رمضان المبارک کی اہمیت اور برکت

تحریر:علینہ فاطمہ
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ، ’’جب رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے تو شیاطین اور سرکش جنات قید کر دیے جاتے ہیں اور دوزخ کے سارے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔ پھر اس کا کوئی دروازہ کْھلا نہیں رہتا اور جنت کے تمام دروازے کْھول دیئے جاتے ہیں پھر اس کا کوئی دروازہ بند نہیں رہتا اور فرشتہ اعلان کرتا ہے، اے بھلائی اور نیکی کے طلبگار! اﷲ کی طرف متوجہ ہو جا۔ اے بْرائی کا ارادہ رکھنے والے! بْرائی سے باز آجا کیونکہ اﷲ تعالیٰ اس ماہ مبارک کے وسیلے سے لوگوں کو آگ سے (جہنم کی آگ) سے آزاد کرتا ہے اور ہو سکتا ہے تو بھی اْن لوگوں میں شامل ہو جائے یہ اعلان رمضان کی ہر رات میں ہوتا ہے‘‘۔

رمضان المبارک کا مہینہ اسلامی مہینوں میں نواں مہینہ ہے۔ قرآن اور حدیث میں اس مہینے کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ رمضان المبارک ہی وہ مہینہ ہے جس کا ذکر قرآن مجید میں کیا گیا ہے۔ ارشادِ ربانی ہے کہ رمضان کے مہینے میں قرآن مجید نازل کیا گیا۔ (البقرہ :581) اس مہینے میں ایک رات (لیلتہ القدر) ایسی آتی ہے جو ہزار راتوں سے افضل و بہتر ہے۔ (القدر:3) حضرت سلمان رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے شعبان کی آخری تاریخ کو فرمایا: ’’کہ تہمارے اْوپر ایک مہینہ آرہا جو بڑا مبارک مہینہ ہے۔ اس میں ایک رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے اس ماہ کے روزوں کو فرض فرمایا ہے اور اس میں رات کے قیام کو ثواب کا ذریعہ بنایا ہے‘‘۔

اس بابرکت مہینے میں اﷲ تعالیٰ کی طرف سے برکتوں اور رحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔ یہ مہینہ لوگوں کے ساتھ غمخواری کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں رزق بڑھا دیا جاتا ہے۔ اس مہینے کی برکتوں کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ اس مہینے میں تمام شیاطین اور جنات کو قید کر دیا جاتا ہے۔ جنت کے تمام دروازے کْھول دیے جاتے ہیں اور دوزخ کے تمام دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔ شیاطین جو کہ انسانوں کو اچھے کاموں سے روکتے ہیں اور بْرے کاموں کے ذریعے اس کو گمراہ کر کہ سبز باغ دکھاتے ہیں۔ وہ اس مہینے میں مکمل طور پر بے بس کر دیے جاتے ہیں تاکہ اس مہینے کی برکتوں سے فائدہ اْٹھا کر تمام انسان اپنی مغفرت کروا سکیں اور اچھے کام کر سکیں۔ ایسا اس لیے ہے کہ اﷲ تعالیٰ انسان کو ایک ماں سے بھی ستر گنا زیادہ پیار کرتے ہیں اور اس مہینے کو نازل فرما کر وہ اپنے پیارے بندوں کے لیے نہ صرف آسانیاں پیدا کرتا ہے بلکہ وہ اس مہینے کو انسانوں کے لیے نجات کا ذریعہ بناتا ہے۔ غفلت میں پڑے ہوئے لوگوں پر یہ مہینہ اﷲ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے۔

الحمد ﷲ ایک بار پھر یہ برکتوں والا مہینہ شروع ہونے کو ہے۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اس مہینے کو پا کر اﷲ کی رضا کو حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس مہینے میں ہر طرف سے یہ پکار آتی ہے ! ہے کوئی بخشش کا طلبگار۔ کوئی ہے جو اپنے گناہوں سے معافی مانگ کر اپنی مغفرت کرانا چاہتا ہے اور میں اس کو معاف کر دوں۔ اﷲ تعالیٰ کا اپنے بندوں پر بے حساب کرم ہے۔ وہ اپنے بندوں کی بخشش اور مغفرت کے بہانے تلاش کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اْس نے اپنے بندوں کو رمضان کا تحفہ دیا۔ اس مہینے میں ہمیں چاہیے کہ ہم خود کو اﷲ کی رضا کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ اس مہینے میں عبادت کے ذریعے اپنے نفس کو پاک کرنے کی کوشش کریں۔ گناہوں سے بچیں اور روزے کی حالت میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1143694 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.