چین میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپک گیمز میں اب پچاس
روز سے بھی کم وقت باقی بچا ہے۔ اس وقت اولمپکس کے کامیاب انعقاد کے لیے
تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس میں دنیا بھر کے ٹاپ ایتھلیٹس
شرکت کر رہے ہیں۔بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اور بیجنگ کے متعلقہ انتظامی
ادارے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے کامیاب انعقاد کے لیے پراعتماد ہیں۔یہ امر
قابل زکر ہے کہ دنیا میں اس وقت وبائی صورتحال بالخصوص اومی کرون کے نئے
چیلنج کے باوجود چین نے انسداد وبا کے بہترین انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے
شائقین کو فروری 2022 میں شیڈول کے مطابق سرمائی اولمپک کھیلوں سے محظوظ
کرنے کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں ، وگرنہ باقی دنیا میں دیکھا گیا ہے
کہ کھیلوں کے کئی مقابلے وبا کی وجہ سے ملتوی کیے گئے ہیں۔
یہاں بھی چین نے صحت عامہ کے تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے اور تمام شرکاء کو
صحت کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے ۔ بیجنگ سرمائی اولمپکس کی انتظامی کمیٹی
سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں نے اس عزم کا بھرپور اظہار کیا ہے کہ وبائی
صورتحال سمیت دیگر کسی بھی ایمرجنسی سے موئثر نمٹنے کا لچکدار نظام فعال ہو
چکا ہے ، انتظامیہ نے ہر قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاریاں
کی ہوئی ہیں۔یہ بات اچھی ہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے دوران انسداد وبا
کے لیے "کلوزڈ لوپ مینجمنٹ" کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ وبا سے
متعلقہ ہر مسئلے کو حل کیا جا سکے ۔اس ضمن میں 13 دسمبر کو جاری ہونے والے"
بیجنگ 2022 پلے بک" کے دوسرے ایڈیشن کی بنیاد پر، منتظمین اور صحت کے حکام
نے سرمائی اولمپکس کے شرکاء کے لیے وضع کردہ پروٹوکول کی مفصل وضاحت بھی کی
ہے۔انسداد وبا کے تناطر میں اولمپکس میں شریک تمام افراد کی مکمل طور پر
ویکسی نیشن ضروری ہے اور بیجنگ 2022 کے سرمائی اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز
سے وابستہ تمام کھلاڑیوں، عہدیداروں اور دیگر متعلقہ افراد کے قیام کے
دوران ایک کلوزڈ لوپ مینجمنٹ سسٹم لاگو کیا جائے گا۔سرمائی گیمز کے ایسے
تمام شرکاء جن کی چین روانگی سے قبل کم از کم 14 روز پہلے مکمل ویکسی نیشن
ہو چکی ہو ، بیجنگ آمد پر اس انتظامی نظام میں داخل ہو جائیں گے۔ اس نظام
کے تحت بیجنگ سرمائی اولمپکس اور سرمائی پیرا اولمپکس ایک بہت بڑے " بائیو
سکیور ببل" میں منعقد ہوں گے۔ اس " ببل" میں آمد و روانگی، نقل و حمل،
رہائش، کیٹرنگ، گیمز، افتتاحی اور اختتامی تقریبات اور سرمائی اولمپکس کی
مناسبت سے تمام مقامات شامل ہیں ۔ "کلوزڈ لوپ مینجمنٹ " کے تحت کسی ایتھلیٹ
یا دیگر شرکاء کی سرگرمیوں پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی جائے گی ۔ لوپ
کے اندر لوگ نقل و حمل کے لیے مختص ذرائع سے رہائشی مقامات ، اسٹیڈیمز اور
سرمائی گیمز کے تینوں شہروں کے درمیان آزادانہ نقل و حرکت کر سکیں گے۔ اس
کے ساتھ ساتھ کلوزڈ لوپ مینجمنٹ کے علاقوں میں خصوصی کیٹرنگ، خوردہ فروش
دکانیں ، کیفے، جم اور دیگر تفریحی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ ہر
کوئی ایک بہتر تجربہ کر سکے ۔
اس ضمن میں منتظمین کی جانب سے تمام شرکاء کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ چین
آنے سے قبل بوسٹر شاٹس بھی لگوا لیں جبکہ گیمز میں "ٹیسٹ، ٹریس اور آئسولیٹ
اصولوں" کے تحت نیوکلک ایسڈ ٹیسٹ یومیہ بنیادوں پر کیے جائیں گے۔اولمپک
ویلج میں بھی نیوکلک ایسڈ ٹیسٹنگ کا نظام موجود ہے جو تیزی سے نتائج جاری
کر سکتا ہے۔ایسے ایتھلیٹس جو کسی بھی "مثبت کیس" کے قریبی رابطے میں پائے
جاتے ہیں انہیں ٹیسٹ پروٹوکول کا مشاہدہ کرنے کے بعد ہی مقابلے میں شریک
ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ گیمز سے چھ گھنٹے قبل ایتھلیٹس کا کووڈ۔19 منفی
ٹیسٹ ہی ان کے میدان میں اترنے کی ضمانت ہے ۔منتظمین اس حوالے سے پر اعتماد
ہیں کہ انسداد وبا کے بہترین اقدامات کی بدولت گیمز کا محفوظ انعقاد یقینی
بنایا جائے گا ۔اس سلسلے میں بیجنگ میونسپل حکام نے سینکڑوں تجربہ کار
ہیلتھ ورکرز اور طبی ماہرین کو متحرک کیا ہے، اور بیجنگ کے ہسپتالوں نے
گیمز سے متعلق طبی خدشات سے نمٹنے کے لیے محکموں کو نامزد کیا ہے۔ اس سے
قبل بھی وبا کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے چین کی حاصل شدہ کامیابیاں اور
موئثر تجربات سرمائی اولمپکس کے محفوظ اور ہموار انعقاد کی ضمانت دیتے
ہیں۔ان تمام اقدامات کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے کہبیجنگ سرمائی اولمپکس
بھی شائقین اور ایتھلیٹس کی توقعات پر پورا اتریں گے۔سرمائی گیمز کی شاندار
تیاری اور کامیاب انعقاد سے یقینی طور پر دنیا بھی چینی عوام کے جوش و خروش
اور مہمان نوازی کو محسوس کر پائے گی۔
|