چین کا ڈریگن بوٹ فیسٹول

ڈریگن بوٹ فیسٹول کے موقع پر آج بھی ہر سال چینی قمری کلینڈر کے مطابق مئی کے آغاز میں چینی سماج میں عام لوگ لیس دار چاول بھگوتے ہیں، نرسل کے پتے صاف کرتے ہیں اور زونگ زی کی بھرائی کرتے ہیں جن کی اقسام بہت زیادہ ہیں۔جس طرح پاکستان میں لوگ سموسے کی بھرائی کرتے ہیں اور اس میں آلو ، سبزی یا قیمہ ڈالتے ہیں بالکل اسی طرح زونگ زی میں بھی چینی لوگ بھرائی کرتے ہیں۔

چین کا ڈریگن بوٹ فیسٹول

چینی قمری کیلنڈر کے مطابق پانچ مئی کو چین کا روایتی لوک تہوار.ڈریگن بوٹ فیسٹیول منایا جاتاہے۔ رواں برس ڈریگن بوٹ فیسٹیول پچیس جون کو منایا گیا جو چینی قمری کیلنڈر کے مطابق پانچویں مہینے کی پانچویں تاریخ بنتی ہے ۔چین بھر میں ڈریگن بوٹ فیسٹیول ہر سال روایتی جوش جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ڈوآن او تہوار کو ڈوآن یانگ بھی کہتے ہیں۔اس کے علاوہ اس کے بہت سے دوسرے نام بھی ہیں،مثلاً :او ری تہوار ، ڈبل فائیو تہوار ،مئی تہوار ،یو لین تہوار ،لڑکیوں کا تہوار ،ٹیان جونگ تہوار ،ڈی لا، شعراء کادن، اور ڈریگن کا دن وغیرہ۔

ڈریگن بوٹ فیسٹول کے آغاز کے بارے میں بے شمار مختلف نظریات ہیں ۔ ان میں سے سب سے مقبول نظریہ قدیم زمانے میں چینی شاعر چھو یوان کو یاد کرنے کے لئے تہوار کا منانا ہے۔ گزشتہ ہزاروں برسوں کے دوران چینی شاعر چھو یوآن کے حب الوطنی کے جذبات اور ان کی شاعری نے وسیع پیمانے پر لوگوں کے دلوں میں گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔چین میں قدیم وقتوں سے ہی لوگوں کا یہ خیال رہا ہےکہ " چھو یوآن کی موت ایک افسوس ناک واقعہ ہے ،ان کی شاعری نسل در نسل منتقل ہوتی آئی ہے اور آنے والی نسلیں ان کی شاعری کو یاد رکھیں گی"۔اسی لئے چھو یوآن کی یاد میں ڈریگن بوٹ فیسٹول منانے کا نظریہ سب سے زیادہ مقبول ہے. لوک ثقافت میں چینی لوگ ڈریگن بوٹ فیسٹول منانے، زونگ زی کھانے اور ڈریگن کشتی کی دوڑ وغیرہ جیسے رسم و رواج کو چھو یوآن کی یاد سے منسلک کرتے ہیں.

ڈریگن کشتی کی دوڑ اس تہوار کی ایک اہم سرگرمی ہے۔ مقابلے میں شامل کھلاڑی ایک دوسرے سے جیتنے کے لیے سخت کوشش کرتے ہیں اور ایک دوسرے کا پیچھا کیا جاتا ہے۔ کنارے پر کھڑے لوگ بھی ڈھول بجاتے ہیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے نعرے لگائے جاتے ہیں۔ یہ منظر بہت دلچسپ ہوتا ہے اور لوگوں کی خوشی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

ڈریگن بوٹ فیسٹول کے موقع پر آج بھی ہر سال چینی قمری کلینڈر کے مطابق مئی کے آغاز میں چینی سماج میں عام لوگ لیس دار چاول بھگوتے ہیں، نرسل کے پتے صاف کرتے ہیں اور زونگ زی کی بھرائی کرتے ہیں جن کی اقسام بہت زیادہ ہیں۔جس طرح پاکستان میں لوگ سموسے کی بھرائی کرتے ہیں اور اس میں آلو ، سبزی یا قیمہ ڈالتے ہیں بالکل اسی طرح زونگ زی میں بھی چینی لوگ بھرائی کرتے ہیں۔مثلاً شمالی چین میں لوگ زونگ زی میں لیس دار چاول کے علاوہ عناب بھی ڈالتے ہیں جس کو بیجنگ زاؤ زونگ کہا جاتاہے۔اور جنوبی چین میں لوگ بھرائی کے لیے میٹھے لوبیے کا پیسٹ، گوشت اور انڈے کی زردی وغیرہ ڈالتے ہیں۔

ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے موقع پر گھروں میں ایک خوشبو دار تھیلی لٹکانا یا بچوں کا اسے پہننا بھی عام روایت ہے ۔چینی سماج میں یہ بری نظر اور بیماریوں سے دور رہنے کی علامت ہے لیکن اصل میں یہ سجاوٹ اور خوبصورتی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

ڈریگن بوٹ فیسٹیول سے جڑی ایک اور اہم روایت بلند ڈنڈی اور بہت سی پتیوں پر مشتمل ایک پودا جسے افسَنتین کہا جاتا ہے اُس کی پتیوں میں خوشبودار تیل ڈالا جاتا ہے۔ یہ خوشبو مچھر،مکھی ، کیڑے مکوڑوں کو دور کرنے سمیت ہوا کو بھی صاف رکھ سکتی ہے۔ اس لئے پرانے زمانے سے ہی ڈریگن بوٹ فیسٹیول کو "یوم صحت " بھی کہا جاتا ہے۔

چین کے مختلف علاقوں کے عوام نے اس تہوار کو منانے کے لئے رنگا رنگ سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے اور چین کے روایتی ثقافتی رنگوں سے لطف اٹھایا جاتا ہے۔ چینی ڈریگن بوٹ فیسٹیول منانے کی روایت اور تاریخ دوہزار سال پرانی ہے- دس سال قبل، یونیسکو نے چینی ڈریگن بوٹ فیسٹیول کو دنیا کے غیر مادی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا۔ اس طرح ڈریگن بوٹ فیسٹیول چین کا پہلا روایتی تہوار تھا جسے دنیا کے غیر مادی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے-
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1385 Articles with 655607 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More