عالمی یوم برداشت ، رشتوں کا احترام کریں

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی برداشت اور رواداری کا عالمی دن اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ہر سال16 نومبر کو اس مقصد کے تحت منایا جاتا ہے کہ لوگوں کو صبروتحمل اوربرداشت کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے اور عدم برداشت کے نتیجے میں معاشرے پر مرتب ہونے والے تباہ کن اثرات کا تدارک کیا جاسکے،برداشت اور رواداری کے عالمی دن کو منانے کا مقصد یہ بھی ہے کہ لوگوں کو دوسروں کے عقائد اور رائے کا احترام کرنا سکھایا جائے۔پاکستانی معاشرے میں صبرو تحمل ، برداشت، رواداری کا فروغ میرا ایسا دیرینہ خواب ہے جسکی تکمیل کیلئے میں ماضی میں مختلف اقدامات اٹھاتا رہا ہوں۔ انسانی تاریخ کا مطالعہ کرنے سے ثابت ہوتا ہے توبیشتر خونریزی اور تنازعات کے پس پردہ عوامل کی بڑی وجہ عدم برداشت کا رویہ ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ جب ہم اپنے مخالف کو برداشت کرنے کو تیار نہیں ہوتے تو ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے جسکے نتائج دونوں فریقوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔ دوسری جنگ عظیم کی بنیادی وجہ ہٹلر کی زیرقیادت نازی جرمنی کی عدم برداشت پر مبنی حکومتی پالیسیاں کو سمجھا جاتا ہے جسکی بناء پر لاکھوں انسان زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جنگ عظیم کے بعد اقوام متحدہ کا قیام عمل میں لایا گیا تو اسکے عالمی منشور میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پْرامن معاشرے کے قیام کیلئے انسانوں کے بنیادی حقوق بشمول مذہب، عقائد، حق رائے دہی، زبان،ثقافت کا باہمی احترام یقینی بنانا ناگزیر ہے، آج سے کوئی24 برس قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی جس کی رو سے تمام ممبر ممالک کو دعوت دی گئی کہ وہ 16نومبر کو حکومتی اداروں، تعلیمی اداروں ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے تعاون سے سالانہ عالمی یوم برداشت منائیں اور لوگوں میں اس امرکا شعور اجاگر کریں کہ ایک پر امن اور خوبصورت معاشرے کا انحصار دوسروں کے عقائد اور حقوق کے احترام سے مشروط ہے۔

اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد دنیا کے مختلف ممالک اور معاشروں میں برداشت اور رواداری کو فروغ دیناہے۔ آج کی دنیا ایک گلوبل ویلج ہے، چنانچہ اس بار اس دن کی گونج ہمارے ہاں بھی سنائی دی۔ مختلف تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں برداشت کی اہمیت اور ضرورت کا تذکرہ ہوا۔مسئلہ یہ ہے کہ ہم کوئی د ن منا تولیتے ہیں ، مگراس کے ساتھ جڑے سبق کو سال بھر فراموش کیے رکھتے ہیں۔ ’’یوم برداشت‘‘ بھی ایک ایسا ہی معاملہ ہے۔ ہمارے مذہب اسلام میں تحمل، برداشت، رواداری، صلہ رحمی اور عفو و درگزر جیسے معاملات کی بے حد تاکید ہے۔ اسلام کے نام پر قائم ہمارے ملک میں مگر عدم برداشت دن بہ دن بڑھ رہا ہے۔ بسا اوقات یہ عدم برداشت، انتہا پسندی کی شکل اختیار کرتا محسوس ہوتاہے۔ یہ صورتحال تقریبا ہر سطح اور ہر شعبے میں دیکھی جا سکتی ہے۔

