چین میں تفریحی سرگرمیوں کا جوش عروج پر

چین کے روایتی تہوار جشن بہار میں بس چند ہی دن باقی ہیں لیکن اس وقت ملک بھر میں تیاریاں عروج پر ہیں ، بالخصوص شاپنگ مالز شہریوں سے بھرے ہوئے ہیں جو نئے چینی سال کی خریداری سمیت جشن بہار کی خوشیاں اپنے گھر والوں کے ساتھ منانے کے لیے بے تاب ہیں۔ کووڈ۔ 19 کی روک تھام اور کنٹرول کی پالیسیوں میں مستقل بہتری کے بعد ، آہستہ آہستہ وبا کے منفی اثرات ختم ہو رہے ہیں اور تمام علاقوں کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔جشن بہار کے دوران ویسے بھی چینی شہروں میں زندگی کی مختلف رعنائیاں اور متنوع دلکش رنگ دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

شاپنگ مالز میں لوگوں کا رش دیکھ کر بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ کھپت کا رجحان مضبوطی سے فروغ پا رہا ہے اور کاروباری مواقع بھی وسیع ہو رہے ہیں۔چین کے "بے دو میپ" کی جانب سے تیار کردہ مانیٹرنگ سسٹم سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں بشمول شنگھائی ، چھونگ چھنگ، شی آن، بیجنگ اور شینزین جیسے شہروں میں شاپنگ مالز کے "کنجسشن انڈیکس" میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔بہت سے شہروں میں کاروباری اداروں نے خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لئے کھپت کے کوپن جاری کیے ہیں جن میں ریٹیل، کیٹرنگ، گھریلو ایپلائینسز، آٹوموبائل، اور ای کامرس جیسے شعبوں میں کھپت کا احاطہ کیا گیا ہے.مقامی حکومتوں نے خدمات کی خریداری کے ذریعے سینکڑوں ملین یوآن کی مالی مدد فراہم کی ہے ، جس سے شہروں اور کاؤنٹیوں میں مشترکہ طور پر کھپت کی صلاحیت کو مزید فروغ دیا گیا ہے۔
اس وقت چونکہ انسداد وبا پالیسی میں نرمی کے بعد معاشی سماجی سرگرمیوں میں ایک جوش اور ولولہ دیکھا جا رہا ہے اور معاشرہ بھرپور انداز سے دوبارہ متحرک ہو چکا ہے ، لہذا گھروں سے باہر نکلتے ہوئے مقامی سطح پر سیاحتی سرگرمیاں بھی بڑھ رہی ہیں اور سیاحت کی مارکیٹ کو بھی خاطر خواہ ترقی ملی ہے. سیاحتی مقامات بھی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔چینی وزارت ثقافت و سیاحت کے مطابق ملک میں صرف نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران ہی تقریباً 52.7 ملین مقامی سیاحوں نے سیاحتی مقامات کے دورے کیے ۔تعطیلات کے دوران سامنے آنے والی سیاحت کی آمدنی 26.5 بلین یوآن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے سے 4 فیصد زیادہ ہے. فارغ اوقات میں چینی شہری ساحلی مقامات کا رخ کر رہے ہیں ، سرمائی کھیلوں اور سرمائی مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ، ہوٹل انڈسٹری زبردست ترقی کر رہی ہے اور اکثر سیاحتی مقامات پر ہوٹل مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں۔

سیاحت اور ہوٹلنگ انڈسٹری کے ساتھ ساتھ کیٹرنگ کے شعبے میں بھی چین کی کھپت کی بحالی کی عکاسی کی گئی ہے۔ملک بھر میں کیٹرنگ کے آرڈرز کی بکنگ میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے جو اس بات کا اشارہ ہے کہ چینی شہری گھروں سے باہر نکل کر کچھ کھانا پینا چاہتے ہیں اور اپنے دوستوں کے ہمراہ تفریحی لمحات گزارنا چاہتے ہیں۔ بہت سے ریستوران گھریلو اجتماعی سرگرمیوں سے جڑے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے نئے ڈش پیکجز بھی متعارف کروا رہے ہیں۔ کیٹرنگ کی بحالی کے بعد ، فوڈ ڈیلیوری سروسز زیادہ سے زیادہ صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنے اور آن لائن اور آف لائن دونوں طرح کی بحالی کے لیے سہولت فراہم کر رہی ہیں۔اسی طرح ملک میں باکس آفس کے نتائج بھی متاثر کن ہیں۔ صرف نئے سال کی تعطیلات کے دوران چین کی فلم مارکیٹ کا باکس آفس 550 ملین یوآن تک پہنچ گیا۔ یکم جنوری کو ملک بھر میں مجموعی طور پر 10,640 سینما گھر کھولے گئے، جو 10 ماہ میں سب سے زیادہ تعداد ہے، جس کی آپریٹنگ شرح 85 فیصد ہے۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ جشن بہار کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں تفریحی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا اور چینی شہری تقریباً تین سال کے بعد ایک مرتبہ پھر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تہوار کی حقیقی خوشیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1324 Articles with 615150 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More