وہ بلندی،یہ پستی

فلسطینیوں پر قیامت بیت رہی ہے اور یہاں ہماری محفلیں شگوفہ بنی ہوئی ہیں۔ یہ ہمیں کیا ہو گیا ہے؟ بستی میں ایسی بے حسی تو کبھی نہ تھی۔ درست کہ ہم آج کمزورہیں اور فلسطینیوں کی عملی مددسے قاصرہیں۔ لیکن ہم اتناتوکرہی سکتے ہیں کہ یہ دکھ امانت کی طرح سنبھال کر رکھیں اور نسلوں کووراثت میں دے جائیں۔کیا عجب ہماری نسلیں ہماری طرح بے بس نہ ہوں۔وقت کاموسم بدل بھی توسکتاہے۔ہم اتناتوکرسکتے ہیں کہ موسموں کے بدلنے تک اپنے زخموں کوتازہ رکھیں۔ان سے رستے لہوکوجمنے نہ دیں۔ بھلے وقتوں کی بات ہے ابھی روشن خیالی کی مسند مسخروں کے ہاتھ میں نہیں آئی تھی۔ ہمارا ادیب دائیں اوربائیں کی تقسیم سے بے نیازہوکریہ امانت نسلوں تک پہنچارہا تھا۔ اقبال، فیض، انتظار حسین، حبیب جالب، احمد ندیم قاسمی، ابن انشاء، احمد فراز، رئیس امروہوی، ن م راشد،مستنصرحسین تارڑ،قرۃ العین حیدر،قدرت اللہ شہاب، مظہرالاسلام، اداجعفری،یوسف ظفر، منظورعارف،ضمیرجعفری،خاطرغزنوی،محمودشام،نذیر قیصر ، شورش ملک،سلطان رشک، طاہر حنفی،بلقیس محمود……. کتنے ہی نام ہیں جنہوں نے اپنے افسانوں اورنظموں میں اس دکھ کوآئندہ نسلوں کیلئے امانت کے طورپرمحفوظ کردیا۔یہ مگرگزرے دنوں کی بات ہے۔

اب فلسطین سے دھواں اٹھتاہے توایک مستنصر حسین تارڑ کا قلم نوحے لکھتا ہے۔ باقی ادیب کیا ہوئے؟ قلم ٹوٹ گئے، سیاہی خشک ہوگئی یا احساس نے دم توڑ دیا؟ برسوں پہلے انتظار حسین کا افسانہ ’’شرم الحرم‘‘ پڑھا تھا۔ کچھ فقرے آج بھی دل میں ترازو ہیں۔ ’’بیت المقدس میں کون ہے؟ بیت المقدس میں تو میں ہوں۔ سب ہیں۔ کوئی نہیں ہے۔ بچے کمہار کے بنائے پتلے کوزوں کی طرح توڑے گئے، کنواریاں کنویں میں گرتے ہوئے ڈول کی رسی کی مانند لرزتی ہیں۔ ان کی پوشاکیں لیر لیر ہیں۔ بال کھلے ہیں۔ انہیں تو آفتاب نے بھی کھلے سر نہیں دیکھا تھا۔ عرب کے بہادر بیٹے بلندو بالا کھجوروں کی مانند میدانوں میں پڑے ہیں۔ صحرا کی ہواؤں نے ان پر بین کیے‘‘۔
انتظار حسین ہی کے افسانے’’کانے دجال‘‘کومیں نے کتنی ہی بارپڑھا۔ یہ پیراگراف ہردفعہ خون رلاتاہے۔’’پلنگ پہ بیٹھی اماں جی چھالیاں کاٹتے رونے لگیں۔ انہوں نے سروتاتھالی میں رکھا اور آنچل سے آنسو پونچھنے لگیں۔ ابا جان کی آوازبھرآئی تھی مگرضبط کرگئے۔ اپنے پروقارلہجے میں شروع ہو گئے:آنحضورؐدریاؤں،پہاڑوں،صحراؤں سے گزرتے چلے گئے۔مسجداقصیٰ میں جاکر قیام کیا۔حضرت جبریلؑ نے عرض کیایاحضرتؐ تشریف لے چلیے، آپؐ نے پوچھا کہاں؟ بولے کہ یا حضرتؐ زمین کا سفر تمام ہوا۔ یہ منزل آخرتھی۔ اب عالم بالاکاسفردرپیش ہے۔ تب حضورؐ بلند ہوئے اور بلند ہوتے چلے گئےوَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ اورآپ ذکر بلند کیا ………..

