چین میں عید کی خوشیاں

چین میں پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے تقریباً چھ برسوں میں متعدد مرتبہ یہ مواقع ملے کہ مختلف صوبوں کے دورے کیے جائیں اور اکثر ایسا ہوا کہ پاکستانی تہواروں مثلاً عیدین یا پھر قومی دنوں کی مناسبت سے مختلف علاقوں میں جانے کا خوشگوار اتفاق ہوا۔چودہ اگست ،تیئیس مارچ ، عیدین ،رمضان المبارک کے دوران چین کے مختلف حصوں میں جانے کا ایک فائدہ تو یہ ہوا کہ یہاں قیام پزیر پاکستانیوں کے حالات زندگی سے واقفیت ملی ، دوسرا چینی سماج اور مسلمانوں کے حالات زندگی ،رسوم و رواج اور اخلاقی قدروں کو قریب سے سمجھنے اور دیکھنے کا موقع ملا۔

بیجنگ میں چونکہ مستقل قیام ہے لہذا عید کے موقع پر کوشش رہتی ہے کہ یہاں پاکستانی سفارت خانے کی مسجد میں نماز عید ادا کی جائے۔پاکستانی سفیر معین الحق انتہائی خوشگوار طبیعت کے مالک ہیں اور عید یا دیگر تہواروں کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے گھلنا ملنا اُن کی شخصیت کا وتیرہ ہے۔نماز عید کے بعد وہ فرداً فرداً تمام لوگوں سے عید ملتے ہیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔نماز عید کے بعد سفارت خانے میں تعینات پاکستانی عملے سے خالصتاً پاکستانی انداز میں عید ملتے ہوئے گھر سے دوری کا احساس قدرے کم ہوجاتا ہے اور اجتماعی خوشی کا ایک زبردست احساس ہوتا ہے۔ سفارت خانے میں ہمارے دوست عید الفطر کی مناسبت سے خصوصی اہتمام بھی کرتے ہیں اور گھر کے بنے میٹھے پکوانوں سے ہم پردیسی دوستوں کی تواضع کی جاتی ہے۔پاکستانی کڑک چائے ،روایتی میٹھے پکوان اور عید کے پرمسرت موقع پر تمام دوستوں کے خوشیوں سے بھرپور قہقہے سفارت خانے کی رونقوں کو مزید دوام بخشتے ہیں اور ہمیں بھی ایک نئی تازگی ملتی ہے۔

پاکستانی سفارت خانے میں یہ خوشیاں سمیٹنے کے بعد گھر کا رخ کیا جائے تو ہمارے چینی دوست منتظر رہتے ہیں۔ہمارے دفتر کے تمام چینی ساتھی انتہائی پرتپاک انداز سے عید کی مبارکباد دیتے ہیں اور خوشی کی بات یہ بھی ہوتی ہے کہ اُن میں سے اکثر نے روایتی پاکستانی شلوار قمیض زیب تن کیا ہوتا ہے جو اُن کی پاکستانی ثقافت اور تہواروں سے وابستگی کا بہترین مظہر ہے۔ ہمارے دیگر چینی دوست بھی عید کی مناسبت سے سوشل میڈیا پر "عید مبارک" کے پیغامات کا تبادلہ کرتے ہیں ،جس سے چین پاک روایتی دوستی کی مضبوطی بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔اچھی بات یہ بھی ہے کہ دفتر کا یہ خوشگوار ماحول ہماری توانائی میں مزید اضافہ کرتا ہے ، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم ایک خاندان کی مانند ہیں ،ہمارا تعلق صرف پیشے یا دفتری کام کی حد تک محدود نہیں ہے بلکہ ہماری خوشیاں اور دکھ سکھ بھی سانجھے ہیں۔ چینی ساتھیوں کا اپنائیت بھرے انداز میں ہمیں عید مبارک کہنا اور ہم پاکستانیوں کے اعزاز میں عید کی مناسبت سے سرپرائز عید پارٹیز کا اہتمام ،آؤٹ ڈور تفریح اور کیک کاٹنے وغیرہ جیسی سرگرمیاں ، شائد ان جذبات کا اظہار الفاظ میں ممکن نہیں۔اسی طرح دفتر کی ہماری چینی خواتین ساتھی عید کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز بھی ترتیب دیتی ہیں اور پاکستانی دوستوں کو اپنے اپنے منفرد لب و لہجے میں عید کی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔پاکستانی حلقوں میں یہ چاروں چینی خواتین بے حد مقبول ہیں اور اردو زبان پر اُن کی مہارت اور روانی ، سوشل میڈیا پر پاکستانی ناظرین کو بے حد بھاتی ہے۔پاکستانی ناظرین انہیں بے حد سراہتے ہوئے توصیفی کلمات بھی تحریر کرتے ہیں۔

روایتی پاکستانی کھانوں کے بغیر تو عید کا لطف کچھ پھیکا پھیکا سا لگتا ہے۔ یہاں ہمارے بڑے بھائی اور چین میں ہر دلعزیز پاکستانی شخصیت زبیر بشیر کا تذکرہ آتا ہے۔زبیر بھائی ماشاءاللہ اپنے خاندان کے ساتھ بیجنگ میں قیام پزیر ہیں اور پاکستان سے جڑا کوئی بھی تہوار ہو ، پاکستانی کھانوں سے دوستوں کی تواضع اُن کا خاصہ ہے۔ عید کے موقع پر شام کا کھانا ہمیشہ زبیر بھائی کے گھر تناول کیا جاتا ہے اور اس موقع پر نہ صرف ہم پاکستانی دوست بلکہ چائنا میڈیا گروپ کی مختلف سروسز میں کام کرنے والے مسلم ممالک بشمول افغانستان ، بنگلہ دیش ،سوڈان ،مصر کے دوستوں کو بھی مدعو کیا جاتا ہے ۔تمام دوست بریانی ، قورمہ ،کڑاہی ،کباب،دہی بھلے اور دیگر کھانوں سے بھرپور لطف اٹھاتے ہیں اور یہاں بھی میٹھے میں روایتی پاکستانی کھیر بھی لازماً شامل ہوتی ہے۔ہمارے بھتیجے احمد میاں چائے پکانے کے زبردست ماہر ہیں اور اسی چائے کے ساتھ خوش گپیوں میں ہماری محفل برخاست ہوتی ہے۔

عید کے موقع پر یہ کوشش بھی رہتی ہے کہ چین بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے بات کی جائے اور انہیں عید کی مبارکباد دی جائے۔ چین میں قیام پزیر پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد طلباء پر مشتمل ہے اور تیس ہزار سے زائد پاکستانی طلباء اس وقت دارالحکومت بیجنگ سمیت دیگر چینی شہروں کی جامعات میں زیرتعلیم ہیں۔ چینی سوشل میڈیا وی چیٹ کے ذریعے پاکستانی ہم وطنوں کے ساتھ عید مصروفیات سے متعلق بات چیت کی جاتی ہے اور اسی میڈیا کے ذریعے پاکستان میں موجود اپنے اہل خانہ اور دیگر عزیز و اقارب کے ساتھ بھی گپ شپ رہتی ہے۔ یوں چین میں عید الفطر کی میٹھی عید ، اچھی اور میٹھی یادوں کے نقوش چھوڑتے ہوئے گزر جاتی ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 616714 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More