سکون صرف قبر میں ہے

با عمل 313 ہی ہوں تو خدا ابابیلیں نہیں فرشتے بھیجتا ہے۔

ڈیڑھ ارب ہو کر بھی مسلمان ابابیلوں کے منتظر ہیں کہ وہ آئیں اور اسی لاکھ اسرائیلیوں سے ہماری جان چھڑائیں۔ خدا کی قسم آج اگر ابابیل آئیں بھی تو کنکر یہودیوں کو نہیں مسلمانوں کو ماریں گی یہ جملہ کہنے والے نجم الدین اربکان (1926-2011) سکون پا چکے مگر بے سکونوں نے ابابیل دیکھ لیے البتہ ان کی چونچ اور پنجوں میں کنکر نہیں تھے۔ ابابیل آئے انھوں نے اللہ کے گھر کے گرد چکر لگائے۔ ایمان والوں نے اس کی ویڈیوبنائی اور یہ ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل رہی۔ کچھ ٹی وی چینل نے بھی اس منظر کو دکھا کر اہل ایمان کا کلیجہ ٹھنڈا کیا۔

اہل ایمان کا ذکر آئے تو چند معلوم اور بے شمار نامعلوم شخصیات کا تصور ذہن میں ابھرتا ہے۔ پھر ان سب کے سرخیل کا نام مبارک ذہن میں آتا ہے۔ تو بطور مسلمان اپنا سر اپنے ہی سامنے جھک جاتا ہے۔ یہ انفرادی واقعہ نہیں ہے بلکہ ڈیڑھ ارب میں سے اکثر کے سر اپنے ہی سامنے جھکے ہوئے ہیں۔ اکثر کے علاوہ بھی مگرسارے ہی سرجھکے ہوئے ہیں۔ سر اسی کے سامنے جھکتا ہے جو بر تر ہو۔

برتری کی معلوم تاریخ میں پہلا نام خود آدم کا ہے۔ اس گناہ گار نے اپنی غلطی تسلیم کی۔ اعتراف کا اعجاز ہے کہ خود شناسی کی پہچان کراتا ہے جو خود شناس نہیں ہے وہ حقیقت شناس نہیں ہے ۔

اس لسٹ میں ایک نام ابراہیم بن آزر کا ہے جو اتنا صاحب ثروت تھا کہ مال و مویشی کی حفاطت کے لیے ساٹھ ہزار سے زیادہ ملازمین رکھتا تھا۔مگر فضول خرچ تھا نہ اپنی دولت پر اتراتا تھا اس کے توکل کا عالم دنیا جانتی ہے اور معلوم رہے خدا توکل کرنے والوں سے محبت کرتا ہے

یونس بن متی بھی اسی قبیل سے تھا، ایسے الفاظ سے توبہ کی جو صبح قیامت تک ریکارڈ رکھے جائیں گے کیونکہ خدا توبہ کرنے والوں سے محبت کرتا ہے ۔

ایوب کا صبر تو زمانے میں ضرب المثال ہے۔ اسی لیے خدا اس سے محبت کرتا ہے اور اعلان عام ہے خد ا صبر کرنے والوں سے محبت کرتا ہے

مصر کے عزیز کے مشیر اعلی اوروزیریوسف کا نام تب سے اب تک لیا جاتا ہے۔ اس نے اپنی پاکیزگی کی حفاطت کر کے وہ مثال چھوڑی ہے کہ خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کتاب میں لکھ دیا گیا خدا پاک لوگوں سے محبت کرتا ہے

داود نام مگر یہودیوں، عیسائیوں اور مسلمانوں میں یکساں مقدس ہے۔ وجہ اس کی عادل ہونا ہے۔ ان کے بیٹے سلیمان کے کیے ہوئے فیصلے اج بھی ججوں کے لیے مشعل راہ ہیں مگر خدا انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے

کائنات کے خالق نے وہ صفات گن کربتا دی ہیں کہ انسان خود میں پیدا کر لے تو وہ اس سے محبت کرنے لگ جاتا ہے۔

مائیکل ہارٹ (پیدایش 1932) نے اپنی کتاب The 100 - A ranking of The Most
ٰInfluential Person in History اور برطانوی تاریخ دان تھامس کالائل (1795 -1881) نے اپنی کتاب On Heros, Hero Worship, and The Heroic in History
میں جس شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا ہے، اور مسلمان جنھیں خدا کا بھیجاہوا پیغمبرتسلیم کرتے ہیں۔ ان کی زندگی کا مطالعہ بتاتا ہے کہ ان کی زندگی میں وہ ساری ہی صفات موجود تھیں جن صفات کے حامل سے خدا محبت کرتا ہے۔

اسی نبی ورسول کی زبان سے کہلایا گیا:
کہہ دو ، اگر تم خدا سے محبت رکھتے ہو تومیری پیروی کرو، خدا تم سے محبت کرے گا

بے شک خدا جن سے محبت کرتا ہے، ان کی حفاطت کے لیے ابابیلیں بھیجتا ہے اگر وہ قلت میں ہوں۔ جیسے عبدالمظلب اور ان کا گروہ
یہ وہی خدا ہے جس کے نبی کے بے عمل پیروکاروں نے کہا تھا ہم کمزور ہیں ہماری طرف سے عمل ٓپ اور ٓپ کا خدا کریں۔
با عمل 313 ہی ہوں تو خدا ابابیلیں نہیں فرشتے بھیجتا ہے۔
ڈیڑھ ارب تو موجود ہیں مگر انھیں سکون چاہیے۔ کہنے والے نے یہ کہہ کر تاریخ رقم کر دی کہ سکون تو صرف قبر میں ہے
آخر دعا کرین بھی تو کس مدعا کے ساتھ
کیسے زمین کی بات کہیں آسمان سے ہم (احمد ندیم قاسمی)
 

Dilpazir Ahmad
About the Author: Dilpazir Ahmad Read More Articles by Dilpazir Ahmad: 135 Articles with 150772 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.