سنکیانگ کا انٹرنیشنل گرینڈ بازار

سیاحوں کے نزدیک سنکیانگ کے دارالحکومت ارمچی میں واقع انٹرنیشنل گرینڈ بازار ایک خوبصورت جادوئی جگہ ہے جسے متنوع ثقافت ، خوبصورت لوک رواج ، مقامی زائقہ دار کھانوں اور یادگار مقامات کے باعث دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔گرینڈ بازار کی پر رونق گلیاں اور لوگوں کا جم غفیر اسے سنکیانگ کے مشہور ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک بنا دیتا ہے ۔ دنیا بھر سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد جب بھی سنکیانگ آتی ہے تو اُن کی مصروفیات میں انٹرنیشنل گرینڈ بازار کا دورہ بھی ضرور شامل ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ چین میں عام تعطیلات کے دوران مقامی سیاحوں کے لیے بھی یہ ایک انتہائی پرکشش مقام ہے ، یہی وجہ ہے کہ یہاں سالانہ چار کروڑ سے زائد سیاح آتے ہیں۔ارمچی میں قیام کے دوران گرینڈ بازار جانے کا خوشگوار تجربہ مدتوں یاد رہے گا۔

تقریباً ایک لاکھ مربع میٹر پرمحیط یہ دنیا کا سب سے بڑا بازار کہلاتا ہے ۔ اس کا تعمیراتی رقبہ فٹبال کے چھ اسٹیڈیمز کے مساوی ہے۔ گرینڈ بازار میں 3300 سے زائد دکانیں یا اسٹورز موجود ہیں جہاں 6000 سے زائد لوگ برسرروزگار ہیں۔گرینڈ بازار کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اسے"سنکیانگ کی کھڑکی" "وسطی ایشیا کی کھڑکی" اور " دنیا کی کھڑکی "جیسے نام دیے گئے ہیں۔ اسی باعث یہاں ہر وقت ایک میلے کا سا سماں رہتا ہے، سیاحوں اور مقامی لوگوں کی تفریح کے لیے بازار مختلف قسم کی مصنوعات پیش کرتا ہے ، جیسے متنوع کھانے ، ملبوسات ، آلات ، آرائشی اشیاء ، منفرد موسیقی اور رقص وغیرہ ۔سیاح نہ صرف مقامی ثقافتوں کا مشاہدہ کر سکتے ہیں بلکہ وسط ایشیائی ممالک کی ثقافت اور فن سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

گرینڈ بازار کو چین میں قومی سطح کی ثقافتی صنعت کا اہم مظہر قرار دیا جاتا ہے۔یہاں 6 اہم عمارتیں اور ایک اٹھاسی میٹر اونچا سیاحتی ٹاور بھی ہے۔ یہاں سنکیانگ کی مقامی خاص مصنوعات ، خشک میوہ جات ، قومیتی ملبوسات ، قیمتی پتھر ، قومیتی دستکاری وغیرہ کا کاروبار کیا جاتا ہے۔ گرینڈ بازار میں پیدل چلنے والی گلی کا کل رقبہ 0.022 مربع کلومیٹر ہے اور اسے تین علاقوں اے بی سی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایریا اے کی لمبائی 370 میٹر ہے۔ یہ بنیادی طور پر سنکیانگ کی مخصوص ثقافتی ، تخلیقی ، اور غیر مادی ثقافتی ورثے کی نمائش پر مرکوز ہے۔ ایریا بی 170 میٹر طویل ہے ،یہاں بنیادی طور پر سنکیانگ کی یلی ، ہامی ، ہوتان ، نانشان رینچ کی مخصوص سیاحتی مصنوعات پیش کی جاتی ہیں ۔ ایریا سی کی لمبائی 190 میٹر ہے اور اسے "بازار فوڈ ڈسٹرکٹ" کہا جاتا ہے ، یہاں بنیادی طور پر سیاح سنکیانگ کے مخصوص روایتی کھانوں سے لطف اٹھا سکتے ہیں۔ بازار کے دورے کے دوران پاکستانی مصنوعات بھی دیکھیں جن میں لکڑی پر انتہائی نفاست سے کام کیا گیا ہے ،اس کے علاوہ دیگر پاکستانی ساختہ آرائشی اشیاء بھی قابل دید ہیں۔ سنکیانگ کے مقامی تاجروں نے انتہائی خوشی سے بتایا کہ یہ آپ کے ملک کے کاریگروں کا شاہکار ہیں۔