ابا جان کاسرجھک گیا۔ پھر انہوں نے ٹھنڈا سانس بھرا۔ بولے ’’جہاں ہمارے حضورؐ بلند ہوئے تھے، وہاں ہم پست ہو گئے‘‘۔

لڑکپن جوانی میں بدلا اورجوانی ڈھل چلی، کنپٹیوں کے بال اب سفید ہو رہے ہیں اور عائشہ اب چہچہاتی ہے کہ بابا آپ تو بڈھے ہو گئے۔ لیکن یہ فقرہ آج بھی نیزے کی انی کی طرح وجود میں پیوست ہے ’’جہاں ہمارے حضورؐ بلند ہوئے تھے، وہاں ہم پست ہو گئے‘‘۔ عشروں پہلے بھی یہ فقرہ پڑھا تو آگے پڑھا نہ گیا۔ آج بھی یہاں پہنچتا ہوں تو آنکھوں میں دھند اتر آتی ہے اور افسانہ ایک طرف رکھ دیتا ہوں۔

منیرنیازی والامعاملہ درپیش ہوتاہے:’’اس کے بعداک لمبی چُپ اورتیزہواکاشور‘‘۔ لمحہ موجود کی روشن خیالی کاتوسارابانکپن ہی مسلمانوں پرغرانے اورغراتے رہنے میں ہے۔میں مگربھلے وقتوں کی بات کررہا ہوں۔ جب روشن خیالی کی مسند ابھی مسخروں کے ہاتھ نہیں آئی تھی۔ تب فیض احمد فیض نے فلسطینی مجاہدوں کیلئےایک ترانہ لکھاتوقرآن کی آیت کو عنوان بنادیا:’’لا خوف علیھم‘‘۔

ابن انشاءکی دیوارِگریہ پڑھیے،فیض کی سرِوادیِ سیناکودیکھیے،اداجعفری کی مسجد اقصیٰ پرنگاہ ڈالیے،منظورعارف کے’آئینے کے داغ‘ دیکھیے،احمد فرازکے’بیروت‘کودیکھیے،رئیس امروہوی کا’فدیہ‘اورمحمودشام کی’بنت اقصیٰ‘دیکھیے،آپ کوسطرسطریہ دکھ تازہ ملے گا۔ انہوں نے اس دکھ کو اگلی نسلوں تک امانت کے طور پر پہنچایا۔

اس امانت میں صرف درد کااحساس ہی نہیں وقت کے موسموں کے بدلنے کی آس بھی ہے۔ مستنصر حسین تارڑ کے’’خانہ بدوش‘‘کا آخری پیراگراف پڑھیے:’’میں سینکڑوں فلسطینیوں سے مل چکا تھامگراحمد ایک مختلف انسان تھا۔وہ حقارت سے اسرائیل کاذکرکرتاتھابلکہ ایک سپاٹ اور کاروباری اندازمیں۔وطن اس کیلئےایک اغواشدہ بچہ تھا جوجذباتی ہونے سے نہیں مل سکتا تھا۔ اس کی تلاش میں اس کے نقش نہیں بھولنے تھے اورایک سردمنصوبہ بندی سے خرکارکیمپ تک پہنچناتھا‘‘۔ یہی نقش ہم بھولتے جارہے ہیں۔یہ نقش کیسے یادرہتے ہیں؟ماؤں کی لوریاں انہیں تازہ رکھتی ہیں، نصاب تعلیم تذکیر کاکام کرتاہے،ادیب اورشاعرکاقلم اسے سنوارتارہتاہے۔ماؤں کے پاس اب وقت نہیں، باپ کی جانے بلا، فلسطین کیاہے؟ نصاب تعلیم اجنبی ہوچکا،اور ادیب وشاعر گونگے ہو چکے۔

