وہ علمی دہشت گردی پھیلانا شروع کردیتے ہیں۔ پاکستان میں آج تک جتنی بھی معاشی دہشت گردی ہوئی ہے وہ پڑھے لکھے لوگوں نے ہی کی ہے۔ ہمارے ملک کا نظام تعلیم بہت منتشر ہے اور شائد یہی وجہ ہے کہ نائیجیریا کے بعد ہمارے ملک میں سب سے کم بچے اسکول جاتے ہیں۔ ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں اور عالم یہ ہے کہ سرکاری اسکولوں میں بچوں کی تعداد بڑھنے کی بجائے کم ہورہی ہے۔ تعلیم اگر ہورہی ہے تو وہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ہورہی ہے مگر وہاں پر فیس بہت زیادہ ہوتی ہے ۔ عام آدمی کے بچے ان مہنگے اسکولوں میں تعلیم حاصل نہیں کر سکتے ۔ پرائیویٹ اسکولوں میں منافقت بہت زیادہ ہے ۔ ایک اسکول کا دوسرے اسکول سے نصاب ہی نہیں ملتا۔ جس طرح ہمارے مسالک مختلف ہورہے ہیں اسی طرح پرائیویٹ اسکولوں کے نصاب مختلف ہورہے ہیں ۔

تعلیم ہمارے ملک کا بنیادی مسئلہ ہے اوراس کی وجہ یہ ہے کہ ہم اپنے جی ڈی پی کا صرف دو فیصد تعلیم پر لگا رہے ہیں جس کی وجہ سے اس کا نیٹ رزلٹ زیرو ہے۔ یعنی کہ ہم اپنی تعلیم کو بس تھوڑی سی اہمیت دے رہے ہیں۔ اگر ہم اپنے جی ڈی پی کا دس فیصد تعلیم پر لگائیں گے تو ہمارا یہ بنیادی مسئلہ تھوڑے ہی عرصے میں حل ہوجائے گا۔ خیبرپختون خواہ میں اس وقت دو کام بہت اچھے ہورہے ہیں ایک پولیس ریفارمز اور دوسرا ایجوکیشن ریفارمز۔ ایک بات یاد رکھنے والی ہے کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنی قوم کے مستقبل کے بارے میں سوچتا ہے لیڈروہ نہیں ہوتا جس کی نظر اگلے الیکشن پر ہو۔ اس لئے ہمارے حکمرانوں کو بھی ایک بات یاد رکھنی ہوگی کہ تعلیم کا مقصد صرف پڑھے لکھے بے روزگاروں کی کھیپ تیار کرنا نہ ہو بلکہ ملکی اور بین ا لاقوامی ضروریات کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت کے حامل افراد تیار کرنا ہو۔
 

Aawais Sikandar
About the Author: Aawais Sikandar Read More Articles by Aawais Sikandar: 10 Articles with 15042 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.