ورلڈ کپ 2019 میں پاکستانی ٹیم کا سفر تمام

ورلڈ کپ 2019 ایک بار پھر اگر مگر کی بحث کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم کیلئے سیمی فائنل سے پہلے ہی ختم ہو گیا۔ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ جب ہم اگر مگر کے چکر میں پھنسے ہیں ۔ تقریباً ہر ٹورنامنٹ میں ہمارا اس سے واسطہ پڑتا ہے بلکہ اب تو ہمیں اس کی عادت سی ہو گئی ہے ۔ ہر بار ہار کر آنے کے بعد اگلے ورلڈ کپ کیلئے بھرپور تیاری کی نوید سنائی جاتی ہے ۔

اگر ورلڈ کپ میں پاکستانی پرفارمنس کی بات کریں تو وہ ملی جلی رہی ، اگر بہت بری نہیں تھی تو اسے بہت اچھا بھی نہیں کہا جا سکتا۔ ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف سات وکٹوں کی شکست سے کیا جہاں پاکستان کی ٹیم 105 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یہی وہ میچ تھا جس نے آخر تک پاکستان کا پیچھا نہیں چھوڑا اور رن ریٹ پر پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہونا پڑا ۔ اس کے بعد انگلینڈ سے جیت کر پاکستان نے اچھا کم بیک کیا مگر پھر سری لنکا سے بارش کی وجہ سے ڈراء میچ کو پاکستان کی بدقسمتی ہی کہا جا سکتا ہے ۔ کیونکہ سری لنکا کی ٹیم آج کل فارم میں نہیں ہے اور اس کو ہرایا جا سکتا تھا ۔ اس کے بعد آسٹریلیا پاکستان کے مدِ مقابل آیا ، یہاں پاکستان نے جس طرح کی خراب فیلڈنگ کی اس کی انٹرنیشنل لیول پر کوئی مثال نہیں ملتی۔ آصف علی اور سرفراز نے نہ صرف آسان کیچ چھوڑے بلکہ پاکستان کی گراؤنڈ فیلڈنگ کا معیار بھی بہت برا تھا۔ بیٹنگ میں بھی کوئی ڈسپلن نظر نہیں آیا ، اگرچہ ایک ٹائم پر حسن علی اور وہاب ریاض کی بیٹنگ نے میچ کو دلچسپ بنا دیا تھا مگر پھر یکے بعد دیگرے وکٹیں گریں اور یہ میچ بھی ہاتھ سے نکل گیا۔

پاکستان کا اگلا میچ انڈیا سے تھا ، جس میں ہمیشہ کی طرح پاکستانی قوم نے ٹیم سے جیت کی امیدیں وابستہ کی تھیں اور پاکستانی ٹیم نے بھی ہمیشہ کی طرح ورلڈ کپ میں انڈیا سے نہ جیتنے کی روایت کو قائم رکھا۔ پہلے 10 اوورز میں پاکستان نے دو رن آؤٹ چانسز مس کیے ، اگر یہ آؤٹ کر لیے جاتے تو میچ کا نتیجہ مختلف بھی ہو سکتا تھا ۔ خاص طور پر روہت شرما جیسے پلیئر کو چانس دینا تو میچ دینے کے مترادف ہے اور ہوا بھی یہی ، اس چانس سے فائدہ اٹھا کر روہت شرما نے 140رنز بنا ڈالے ۔ انڈیا کے خلاف میچ میں تو ہماری باڈی لینگوئج سے لگ ہی نہیں رہا تھا کہ ہم جیت کیلئے میدان میں اُترے ہیں۔ کپتان سرفراز کی جمائیاں بھی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی تھیں ، ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ میچ کے خوف نے پوری رات سونے نہیں دیا ۔ بہر حال ورلڈ کپ میں انڈیا سے ایک اور شکست ہمارا مقدر بنی ۔ اس شکست کے بعد لگ یوں رہا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبروں پر سٹینڈ کرے گی۔ مگر پھر بالآخر ٹیم مینجمنٹ کو ہوش آ ہی گیا ، ٹیم کمبینیشن کو چینج کیا گیا ۔شعیب ملک جو سنیارٹی کی وجہ سے مسلسل ٹیم پر بوجھ بنے ہوئے تھے ان کی جگہ حارث سہیل کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف میدان میں اُتارا گیا ۔ دوسری طرف مسلسل فلاپ حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی ٹیم میں آئے اور دونوں نے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا ۔ حارث 59 بالز میں 89 رنز کی اننگز نے ان پر سے ٹیسٹ پلیئر کا لیبل بھی اُتار دیا ۔ پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کو با آسانی شکست دی ۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بابر اور حارث کی بیٹنگ اور شاہین کی باؤلنگ نے ایک آسان فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی جو کہ اس وقت ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم کے خلاف تھی۔

پاکستان کا اگلا میچ افغانستان کے ساتھ تھا۔ اس میچ میں ایک بار پھر پاکستان کی روایتی ٹیم نظر آئی ، جس کیلئے افغانستان کی طرف سے دیا جانے والا 225 رنز کا ہدف بھی ایک ڈراؤنا خواب بن گیا ۔ جہاں پر اخری اوورز میں عماد وسیم اور وہاب ریاض کی عمدہ بیٹنگ نے پاکستان کی نئیا پاڑ لگا دی ۔ پاکستان نے اپنا آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا ، یہاں پاکستان نے امام کی سینچری اور بابر کے 96 رنز کے ساتھ شاہین آفریدی کی 6 وکٹس کی فتح گر باؤلنگ کی بدولت آسانی سے 94رنز سے فتح سمیٹی اور 11پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کے برابر آ گیا۔ یہاں رن ریٹ پر نیوزی لینڈ ٹیم نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا اور پاکستان نے واپسی کی راہ لی۔

پاکستانی ٹیم اور عوام کیلئے یہ ورلڈ کپ ختم ہو چکا ہے، مگر بہت سارے سوالات ہیں جن کا جواب دینا سلیکشن کمیٹی ، کوچ اور کپتان کیلئے ضروری ہے ۔ پاکستانی ٹیم کی سلیکشن اور لیڈر شپ میں بہت ساری خامیاں تھیں جس پر اس خراب پرفارمنس کے ذمہ داران سے باز پرس ہونی چاہیے ۔ یہ پاکستان کا کھیل ہے ، ہم پاکستانی اس کھیل سے محبت کرتے ہیں ، جب جیت پر ہم ٹیم کو سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں تو ہار پر تنقید کرنا بھی ہمارا حق ہے ۔
 

Khurrum Jamal
About the Author: Khurrum Jamal Read More Articles by Khurrum Jamal: 2 Articles with 1442 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.