ایک یلغار ہے جس نے سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فلسطین کی بات کرنا اب دقیانوسی رویہ ہے۔ اب تو مطالعہ پاکستان بھی مسخروں کے مزاح کا عنوان بن چکا۔ مسلمانوں کے دکھ پر رونا اب انتہا پسندی بن چکا۔ بیانیہ اب وہی ہے جو مغرب سے آتا ہے اور مسلمانوں کے حقوق انسانی نہیں ہوتے۔ ہم نے اپنے نصاب کو جانے کن کن فضولیات سے بھر رکھا ہے۔ کیا اس میں فلسطین کے محمود درویش کی دو نظمیں ہم شامل نہیں کر سکتے۔
کبھی آپ محمود درویش کو پڑھ کر تو دیکھیے۔ میں انگریزی ادب کا طالب علم ہوں اور ورڈزورتھ، کیٹس، بائرن، شیلے، ییٹس،براؤننگ، ہارڈی، جان ڈن، شیکسپیئر، ملٹن سمیت کتنوں کو پڑھ رکھا ہے لیکن جو بات محمود درویش میں ہے وہ ان میں کہاں۔ محمود درویش، نزاد قبانی، سمیع قاسم، فوزی اسمر، حنا ابوحنا، توفیق زیاد، توفیق فیاض، امین حبیبی، ایک کہکشاں آباد ہے ہمیں جس کا علم ہی نہیں۔ سمیع قاسم کی نظم ’’ارم‘‘ تو کمال ہے۔ ابدا علی ھذاالطریق،رایاتنابصرالضریر۔ ہمیشہ سے اس راستے پر ہمارے پرچم اندھوں کیلئےبصارت بنے ہیں۔
محمود درویش کہتا: ’’ویشتمنااعادینا،ھلا!ھمج ہم،عرب۔ نعم عرب‘‘۔ ہمارے دشمن آوازے کستے ہیں، یہ عرب ہیں،یہ اجڈ ہیں اور وحشی۔ ہاں سن رکھو ہم عرب ہیں۔ درویش کے ’’انا شید کوبا‘‘ کا تو جواب نہیں۔

ذدا نزاد قبانی کی یہ نظم دیکھیے: ’’آل اسرائیل! ایسا اترانا بھی کیا؟ گھڑی کی سوئیاں آج رک گئیں تو کیا ہوا کل یہ پھر سے چل پڑیں گی۔ زمین کے چھن جانے کا غم نہیں باز کے پر بھی جھڑ جایا کرتے ہیں۔ طویل تشنگی کا بھی ڈر نہیں کہ پانی ہمیشہ چٹانوں کی تہہ میں ہوتا ہے۔ تم نے فوجوں کو ہرا دیا لیکن تم شعور کوشکست نہیں دے سکے۔ تم نے درختوں کی چوٹیاں کاٹ ڈالیں جڑیں مگر باقی ہیں‘‘۔ ہم آج بے بس سہی، مگر جڑیں تو باقی ہیں۔ ان جڑوں کی آبیاری تو ہم کر ہی سکتے ہیں۔ ہم اپنے دکھوں کا مداوا نہیں کر سکتے لیکن ہم ان دکھوں کو سنبھال کر تو رکھ سکتے ہیں۔ ہم اس امانت کو اگلی نسل کو تو سونپ سکتے ہیں۔ کیا عجب ہماری نسلیں ہماری طرح بے بس نہ ہوں۔ وقت کا موسم بدل بھی تو سکتا ہے۔

