نافرمان اولاد کی سزا دنیا اور آخرت میں

مقبول احمد /عبدالعزیز

ایسی اولاد جو اپنے ماں باپ کو بھول جاتی ہے وہ اپنی اولاد کو بھی بھول جاتی ہے جو کل اس کے ساتھ وہی سلوک کر نے والی ہے جو آج وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ کر رہی ہے۔ قرآن اور احادیث سے بالکل واضح ہے کہ والدین کی نافر مان اولاد جنت کی مستحق نہیں ہوگی ۔ ماں باپ کی نافر مان اولاد اپنے لیے دنیا اور آخرت دونوں کو جہنم بنا لیتی ہے: ’’جہنم میں والدین کے نافر مان اور شیطان کے درمیان صرف ایک درجہ کا فرق ہو گا‘‘(حدیث) ’’……والدین کا نافر مان اگرچہ روزہ رکھے اور نماز پڑھے یہاں تک کہ وہ ( نماز وروزہ) میں یکتا اور منفرد ہو جائے اور اس کا انتقال اس حال میں ہو اس کے والد ین ناراض ہوں تو اﷲ عزوجل سے اس حال میں ملے گا کہ اﷲ تعالیٰ اس پر غضب فرمائے گا (حدیث)

اسلام میں ماں باپ کا بہت بلند مقام ہے ، انہیں ڈانٹنے، جھڑکنے بلکہ اف بھی کہنے سے منع کیا گیا ہے۔ اولاد پر والدین کے بے پناہ احسانات ہوتے ہیں۔ مادررحم سے لیکر وفات تک شفقت مادری اور نصرت پدری ملتی ہے۔ ان کے احسانات کی کوئی گنتی وشمار ہے ، نہ ہی کوئی ان کا بدلہ چکا سکتا ہے۔ قرآن نے ماں کے فقط اس احسان کو جو پیٹ میں رکھ کر کرتی ہے ’’وہن علی وہن‘‘ یعنی مصیبت پر مصیبت کہا ہے۔ فرمان الہی دیکھیں۔

ترجمہ: ہم نے انسان کو اس کے ماں باپ کے متعلق نصیحت کی ، اس کی ماں نے دکھ پر دکھ اٹھاکر اسے حمل میں رکھا اور اس کی دودھ چھڑائی دو برس میں ہے کہ تومیری اور اپنے ماں باپ کی شکر گزاری کر ، (تم سب کو) میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے۔ (لقمان:14)

اسی لئے اﷲ نے والدین کے ساتھ احسان وسلوک کرنے کا حکم دیا تو یہ اولاد کے لئے فرائض میں شامل ہے ، اس میں کوتاہی کرنے والا والدین کا نافرمان اور گناہ کبیرہ کا مرتکب شمار ہوگا۔ اﷲ تعالی نے اپنی عبادت کا حکم دیتے ہوئے والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے جو اس بات پہ دلالت کرتا ہے کہ اﷲ کی اطاعت کے بعد اہم ترین فریضہ والدین کی اطاعت ہے۔ اﷲ تعالی کا فرمان ہے۔

ترجمہ: اور تیرا پروردگار صاف صاف حکم دے چکا ہے تم اس کے سوا اور کسی کی عبادت نہ کرنا اور ماں باپ کے ساتھ احسان کرنا۔ اگر تیری موجودگی میں ان میں سے ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان کے آگے اف تک نہ کہنا، نہ انہیں ڈانٹ ڈپٹ کرنا بلکہ ان کے ساتھ ادب و احترام سے بات کرنا۔ (الاسرا :23)

اس آیت کریمہ پہ غور کریں کہ اﷲ نے کس طرح اپنی عبادت کا حکم دیتے ہوئے والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے ؟ اس آیت سے والدین کے بلندترین مقام ہونے کا پتہ چلتا ہے جن کی نافرمانی تو دور کی بات انہیں اف بھی کہنے سے منع کیا گیا ہے ، ان کے لئے سراپا موم بن جانے کا حکم ہے۔

والدین کے بلند مقام ومرتبہ کے سبب ان کی نافرمانی کرنے والوں کواﷲ تعالی نے دنیا میں ہی سزا دینے کا دستور بنا دیا ہے تاکہ اولاد حقوق والدین کی رعایت کرے اور ان میں حق تلفی یا کوتاہی سے اﷲ کی سزا کا خوف کھائے۔