مثال کے طور پر ،ملکی سیاست کو ہی دیکھ لیں۔ اگرچہ میں ذاتی طور پر اس بات کے حق میں نہیں کہ ہر خرابی اور غلط کاری کیلئے حکومتوں اور سیاستدانوں کو مورد الزام ٹھہرایا جائے۔ تاہم معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت کا تذکرہ ہو، تو تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ اس کے ذمہ دار ہمارے سیاستدان بھی ہیں۔ انتہا درجے کی عدم برداشت ہے جو سیاسی سطح پر دکھائیدیتی ہے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کا وجود برداشت کرنے کو تیار نہیں۔مجال ہے کہ مخالف سیاسی نقطہ نظر کوتسلیم کر لیا جائے، خواہ وہ کتنا ہی درست اور ملکی مفاد کے مطابق کیوں نہ ہو۔ایسا بلند سیاسی درجہ حرارت صرف قومی معیشت اوردیگر معاملات پر ہی اثر انداز نہیں ہوتا،بلکہ قوم کے مزاج کو بھی متاثر کرتا ہے۔یہ امر نہایت قابل تشویش ہے کہ کچھ برسوں سے سیاست میں تلخی اور بے لچک رویے در آئے ہیں۔ غیر اخلاقی زبان و بیان رواج پا گیا ہے۔ کرخت لہجے اور تحقیر وتضحیک آمیز الفاظ کا استعمال عام ہوگیاہے۔ اس صورتحال کے منفی اثرات پوری قوم ،خاص طور پر نوجوان نسل کے عمومی مزاج پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ کسی زمانے میں کہا جاتا تھا کہ عام لوگوں کی محفل میں مذہب اور مسلک جیسے حساس معاملات کو زیر بحث لانے سے گریز کرنا چاہیے۔ آجکل قومی سیاست بھی ایک ایسا ہی حساس معاملہ بن چکی ہے، جس پر بات کرتے وقت لوگ جوش جذبات میں صبر و تحمل کا دامن چھوڑ بیٹھتے ہیں۔ یعنی سیاسی پسند نا پسند کو عوام نے مذہب اور مسلک کی مانند اختیار کر لیاہے۔یہی وجہ ہے کہ اپنے اپنے نقطہ ہائے نگاہ کے علاوہ کسی دلیل کو سننے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ بطور استاد میرا جامعات میں زیر تعلیم نوجوانوں سے رابطہ رہتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاست نے ان نوجوانوں کے ذہنوں اور سوچ میں تلخی اور انتہا پسندی بھردی ہے۔ کسی ایک سیاسی جماعت کا حامی اپنی پسندیدہ جماعت اور رہنما کو تمام خامیوں سے پاک ایک فرشتہ اور مسیحاتصورکرتا ہے۔ باقی تمام سیاست دان اس کے نزدیک چور، ڈاکو ، لٹیرے ہیں، جنہوں نے اس ملک کو برباد کر ڈالا ہے۔یہ پڑھے لکھے نوجوان اس امر کی تفہیم سے قاصر نظر آتے ہیں کہ ہر سیاستدان خوبیوں اور خامیوں کا مجموعہ ہوتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے موقف کی حمایت میں ان نوجوانوں کے پاس کوئی ٹھوس دلیل بھی نہیں ہوتی۔ ٹی وی پروگراموں اور جلسوں میں سنی سنائی باتیں ہیں جو وہ من وعن دہرا دیتے ہیں۔ جن مخصوص سیاستدانوں نے ہماری نوجوان نسل کو دلیل سے عاری،اس بے لچک سوچ کی جانب دھکیلا ہے، انہوں نے اس قوم پر ظلم کیا ہے۔

اس منفی صورتحال میں میڈیا بھی حصہ دار ہے۔ بیشتر ٹی وی چینلز کو دیکھ کر تاثر ملتا ہے کہ انکا مشن ہی یہ ہے کہ سیاست دانوں کے مابین پائی جانے والی تلخی کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جائے۔زیادہ تر ٹی وی اینکرز کو قومی معاملات زیر بحث لا کر مسائل کا حل تلاش کرنے اور لوگوں کو آگہی فراہم کرنے سے زیادہ ریٹنگ کی فکر لاحق رہتی ہے۔ لہذامہمان شخصیات کو آپس میں لڑائی جھگڑے پراکسایا جاتا ہے۔ کچھ ٹی وی اینکروں نے باقاعدہ عدالتوں اور ججوں کی طرح فیصلے صادر کرنیکا کام بھی شروع کر رکھا ہے۔ سرعام غداری اور حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جاتے ہیں۔ کفر کے فتوے عائد کئے جاتے ہیں۔ ایسے نام نہاد صحافیوں نے عوام کو سکھایا ہے کہ اپنے نقطہ نظر پر ڈٹے رہنا چاہئے، خواہ وہ کتنا ہی بے وزن کیوں نہ ہو۔ ان سیاستدانوں اور صحافیوں سے متاثر نوجوان جب سوشل میڈیا پر بیٹھ کر اپنے نا پسندیدہ سیاستدانوں کو غلیظ گالیاں بکتے اور انہیں برا بھلا کہتے ہیں توہم اسے سیاسی شعو ر اور سیاسی شراکت(political participation) کا نام دیتے ہیں۔ اس پہلو پر ضرور تحقیق ہونی چاہئے کہ کیا اس قسم کے ’’سیاسی شعور ‘‘نے نوجوانوں کو سوچنے سمجھنے کاسلیقہ سکھایا ہے یا پھر انہیں بے لحاظی ، بے ادبی اور ذہنی انتہا پسندی کی طرف مائل کیا ہے۔

