اکمل برادران اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی بے بسی

میں نے اپنے پچھلے آرٹیکل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کی وجوہات اور آئندہ کے لئے کچھ مشورے دیئے تھے اس کے علاوہ کامران اکمل کی حمایت بھی کی تھی کہ اس کی حوصلہ افزائی کر کے آئندہ کے میچز میں کھلایا جائے تاکہ اس کا اعتماد بحال ہو اور وہ خاص میچز میں فارم میں ہو۔ لیکن اس میچ کے بعد اور پچھلے دو دنوں میں کچھ ایسی خبریں سنی اور دیکھیں کہ کامران اکمل پر کم اور عمر اکمل پر بہت غصہ آیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی بے بسی اور کمزوری پر بھی بہت غصہ آیا اور ساتھ ہی ساتھ افسوس بھی ہوا۔ عمر اکمل کی بھائی سے محبت اور حمایت ملک و قوم سے محبت پر ترجیح لے گئی۔ تفصیل لکھنے کی ضرورت نہیں کیونکہ آپ سب واقف ہوں گے۔ اس سے پہلے بھی عمر اکمل اس قسم کی حرکت کر چکا ہے اور اسے کوئی سزا نہیں دی گئی تھی اگر اسے پہلے سزا دی جاتی تو پھر وہ ایسا نہ کرتا۔ اب کرکٹ بورڈ ان کو سبق سکھانے کے لئے ہمت سے کام لے اور دونوں بھائیوں کو اگلے میچ میں باہر بٹھا دے۔ یونس خان سے کیپنگ کروائی جائے اور ایک باؤلر اور ایک بیٹسمین کھلا دے یا دونوں بیٹسمین کھلا دے اور ان دونوں کے بغیر میچ جیت کر ان کے غرور اور گھمنڈ کو خاک میں ملائے اور ان کی خوش فہمی دور ہو جائے کہ ان کے بغیر ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکتی۔ کیونکہ وہ خاص کر عمر اکمل سمجھتا ہے کہ اس کے بغیر ٹیم بہت کمزور ہے اور میچ جیتنے کے قابل نہیں رہتی۔ کرکٹ بورڈ کو سخت اور کڑوے فیصلے کرنے ہونگے اگر پاکستان کی کرکٹ کو بچانا ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایسے عہدیدار لائے جو کرکٹ کی بہتری کے لیے ہر قسم کے فیصلے کر سکے اور موجودہ انتظامیہ کو ہمت اور حوصلہ دے کہ وہ کرکٹ کی بہتری پر مشتمل فیصلے کر سکے اور کھلاڑیوں کو ہدایت فرمائے کہ وہ صرف اور صرف ملک و قوم کی عزت اور وقار اور کرکٹ کی بہتری کو مد نظر رکھیں۔ اور اب وقت ہے کڑا فیصلہ کرنے کا تاکہ اگلے میچز میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے۔ اللہ ہماری ٹیم کو ورلڈ کپ کے تاج سمیت ملک عزت و وقار کے ساتھ لائے۔ آمین ثمہ آمین
kashif imran
About the Author: kashif imran Read More Articles by kashif imran: 122 Articles with 171378 views I live in Piplan District Miawnali... View More