چین میں سفری سرگرمیاں تیزی سے بحال

چین میں کووڈ۔ 19 پابندیوں کے اقدامات میں نرمی کے بعد ملک میں سفری سرگرمیاں تیزی سے بحال ہو چکی ہیں۔ چائنا ریلوے کے مطابق صرف گزشتہ جمعہ کو ہی ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد مسافر ٹرینوں کے ذریعے تقریباً 35 لاکھ مسافر وں نے سفر کیا۔یہ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک میں مزید سفری سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گے۔اس ضمن میں اسٹیشن میں داخل ہونے اور باہر نکلنے والے مسافروں کے لئے چینلز کو بہتر بنایا گیا ہے، اور مسافروں کی معاونت کی خاطر ٹکٹ ہالز، داخلی راستوں، ویٹنگ لاؤنج اور پلیٹ فارمز سمیت دیگر اہم مقامات پر اضافی عملے کا انتظام کیا گیا ہے. ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کے ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لئے اسٹیشن کے اندر اور باہر مسافروں کی ضروریات کے عین مطابق انہیں "پری سروس" پیش کی جا رہی ہے۔ چائنا ریلوے کے مطابق ریلوے مسافروں کو اب سفر کرنے کے لئے 48 گھنٹوں کے اندر نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ یا ہیلتھ کوڈ کے منفی نتائج فراہم کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ریلوے مسافروں کی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مزید ٹرین خدمات دوبارہ شروع کی جائیں گی۔ چائنا ریلوے حکام کے مطابق وہ سفری سرگرمیوں کے موجودہ رجحان کے درست تجزیے کی خاطر ٹرین ٹکٹ بکنگ پلیٹ فارم 12306 ، بگ ڈیٹا سسٹم اور دیگر پلیٹ فارمز کا جامع استعمال کررہے ہیں ، تاکہ لوگوں کی سفری طلب کو پورا کرنے کے لئے مزید مسافر ٹرین سروس شروع کرنے سے پہلے بہتر تیاری کی جاسکے۔

یوں کہا جا سکتا ہے کہ تین سال بعد اس وقت چینی شہری آزادانہ طور پر سفر کر سکتے ہیں ۔اس کی سب سے اہم وجہ یہی ہے کہ ملک کے ٹرانسپورٹ سیکٹر نے نقل و حمل اور لاجسٹکس کو مزید ہموار بنانے کے لئے اپنے اقدامات کو اپ گریڈ کیا ہے تاکہ کووڈ 19 کی روک تھام کے حالیہ متعارف کروائے جانے والے اقدامات کی روشنی میں مسافروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ چین کی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق مختلف علاقوں اور صوبوں کی جانب سفر کرنے والے مسافروں کو اب عوامی نقل و حمل کے مقامات پر نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ یا ہیلتھ کوڈز کے منفی نتائج پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو آمد پر نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ کے مرحلے سے بھی گزرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ہموار نقل و حمل اور لاجسٹکس کو یقینی بنانے کے لئے چیک پوائنٹس کو ہٹادیا گیا ہے. فری ویز ، بندرگاہوں ، ریلوے اسٹیشنوں ، ہوائی اڈوں اور پارسل تقسیم کے مقامات پر خدماتی مراکز کو اجازت کے بغیر بند نہیں کیا جاسکتا ہے۔اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اسٹیشنز پر ڈس انفیکشن اور وینٹی لیشن کے اقدامات کو بھی مضبوطی سے نافذ کیا جائے ، ہر دو گھنٹے میں ایک بار کسٹمر سروس کے سامان اور سہولیات جیسے ٹکٹ گیٹ ، لفٹ اور بیت الخلاء کو جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔

دارالحکومت بیجنگ کی بات کی جائے تو یہاں کے دو ہوائی اڈوں پر نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ یا ہیلتھ کوڈز کے منفی نتائج میں آسانی کے ساتھ ساتھ ماضی میں لازمی تصور کی جانے والی درجہ حرارت کی جانچ پڑتال بھی منسوخ کردی گئی ہے۔مسافروں کو بیجنگ ویسٹ یا بیجنگ ساؤتھ ریلوے اسٹیشنوں میں داخل ہونے کے لیے نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ یا ہیلتھ کوڈز کے منفی نتائج پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سیکیورٹی چیک سے گزرنے والے مسافر اب اسٹیشنوں میں داخل ہونے کے لیے اپنا شناختی کارڈ اسکین کر سکتے ہیں، یہی طریقہ کار وبا سے پہلے استعمال کیا جاتا تھا۔ بیجنگ فینگ تائی ریلوے اسٹیشن پر بھی نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ کی سہولیات کو ہٹا دیا گیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ انسداد وبا پابندیوں میں نرمی کے ساتھ ہی بیجنگ سے ملحقہ شہر تھیان جن اور صوبہ ہیبی کے مسافروں نے روزگار کے سلسلے میں دارالحکومت جانے کے لیے ٹرینوں کا استعمال کیا ہے۔مسافروں کے نزدیک اب ان کے آنے جانے میں بہت آسانیاں پیدا ہوئی ہیں جو وقت اور پیسے کی بچت کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی صحت کے لیے بھی خوش آئند ہے۔اسی طرح ملک بھر میں نقل و حمل کے مقامات پر مزید آرام دہ اور پرسکون پروٹوکول بھی اپنائے گئے ہیں۔چین کی جانب سے سفری سرگرمیوں سے متعلق پابندیوں میں نرمی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چینی شہری جشن بہار کی تعطیلات اپنے گھر والوں کے ساتھ منانے کی تیاری کر رہے ہیں ، یوں بہت جلد ہمیں ایک مرتبہ پھر دنیا کی سب سے بڑی سفری سرگرمی پورے جوش و خروش کے ساتھ دیکھنے کو ملے گی۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1387 Articles with 662799 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More