کہنے کو ہم اس پیارے نبیﷺ کے پیروکار ہیں جنہوں نے اپنے عمل کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو مسخر کیا اور انہیں دائرہ اسلام میں داخل کیا۔ غور کیجیے کہ اپنی روز مرہ زندگی میں ہم صبر و برداشت سے متعلق انکے فرمودات پر کتنا عمل کرتے ہیں؟ سڑک پر ، اپنے دفتر، گھر، خاندان ، گلی محلے میں کتنی برداشت کا مظاہرہ کرتے ہیں؟ اپنے ماتحتوں اور ملازمین کیساتھ ہمارا رویہ کس قدر نرم ہوتا ہے؟ اپنے گھر اور خاندان میں کتنے تحمل، بردباری، رواداری کا مظاہرہ کرتے ہیں؟ سچ یہ ہے کہ اپنی اپنی زندگی اور دائرہ اختیار میں ہم سب عدم تحمل اور عدم برداشت کی مثال پیش کرتے ہیں۔عوام تو رہے ایک طرف، بیشتر مذہبی رہنما بھی دلیل سے نقطہ نظر پیش کرنے اور منوانے کے ہنر سے عاری ہیں۔ ختم نبوت کے حلف نامہ میں چند الفاظ کی تبدیلی جیسی کوتاہی کا ازالہ ہو چکا۔ مگر اﷲ کے پیارے رسول ﷺ کی حرمت کے نام پر کئی دنوں سے اسلام آباد کا محاصرہ کیا گیاہے۔ ہمارے دین میں تو کسی راہگزر کو تکلیف سے بچانے کی غرض سے، راستے کا پتھر ہٹانابھی نیکی میں شمار ہوتاہے۔ مگر اسلام آباد میں نبیﷺ کی حرمت کے نام پراسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کا راستہ بند کر کے انہیں اذیت دی جا رہی ہے۔سوشل میڈیا پر اس دھرنے کی نمائندہ شخصیات کے بہت سے ویڈیو کلپ گردش کر رہے ہیں۔ ایسی زبان کہ خدا کی پناہ۔ کیایہ ہے وہ لب و لہجہ جو اﷲ کے نبی ﷺکی حرمت کے نام پر اختیار کیا گیاہے۔اگر اسلام کے نام پر اسقدر عدم برداشت کا مظاہرہ ہو سکتا ہے، تو پھر کیا تعجب کہ ڈاکٹرز اپنی تنخواہیں بڑھوانے کیلئے اسپتالوں کی تالہ بندی کرکے مریضوں کو مرنے کیلئے چھوڑ دیتے ہیں۔ وکیل ہیں تو ججوں کی مار پیٹ کرتے اور کمرہ عدالت میں گالی گلوچ کرتے ہیں۔ جج صاحبان اپنے فیصلوں میں سخت اور تلخ الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ ایسے تمام رویے دراصل ہماری عدم برداشت اور بے لچک سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔کاش ہم سب اپنے رویوں پر نظر ثانی کریں۔ اپنے ذہن اور زبان کی تلخی پر غور کریں۔اپنے غصے، نفرت، حسد، اور کینے پر قابو پائیں۔ یقین جانیں اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو خود بھی ایک خوشگوار زندگی گزاریں گے اور دوسروں کیلئے بھی راحت و سکون کا باعث ہوں گے۔ آج ہم سب ملکر عہد کریں کہ ہم برداشت اورصبرو تحمل کا دامن ہر حال میں تھامے رکھیں گے، مجھے یقین ہے کہ بحیثیت قوم اگر ہم قوت برداشت کو اپنالیتے ہیں توخدا کی رحمت سے ہم زندگی کی ہر آزمائش میں کامیاب ہوتے چلے جائیں گے۔


 

Ghulam Murtaza Bajwa
About the Author: Ghulam Murtaza Bajwa Read More Articles by Ghulam Murtaza Bajwa: 272 Articles with 201462 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.