عجب شوہر کی غضب کہانی

یہ سچا واقعہ ایک دوست نے سنایا ہے- ہوا یوں کے ان کے محلّے میں ایک شخص کی شادی ہوئی- جس کی عمر پچاس سال ہو گی - وہ گورنمنٹ اسکول میں ٹیچر تھے - اور ان کی ہونے والی بیگم بھی اسی اسکول میں ٹیچر تھیں - دونوں کافی عرصے سے ملازمت کر رہے تھے- اس لیے ان کی تنخواہ بھی زیادہ تھیں اور مالی طور پر ٹھیک ٹھاک تھے -

شادی کے کچھ دن تو سکون سے گزرے- مگر پھر دونوں میں ایک چھوٹی سی بات پر اختلاف پیدا ہو گیا- ہوا یوں کہ شوہر کے سر پر لالچ کا بھوت سوار ہو گیا- اور وہ مطالبہ کرنے لگے کہ بیگم اپنی تنخواہ ان کے ہاتھ میں دیں- جب کہ ان کی بیگم اس بات پر راضی نہ تھیں- اور وہ اپنی والدہ کی مدد کرنا چاہتی تھیں- جن کو جہیز کے سامان کی قسطیں بھی ادا کرنا تھیں- یہ اختلاف اتنا بڑھا کہ نتیجہ طلاق پر ختم ہوا-

جلد باز شوہر کی شدت پسند طبیعت یہیں تک محدود نہ رہی- بلکہ خود کو بھی نقصان پہنچا گئی- ہوا یوں کہ وہ کافی عرصے سے شوگر کے مریض تھے- مگر کیونکہ ڈاکٹر سے علاج کے قائل نہ تھے- اس لیے ان کی شوگر قابو سے باہر ہو گئی- اور ان کے پاؤں میں زخم ہو گیا جو بڑھتا چلا گیا- حتیٰ کہ نوبت پاؤں کٹوانے تک آ گئی –

اب انکی حالت کافی خراب ہے کیونکہ کوئی مستقل تیمار دار نہیں ہے جس کے وجہ سے دیکھ بھال نہیں ہو رہی - بیگم ہوتیں تو اس گھڑی میں ان کی موجودگی بڑا سہارا دے سکتی تھی - مگر اتنی بڑی نعمت کو وہ پہلے ہی ٹھکرا چکے تھے- اور اب پچھتاوے کے سوا ان کے پاس کچھ نہیں تھا –

اس واقعہ سے ہمیں مندرجہ ذیل سبق ملتے ہیں -
- یہ نہ سمجھیں کہ صرف "میں" ہی صحیح ہوں - باقی سب غلط ہیں-
بزرگوں کا اس بارے میں قول ہے کہ
جس کو " میں" کی ھوا لگی
نہ پھر اسے دعا لگی نہ دوا لگی
- کسی کے آگے دست سوال نہ پھیلائیں- بلکہ صرف الله تعالیٰ سے دعا کریں - اور اسباب بھی اختیار کریں -
بقول شاعر
دست دراز لاکھ عیبوں کا عیب ہے
جس ہاتھ میں یہ عیب نہ ھو دست غیب ہے
ہمارے پیارے نبی صحابہ کرام سے مشورہ فرماتے تھے ہمیں بھی انکی سنّت پر عمل کرتے ہوۓ زندگی کے اہم معاملات میں اپنے بڑوں سے ضرور مشورہ کرنا چاہیے-


 

Iftikhar Ahmed
About the Author: Iftikhar Ahmed Read More Articles by Iftikhar Ahmed: 42 Articles with 90217 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.