2020 گزر گیا۔2021آ گیا۔اس کے ساتھ ہی نئے سال کے مبارک
بادکے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ہر طرف جشن کا سماں ہے۔ خوشی و
مسرت کے رنگ بکھرے ہوئے ہیں۔ ہر سُومسکراہٹوں اور قہقوں کی بہار نظر آ رہی
ہے۔ پیار، محبت، چاہت، عقیدت، خلوص،اخوت اور اپنایت کے دلکش و خوبصورت رنگ
قوس و قزع کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ فضاء حُسین جذبات و احسات کی مہک سے
معطر ہے۔ہر چہرہ خوشی سے کھلا ہوا ہے۔ہر کوئی اپنے غم بھول کر نئے سال کو
خوش آمدید کہنے میں مصروف ہے۔شدید سردی میں بھی نوجوانوں کا شوق دیدنی
ہے۔اپنے اپنے انداز میں نئے سال کی آمد پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا جا رہا
ہے۔ہر کسی کی دلی خواہش و دعا ہے کہ یہ لمحات سدا برقرار رہیں۔ دل
تو’’چاہ‘‘ رہا ہے کہ اس موقع کی مناسبت سے اپنا احتساب کیا جائے کہ سالِ
گزشتہ میں ہم نے کیا کھویا کیا پایا؟ اور ہم اس وقت کس بنیاد اور کس خوشی
میں مصروفِ جشن ہیں؟۔اس احتساب کی روشنی میں ایسا لائحہ عمل اختیار کیا
جائے کہ جو ہماری زندگی بدل دے اورایسے اصول اپنائے جائیں جو سالِ نو کے
لیے زادِ راہ کی حیثیت رکھتے ہوں۔ خود احتسابی کے نتیجے میں ہمیں معلوم ہو
گا کہ ہم کہاں غلط ہیں کیونکہ عدم مساوات،کرپشن،بے روزگار ی، نفسانفسی،
میرٹ سے انحراف، مہنگا ئی اورانصاف کے حصول نے ہر سو پریشانی اور بد سکونی
کی فضاء قائم کر رکھی ہے۔ ہر انسان مسا ئل کے بھنور میں مبتلا ہو کر ہر دم
سکون کی تلاش میں سر گرداں ہے۔ کبھی مہنگے ترین ڈاکٹروں کے ہاتھوں لٹنے پر
مجبور تو کبھی حکیموں کی جیبیں گرم کرنے میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔اور کبھی
نام نہاد عاملوں کے چکرمیں پڑ کر اپنا سب کچھ لٹادیتا ہے۔ محب وطن ہونے کے
جذبات سے سرشار ہو کر بھی موقع ملنے پر اپنے ووٹ کی طاقت کا غلط استعمال کر
کے خود ہی اپنے معاشی قتل عام کے اسباب پیدا کرتا ہے۔ مگر اپنے آپ کو تبدیل
کرنے کی کوشش نہیں کرتا۔اگرآپ کے دل میں جینے کی امنگ ہے اور پر مسرت اور
سکون سے بھرپور زند گی گزارنے کے خواہاں ہیں نیز ربِ کائنات کی عطا کردہ
عظیم نعمتوں سے مسفید و لطف اندوز ہوناچا ہتے ہیں۔تو پھر اپنے آپ کو تبدیل
کرنا ہو گا اپنے خیالات، احساسات اورجذبات میں تبدیلی لانا ہو گی۔ نئے سال
2021کا نئے عزم، ولولے، جذبے او ر عہد کے ساتھ استقبال کرنا ہو گا تاکہ
زندگی خوشی سے بھری رہے اورماضی کی تلخیوں کو یکسر فراموش کر کے مستقبل کے
حسین خوابوں کی پر کشش تعبیر کو سمیٹا جائے۔ اپنے اندر ایسی مثبت تبدیلی
پیدا کرنا ہو گی جس سے آپ کی اپنی، اپنے اہل و عیال اور دوست احباب کی
زندگی کو انسانیت کی خوبصورت و دلکش خوشبو سے معطر کیا جا سکے۔ آئیے یہ
تبدیلی ابھی اور اسی وقت لائیں۔ تو پھرچھوڑدوتفکرات کو،انتشارکو،پژمردگی
کو،اداسی کو،نکتہ چینی کو، نمائش پرستی کو،بناوٹ اورتصنع کو، فضول اور
لاحاصل خواہشات کو،خودغرضی کو۔بھول جاؤ گزر ے ہوئے تلخ تجربات کواور ہر
ایسی برائی کوجو تم کو بے دست و پا کر دیتی ہے۔ہر ایسے واقعہ کوجو تم کو
آگے بڑھنے سے روکے اور تمھاری خوشی میں سدراہ بنے۔اور پھر دیکھوکہ تم خود