گرینڈ بازار سلک روڈ سیاحتی ٹاور اس وقت سنکیانگ کے بہترین نظارے کے لیے بلند ترین مقام ہے۔یہاں سیاحوں کی کوشش ہوتی ہے کہ پیدل چلنے والی گلی کی خوبصورتی کا 360 ڈگری کا نظارہ کرسکیں اور سنکیانگ کی مجموعی خوبصورتی کو بھی ایک منفرد انداز سے دیکھ سکیں۔

گرینڈ بازار کا زکر نان کے بغیر ادھورا ہے ۔نان سنکیانگ کے لوگوں کی بنیادی خوراک میں شامل ہے۔ گرینڈ بازار کی سیر کے دوران آپ نان کی مختلف اقسام سے لطف اٹھا سکتے ہیں۔حالیہ عرصے میں سنکیانگ کی نان صنعت نے زبردست ترقی کی ہے اور کاشغر ، ہوتان ، ترپان اور حامی جیسے علاقوں کے نان نہ صرف چین بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہیں۔سنکیانگ کے مختلف علاقوں کی نان کی پیداوار میں بھی ورائٹی موجود ہے ،یہی وجہ ہے کہ سیاح سنکیانگ کے گرینڈ بازار میں 100 مختلف اقسام کے نان دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں آنے والے سیاح اگر تھکاوٹ محسوس کریں تو اُن کے آرام کے لیے بھی ایک جگہ مختص ہے جہاں وہ سنکیانگ کی خصوصی نمکینچائے سے تازہ دم ہو سکتے ہیں اور گرما گرم نان سے چائے کا لطف دوبالا کر سکتے ہیں۔

سنکیانگ کی ثقافت میں موسیقی اور رقص کا بھی ایک نمایاں مقام ہے، اسی باعث گرینڈ بازار کو ثقافتی پرفارمنگ آرٹ مرکز کا درجہ بھی حاصل ہے۔یہاں فنکار ہر روز مختلف اوقات میں گیت اور رقص کی پرفارمنس پیش کرتے ہیں ،جسے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے نزدیک انتہائی پسندیدگی کا درجہ حاصل ہے۔ یہاں مختلف دکانوں پر مقامی دستکاریوں سمیت موسیقی کے آلات بھی مل سکتے ہیں۔ سنکیانگ کے ذہین لوگ موسیقی کے آلات بناتے وقت روایتی کاریگری کو برقرار رکھتے ہیں اور وقت کے ساتھ رفتار برقرار رکھنے کے لیے جدید مقبول عناصر کو شامل کرتے رہتے ہیں۔

یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ گرینڈ بازار کی انتظامی کمیٹی ہمیشہ "جدید ، مربوط ، گرین ، کشادہ اور اشتراکی" ترقیاتی تصور پر کاربند رہی ہے ۔ سیاحت کو مرکزی لکیر کے طور پر فروغ دیتے ہوئے ساختی اصلاحات پر عمل پیرا رہا گیا ہے اور سیاحتی سہولیات کی مسلسل بہتری کو یقینی بنایا گیا ہے ،اسی کا نتیجہ ہے کہ گرینڈ بازار میں موسم گرما کے دوران روزانہ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ جبکہ سردیوں میں روزانہ 30 ہزار سیاح آتے ہیں۔تعطیلات کے دوران یہ تعداد روزانہ تین لاکھ سیاحوں تک بھی پہنچ جاتی ہے۔ہمارے میزبانوں نے عشائیے کے لیے گرینڈ بازار کے ایک معروف ریستوران کا انتخاب کیا جہاں مقامی کھانوں اور مشروبات سے بھرپور لطف اٹھایا۔

سنکیانگ میں سیاحت کی معیشت نے پائیدار اور تیز رفتار ترقی حاصل کی ہے ، سیاحت کی صنعت نے سماجی استحکام اور نسلی اتحاد کی بہترین فضا تشکیل دی ہے جس سے مقامی باشندے وسیع پیمانے پر مستفید ہو رہے ہیں اور اُن کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔



 
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 962 Articles with 411925 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More