محمود درویش نے کہا تھا: ’’اے میرے وطن میری زنجیروں نے مجھے عقاب کی سختی اور رجائی کی نرمی سکھائی معلوم نہ تھا ہماری کھال کے نیچے طوفان جنم لیں گے اور دریاؤں کا وصل ہوگا انہوں نے مجھے کوٹھڑی میں قید کیا میرے دل نے وہاں مشعلیں فروزاں کر دیں انہوں نے دیوارپرمیرانمبرلکھالیکن دیواریں مرغزارہو گئیں انہوں نے میرے جلادکی تصویربنائی، روشن زلفوں سے اسے چھپا لیا میں نے شکست کواٹھاکرپٹخ دیااورفاتحین نے توصرف زلزلوں کوجگایا ہے‘‘۔ ہم کیسے بھول جائیں’’جہاں ہمارے حضورؐ بلند ہوئے تھے، وہاں ہم پست ہو گئے‘‘۔

یہ دکھ ہماری اگلی نسل کی امانت ہے۔ آپ کے آنگن میں بچے کھیل رہے ہوں گے۔ افطار کے بعد انہیں بلایے، پاس بٹھایے اوریہ دکھ ان کی رگِ جاں میں انڈیل دیجیے کہ’’جہاں ہمارے حضورؐبلند ہوئے تھے،وہاں ہم پست ہوگئے‘‘۔ اور ہاں ان تمام نوحوں میں بھارتی درندوں کی بے رحم سنگینوں کاشکار،خونِ حق سےتربترکشمیرہم نے کہاں کھودیا؟اس کی یادیں اب کیوں دھندلارہی ہیں ؟ہرروز وہاں کے نوجوان اپنے سروں پرسبز ہلالی پرچم کواپنا کفن سجاکرراہِ عدم کو روانہ ہونے میں تفاخر محسوس کررہے ہیں۔وقت رخصت ان کے چہروں کی مسکراہٹ پتہ دے رہی ہوتی ہے کہ وہ اپنے خالق کے حضوراس کے انعامات سے خوش وخرم اورراضی ہوکرابدی اوردائمی زندگی کی کامیابی کے پروانوں کے تمغوں سے سرفرازکر دیئے گئے ہیں۔ایساکیوں نہ ہو کہ وہاں قرون اولیٰ کے مسلمانوں کی نشانی،مردِ بطل حریت سید علی گیلانی کی للکاراورانکاررگوں میں منجمد خون کوایسی حرارت بخش رہاہے جس سےجہاں ہزاروں نوجوانوں کے دلوں میں شوقِ شہادت کے جذبوں سے معمورجوانیاں میدانِ عمل میں اترآئی ہیں وہاں ارضِ جنت سے آسیہ اندرابی نمودارہوکر متعصب شیطانوں اورظالم کافروں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرآتش حریت سےپکاراٹھی ہے کہ
باطل سے دبنے والے اے آسماں نہیں ہم
سوبارلے چکاہے توامتحاں ہمارا

آج آسیہ کواس کی دو نوجوان ساتھیوں سمیت بھارت کی سب سے بدترین جیل کی کال کوٹھڑیوں میں قیدتنہائی میں ڈال کراس کے عزم کوشکست دینے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ بزدل بنیاء جانتا ہے کہ آسیہ نے ساری عمرثابت قدمی کی وہ زریں مثال قائم کی ہے کہ پچھلی کئی دہائیوں سے اس کے شوہرڈاکٹرقاسم کوبے گناہی کے جرم میں آہنی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دینے کے باوجوداس کے پائے استقامت میں کوئی لرزش نہیں آئی۔اس علیل مجاہدہ کوجیل کی کوٹھڑی میں جہاں انتہائی ضروری ادوّیات سے محروم کردیاگیاہے وہاں کال کوٹھڑی میں قیدتنہائی میں ناقص اور مضر صحت غذا بھی سلاخوں سے پلاسٹک کی تھیلیوں میں ڈال کردھکیل دی جاتی ہے۔یقیناً میری مجاہدہ بہن اپنے رب کے اس وعدے پرایمان کی حدتک یقین لاچکی ہے ، وَلَلْآخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْأُولَىٰ،وَلَسَوْفَ يُعْطِيكَ رَبُّكَ فَتَرْضَىٰ اورآخرت تمہارے لیے پہلی(حالت یعنی دنیا) سے کہیں بہترہے،اورتمہیں پروردگارعنقریب وہ کچھ عطافرمائے گاکہ تم خوش ہوجاؤ گے(سورة الضحى: 4-5)اسی لئے وہ آج ہندودرندوں کے تعذیب وابتلاء کوانتہائی بہادری سے برداشت کررہی ہے۔