کو کس قدر ہلکااور کس قدر آزاد محسوس کرتے ہو اور گوہر مقصود کا حصول کس
قدرآسان اور یقینی ہو جاتا ہے۔غم اس وقت تک غم ہے جب تک اسے محسوس کرنے کی
کوشش کی جائے۔اگر تم کوئی افسوس ناک تجربہ کر چکے ہو تو اس کوبھول جاؤاگر
تم پھسل کر خود کو زخمی کر چکے ہو اگر تم کبھی خلق کے مورد الزام رہ چکے ہو
اگر تم قبیح تہمت لگائے جا چکے ہو تو ان کو بھول جاؤ۔ان واقعات کی یادمیں
تمھارے لیے خوشی کا شائبہ تک نہیں اور ان کا جان سوز تصور اورپر عذاب وہم
تم کو مسرت سے محروم کر دے گا۔ان کو فراموش کردو۔اگر تم کبھی نا عاقبت
اندیش رہ چکے ہو اگر تمھاری شہرت کو صدمہ پہنچ چکا ہے اور تمھیں خوف ہے کہ
تم اس کو دوبارہ حاصل نہیں کر سکتے۔تو وہم و تصور کی دہشت ناک پرچھائیوں کو
ساتھ لیے مت پھرو۔اس کو قوت حافظہ سے مٹا ڈالو۔دھوڈالو۔بھول جاؤ اورزندگی
کے باب کوایک نئے صاف ستھرے صفحے سے ازسرنو شرو ع کردو۔اور اس صفحے کو
آئندہ صاف رکھنے کی کوشش کرو۔اس بات کا تہیہ کر لو۔کچھ بھی کرو یا نہ کرو
گے۔مگر تصور اوروہم سے آزاد رہو گے۔ماضی کے بھیا نک اور تاریک سا ئے
تمہاراتعاقب نہیں کریں گے۔اور تمھاری زندگی سے دور نکل جائیں گے او ر ان کی
جگہ صاف و شفاف جگہ لے لے گی۔اس بات کا فیصلہ کر لو کہ انتشار اور پر
اگندگی سے کوئی تعلق نہیں رکھو گے۔خواہ کس قدر ضروری ہی کیوں نہ ہو۔تم ا س
کو دل سے نکال ڈالو اور بھول جاؤ۔اپنے حریفوں یعنی افسوسٗ رنج ٗپشمانی
اورغصے کو اس قدر طاقت نہ دو کہ تم کو تمھاری قوت عمل سے محر وم کر دے۔
کیوں کہ وہی تو تمھاری آئندہ زندگی کے لیے اندرو ختہ ہے۔متفکر شہرہ ٗمضحمل
طبیعت ٗافسردہ دل ٗمتذ بذب اور تلخ مزاج اس بات کا ثبوت ہے کہ تم میں اس
قدر صلا حیت نہیں ہے کہ تم خود پر ضبط اور حکو مت کر سکو۔یہ تمھاری بزدلی
اور کمزوری کی نشانیاں ہیں۔یہ اس بات کاا عتراف ہے کہ نا مسا عد حالا ت کے
مقابلے میں عاجزآ گئے ہو جو کچھ بھی نا پسند ہے،درو انگیز ہے اور تمھارے
سکون کو تباہ کرنے والا ہے۔اس کو بھول جاؤ ٗدماغ سے باہر پھینک دو۔وقت
تھوڑا ہے اور کام زیادہ۔اس لیے اس وقت کو جو تم اس قسم کے ما یو س کن خیالا
ت میں ضا ئع کرو گے کسی بہتر کام پر صرف کرو۔اس بات کا انتظار مت کرو کہ
خوشی تم تک آئے بلکہ تم خوشی کاتعا قب کرواور جب اس کو حاصل کر لوتو اس کو
ایسی آہنی گرفت سے پکڑے رکھوکہ ایک لمحے کے لیے بھی تم سے جدا نہ ہو۔ہماری
مثال اس بد سلیقہ عورت کی سی ہے جس میں اس قدر جرات نہیں کہ گھر کا کوڑا
کرکٹ با ہر پھینک دے بلکہ ہر قسم کی غلاظت کوبے ترتیبی سے گھر کے کونوں
کھدروں میں اکٹھا کرتی رہتی ہے۔ہم لوگوں میں چھوڑ دینے کی طا قت سلب ہو چکی
ہے۔ہم اپنے اعصاب کو اس قدر تان کھینچ کر رکھتے ہیں کہ کسی چیز کا ترک کر
دیناہمارے لیے نا ممکن بن جاتا ہے۔ہم ہمیشہ گذشتہ صد مات کو جو ہماری زندگی
سے قطعی طور پر نکل گئے ہوتے ہیں۔سوچتے رہتے ہیں یعنی ڈوبتے ہوئے تاروں کا
ماتم کرتے رہتے ہیں اور اس طرح موجود الوقت مسرتوں اور آسائشوں سے ہاتھ دھو
بیٹھتے ہیں۔خوشی سے زندہ رہنے کی کوشش کرو۔سالِ نو 2021پر کیے ہوئے عہد پر
عمل کرنے سے انشاء اﷲ صحت و تندرستی، خوشی و مسرت، سُکھ و چین، آرام و
سکون، راحت و سہولت، اطمینان اور کامیابی و کامرانی آپ کے قدم چومے گی
|