متعدد احادیث صحیحہ سے معلوم ہوتا ہے کہ کچھ گناہ اس قدرشدید ہیں جن کی شدت کے باعت اﷲ عزوجل نے ان کی سزا دنیا میں بھی رکھ دی ہے ، ان میں سے ایک والدین کی نافرمانی ہے۔ اس سلسلے میں نبی ؐ کے چند فرامین ملاحظہ فرمائیں۔

(1)نبی ؐ کا فرمان ہے :ترجمہ: ہر گناہ کی سزا اﷲ تعالیٰ موخر کردیتا ہے جس کو چاہتا ہے قیامت کے دن تک سوائے ظلم اور والدین کی نافرمانی کے یا رشتہ توڑنے کے کیونکہ اس کی سزا اﷲ تعالیٰ موت سے پہلے گناہگار کی زندگی میں ہی دے دیتا ہے۔(صحیح الادب المفرد:459)
(2) نبیؐ کا فرمان ہے :ترجمہ: دو ایسے گناہ ہیں جن کی سزا دنیا ہی میں دی جاتی ہے ، وہ ظلم اور والدین کی نافرمانی ہے۔(مستدرک حاکم)
( شیخ البانی نے اس کی سند کو مسلم کی شرط پر صحیح کہا ہے ( السلسلۃ الصحیحۃ: 1120)
(3) نبیؐ کا فرمان ہے :ترجمہ: ظلم اور قطع رحمی سے بڑھ کر کوئی گناہ ایسا نہیں جس کا مرتکب زیادہ لائق ہے کہ اس کو اﷲ کی جانب سے دنیا میں بھی جلد سزا دی جائے اور آخرت کے لئے بھی اسے باقی رکھا جائے۔(صحیح ابن ماجہ:3413)

مذکورہ بالا احادیث کی روشنی میں معلوم ہوتا ہے کہ والدین کی نافرمانی اﷲ کے نزدیک بہت بڑا گناہ ہے ، ایسے گناہگار کو اﷲ دنیا میں سخت سزا دیتا ہے تاکہ ماں باپ بھی نافرمان اولاد کی سزا دیکھ لے جنہوں نے اس کی پرورش کے لئے رحم وکرم کا بازو بچھا دیا تھا اور جب اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا ، خود کمانے کھانے لگا تو اب ماں باپ کے سارے احسانا ت بھلاکر نافرمانی اور انہیں تکلیف دینے پر اتر آیا۔

نافرمان اولاد کی دنیاوی سزا میں جہاں اولاد کے لئے عبرت کا سامان ہے وہیں اس میں دنیا والوں کے بھی درس ونصیحت ہے تاکہ کوئی اولاد ماں باپ کا حق غصب نہ کرے ، ان کی خدمت سے منہ نہ پھیرے ، ان کے کھلانے پلانے اور دیکھ ریکھ میں کوتا ہی نہ کرے ، خاص طور سے جب دونوں بوڑھے ہوجائیں ،چلنے پھرنے ، کام کاج کرنے اور کمانے سے معذور ہوجائیں تو ایسے وقت میں اولاد ان کی مکمل نگہداشت کرے۔ وقت پر کھانے کا انتظام کرے ، جوخود کھائے وہ انہیں بھی کھلائے ، بدن ، کپڑا ، جگہ کی صفائی کا خیال کرے، پیشاب وپاخانے اور ضروریات زندگی پہ مدد کرے مگرعام طور سے بوڑھے ماں باپ کی خدمت میں کوتاہی دیکھنے کو ملتی ہے ، خود بھی والدین کی خدمت سے جی چراتے ہیں اور اپنی اولاد کو بھی کسی کام پر ان کی مدد کرنے سے منع کرتے ہیں اورآج کل کی بیوی توخوب سمجھتی ہی ہے کہ ساس وسسر کی خدمت ان کی ذمہ داری نہیں ، احسان کا درجہ تو بعد کا ہے۔ واقعی یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

یہ احادیث ہمیں یہ بھی بتلاتی ہیں کہ والدین کے ساتھ نافرمانی کرنے والا جہاں دنیاوی سزاکا مستحق ہے وہیں آخرت میں بھی اسے دوبارہ سزا ملے گی جیساکہ تین نمبر میں ابن ماجہ کی روایت میں ہے کہ یہ ایسا گنہگار ہے جس کی سزا آخرت میں باقی تو ہے ہی ، اس لائق ہے کہ دنیاوی زندگی میں بھی وہ سخت سے سخت سزا پائے۔

یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ والدین کی نافرمانی کی سزا اس قدر سنگین ہے کہ دنیا میں بھی ایسے گنہگاروں کو ملول کیا جاتا ہے جبکہ اور بھی سنگین گناہ ہیں مگر ان کے متعلق ایسی بات نہیں ملتی ؟

اس کا جواب یہ ہے کہ والدین کی نافرمانی گناہ کبیرہ ہے ،گناہ کبیرہ میں بھی اتنا بڑا گناہ ہے کہ اس کی سزا دنیا سے ہی شروع ہوجاتی ہے جو آخرت تک چلتی رہے گی۔ یہ بات والدین کی نافرمانی سے متعلق احادیث پر نظر کرنے سے معلوم ہوتی ہے۔ قرآن میں اﷲ نیاپنی عبادت کے ساتھ والدین کی اطاعت کا حکم دیا یعنی حقوق اﷲ کے بعد حقوق الوالدین کا درجہ ہے۔ حدیث میں نبیؐ نے والدین کی نافرمانی کو شرک کے ساتھ ذکر کیا ہے۔

نبیؐ کا فرمان ہے :ترجمہ: کیا میں تم کو سب سے بڑے گناہ نہ بتلا دوں، لوگوں نے عرض کیا، کیوں نہیں اے اﷲ کے رسول ؐ ! آپ نے فرمایا: اﷲ کا شریک ٹھہرانا اور والدین کی نافرمانی کرنا۔(صحیح البخاری:6273)

اس کا خلاصہ یہ ہوا کہ عبادت کے بعداطاعت والدین کا درجہ ہے اور گناہ میں شرک کے بعد والدین کی نافرمانی کا درجہ ہے یہی وجہ ہے کہ والدین کے ساتھ نافرمانی کی مختلف قسم کی شدید سے شدید سزائیں وارد ہیں۔

اﷲ تعالی ایسے شخص کی طرف قیامت میں دیکھے گا بھی نہیں اور نہ ہی اسے جنت میں داخل کرے گا۔ نبیؐ کا فرمان ہے :
ترجمہ: تین شخص ایسے ہیں کہ اﷲ تعالیٰ قیامت کے دن ان کی طرف نہیں دیکھے گا: والدین کا نافرنان، مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورت اور دیوث(بے غیرت خاوند)، نیز تین شخص جنت میں داخل نہ ہوں گے۔ماں باپ کا نافرمان، ہمیشہ شراب پینے والا اور دے کر احسان جتلانے والا۔(صحیح النساء:2561)
ایسے شخص اﷲ کی لعنت کا بھی مستحق ہے ، نبی ؐ کا فرمان ہے :ترجمہ: جو اپنے والدین کی نافرمانی کرتا ہے وہ ملعون ہے۔(صحیح الترغیب:2420)

ایسے شخص کا کوئی بھی عمل اﷲ کے یہاں مقبول نہیں ہے ، نہ تو فریضہ اور نہ ہی نوافل۔ نبیؐ کا فرمان ہے :ترجمہ: تین آدمیوں کا صرف وعدل (عمل) قبول نہیں کیا جائے گا۔ والدین کے نافرمان، احسان جتلانے والا اور تقدیر کے انکار کرنے والا کا۔(صحیح الترغیب:2513)

ایسے لوگ اﷲ کی رحمت سے دور، ہلاکت وبربادی کے قریب ہیں۔ جب آپؐ پہ منبر پر تو جبریل علیہ السلام نے کہا :ترجمہ: دوری اور ہلاکت ہو اس کیلئے جنہوں نے اپنے والدین یا ان میں سے کسی کو بڑھاپے میں پایا اور جنت میں نہ داخل ہوسکا۔ تو نبیؐ نے اس پہ آمین کہی۔(صحیح الترغیب:1677)

ان کے علاوہ بھی سزائیں ہیں ، ان سزاؤں کا مطلب ہے کہ والدین کا نافرمان اﷲ کی نظر میں بہت ہی برا آدمی ہے اس لئے اس کی سزا بھی دنیا وآخرت میں بہت بری ہے اور والدین کا خدمت گزار اﷲ کی نظر میں بہت اچھا آدمی ہے اس لئے وہ دنیا میں بھی اﷲ کے خاص فضل واحسان کا مستحق ہے اور آخرت میں بھی بہتر سے بہتر بدلہ ہے۔

اﷲ تعالی سے دعا ہے کہ ہمیں والدین کی خدمت کی توفیق بخشے اور ان کی نافرمانی سے بچائے۔ آمین

Abdul Aziz
About the Author: Abdul Aziz Read More Articles by Abdul Aziz: 4 Articles with 3766 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.