مجھے بابراعظم کی بیٹنگ بہت پسند ہے۔ لگتا ہے کہ اس کا
بَلّا شاعری کر ہا ہو۔۔
چند سال قبل جب بابراعظم نیا نیا ٹیم میں آیا تھا تو ایک محفل میں چند
لوگوں سے کرکٹ پر بات ہو گئی۔ میری طرح ان کے خیال میں بھی بابر اعظم نہ
صرف پاکستان، بلکہ انشاءاللہ دنیا کا بہترین بلے باز بنے گا۔ ہم نے کرکٹ کا
ایک وٹس ایپ گروپ بنایا جس میں جاوید، خالد، وسیم اور میں کرکٹ پر باتیں
کرنے لگے۔ اس کے علاوہ ٹویٹر پر بھی ہم بابر اعظم کے کلپس شیئر کرنے لگے۔
ٹویٹر پر اندازہ ہوا کہ بابر اعظم کے تو ہزاروں پرستار اور بھی ہیں جن کی
تعداد وقت کے ساتھ بڑھنے لگی۔ ہم سب ایک دوسرے کے شیئرز کو لائک اور ریٹویٹ
کرنے لگے اور بابراعظم کی کامیابیوں کا سلسہ چلتا رہا۔
پر سب اچھا نہ تھا۔ ہم نے محسوس کیا کہ ٹویٹر پر جہاں بابر اعظم کے کئی
چاہنے والے ہیں ، وہاں اس کے حاسدین بھی کم نہیں۔ اور صرف عام لوگ نہیں،
کچھ جرنلسٹ بھی اس کے اس کے دشمن بنے بیٹھے ہیں، جیسے،صہیب بٹ۔ پتہ نہیں
اسکی بابر سے کیا دشمنی ہے۔ اس کی تو خالد خوب کلاس لیتا ہے اور وسیم جو
کچھ کہتا ہے وہ یہاں بیان کرنا ممکن نہیں۔ صہیب کو تو میں نے ٹویٹر پر بلاک
کر رکھا ہے پر وسیم کے اس کو بھیجے گئے میسج دیکھتا ہوں تو کلیجے کو ٹھنڈ
پڑ جاتی ہے۔ صرف صہیب ہی نہیں ہم بابر اعظم کے سارے ناقدین کو کھری کھری
سناتے رہتے ہیں۔
جہاں صہیب جیسے جرنلسٹ ہیں تو وہاں ریاض جان جیسے اچھے جرنلسٹ بھی ہیں۔ جو
بابر اعظم کو نہ صرف سپورٹ کرتے ہیں بلکہ اس کے ایسے ایسے ریکارڈ بتاتے ہیں
جو آپ کو کرکٹ کی اچھی سے اچھی ویبسائیٹ پر بھی نہیں ملیں گے۔ ریاض صاحب کے
مطابق یہ سب بھارت سے چلتی ہیں اور ان کو پاکستانیوں کی کامیابیاں ہضم نہیں
ہوتیں۔ ریاض صاحب کی بابر سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ
بندہ ہیرا ہے ہیرا۔ پر ڈر لگتا ہے کہ اسے دشمن کی نظر نہ لگ جائے۔
ابھی چند ماہ پہلے ریاض صاحب نے اپنے وی لاگ میں بتایا کہ کیسے بھارتی کرکٹ
بورڈ پانی کی طرح پیسہ بہا رہا ہے کہ دوسرے ملکوں کی لیگ اور کاؤنٹی کرکٹ
میں بابر کو منتخب نہ کیا جاسکے اور کیسے پورا زور لگا رہا ہے کہ بابر اعظم
کے خلاف کوئی سکینڈل بن جائے اور وہ کرکٹ سے باہر ہو جائے جیسا اس نے عامر،
آصف اور سلمان بٹ کو کیا۔ انہیں تو لگتا ہے کہ پاکستانی بورڈ بھی تقریباً
بک چکا ہے۔ اپنی صفوں میں غدار چھپے ہوں تو دشمن ضرور کامیاب ہو جاتا ہے۔
اب جاوید کو ہی دیکھ لیں، وٹس ایپ پر کیسے کوہلی کی تعریفیں کرنا شروع
ہوگیا تھا۔ وسیم اور خالد نے اسے خوب سنائیں۔ اب خاموش رہتا ہے، یقیناً
بابر اعظم کے فیل ہونے کا انتظار کرہا ہے اور جس دن بابر جلدی آؤٹ ہوگا تو
اپنے بل سے نکل کر یہ غدار ڈسنے آ جائے گا۔ مجھے تو یقین ہے یہ بھارتی بورڈ
سے پیسے بھی لیتا ہوگا۔ وسیم تو اب جاوید کو گروپ سے نکالنے کا فیصلہ کر
چکا ہے- لیکن اس سے پہلے خالداپنے کچھ اور ہم خیال دوستوں کو گروپ میں ڈالے
گا جو اس کی خوب عزت افزائی کریں گے۔
ریاض صاحب کے مطابق یہ حق و باطل کی جنگ ہے، ہمیں اس جہاد میں بڑھ چڑھ کر
حصہ لینا ہے۔ یقین مانئے اب تو ہم سے ریاض صاحب پر تنقید بھی برداشت نہیں
ہوتی۔ چند کرائے کے ٹٹو بھارتی ویبسائیٹس سے اعداد و شمار نکال کر ان کو
غلط ثابت کرنے کی جب بھی کوشش کرتے ہیں ہم ان کو کھری کھری سنادیتے ہیں۔
مجھے تو اب کامیابی کافی قریب محسوس ہونے لگی ہے، کیونکہ بابر اعظم کے
مداحوں کے شور میں ناقدین کی آوازیں ماند پڑتی جا رہی ہیں۔
|