مجھ تک جب ایسی مستندخبریں پہنچتی ہیں تومیرے شب وروزمجھے انتہائی بے چین،پریشان اور کرب میں مبتلاکر دیتے ہیں کہ ہمارامیڈیاکس قدر آسانی سے ان کوبھولنے کے جرم عظیم کامرتکب ہورہاہے۔اسلام آبادمیں میرے آقاکی سیرت پربین الاقوامی کانفرنس کاانعقادہواجہاں دنیابھر سے معزز علماءاورموجودہ حکمرانوں نے میرے آقاکی صفات کاتذکرہ کیالیکن میرے آقا نبیۖ اکرم جنہیں میرے رب نے وَمَاأَرْسَلْنَاكَ إِلَّارَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ سب جہانوں کیلئے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا،ان کے سینہ مبارک پرنازل الہامی اورآخری کتاب قرآن حکیم کایہ پیغام کیوں بھول گئے کہ وَمَالَكُمْ لَا تُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَالْمُسْتَضْعَفِينَ مِنَ الرِّجَالِ وَالنِّسَاءِ وَالْوِلْدَانِ الَّذِينَ يَقُولُونَ رَبَّنَاأَخْرِجْنَا مِنْ هَـٰذِهِ الْقَرْيَةِ الظَّالِمِ أَهْلُهَا وَاجْعَل لَّنَا مِن لَّدُنكَ وَلِيًّا وَاجْعَل لَّنَا مِن لَّدُنكَ نَصِيرًا۔۔اورتم کوکیاہواہے کہ خدا کی راہ میں اوران بیکس مردوں اورعورتوں اوربچوں کی خاطرنہیں لڑتے جودعائیں کیاکرتے ہیں کہ اے پروردگارہم کواس شہر سے جس کےرہنے والے ظالم ہیں نکال کرکہیں اورلے جااوراپنی طرف سے کسی کو ہماراحامی بنا۔اور اپنی ہی طرف سے کسی کوہمارامددگارمقررفرما(سورة نساء:75)۔

اس کانفرنس کے شرکاءاورمنتظمین میرے رب کایہ اٹل فیصلہ بھی ذہن نشیں کرلیں کہ:أَحَسِبَ النَّاسُ أَن يُتْرَكُواأَن يَقُولُواآمَنَّاوَهُمْ لَايُفْتَنُونَ,وَلَقَدْفَتَنَّاالَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ ۖ فَلَيَعْلَمَنَّ اللَّهُ الَّذِينَ صَدَقُواوَلَيَعْلَمَنَّ الْكَاذِبِينَ...کیالوگوں نے یہ سمجھ رکھاہےکہ وہ بس اتناکہہ دینے سے چھوڑدیئے جائیں گے کہ''ہم ایمان لائے'' اوران کوآزمایانہ جائے گا؟اللہ کوتویہ ضروردیکھناہے کہ سچے کون ہیں اور جھوٹے کون!(سورة العنکبوت:2۔3)۔ یقیناًان حالات میں دل بے اختیاریہ لکھتے ہوئے بھی خوف محسوس کررہاہے کہ جو"مغضوب علیھم"قوموں کا نقشہ قرآن مجیدمیں کھینچاگیاہے،مختلف اعتبارسے وہی نقشہ آج ہمیں اپنے اوپرمنطبق ہوتانظرآرہا ہے،افتراق ہے،باہمی خانہ جنگیاں ہیں،اختلافات ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ’’جہاں ہمارے حضورؐبلند ہوئے تھے، وہاں ہم پست ہوگئے‘‘۔

Sami Ullah Malik
About the Author: Sami Ullah Malik Read More Articles by Sami Ullah Malik: 491 Articles with 315818 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.