اتنا آسان بھی نہیں فطرت سے ہم آہنگ رہنا۔

ہمارے لئے فطرت کے نظام میں خالقِ کائنات کا پہلا قدم ہی نہایت مشکل ہے جس کے ساتھ اپنے آپ کو ہم آہنگ رکھ پائیں بلکہ بعض اوقات تو ناممکن سا لگتا ہے کہ ہمارے اپنے بچے ہمارا کہنا نہ مانیں اور ہم در گذر کر دیں جیسے خالقِ کائنات نے جِنوں کے سردار یا فرشتوں کے سردار کی حکم عدولی پر کیا جس نے آدم کوسجدہ نہ کر کے اپنے خالق کے حکم کی خلاف ورزی کی اور اس کو قیامت تک کے لئے معاف کردیا گیا۔ ہم اول تو کسی انسان کی تخلیق نہیں کر سکتے بلکہ ہمارے ماتحت کام کرنے والے لوگوں کی حکم عدولی برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے جو ہمارے دئے گئے معاوضہ کے محتاج ہوتے ہیں۔گویا ہم انسانوں میں برداشت کا عنصر اس درجہ کا ہونا ناممکن نظر آتا ہے ۔ ہم چھوٹی چھوٹی باتوں کا بدلہ لینے میں فخر محسوس کرتے ہیں خواہ وہ کسی کے ساتھ ہو۔عفو و درگذر تو ہماری زندگی میں شجرِ ممنوعہ کی حیثیت رکھتا ہے حالانکہ اس عمل سے ہماری صحت پر اس قدر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں کہ شاید کسی مہنگے سے مہنگے طریقئہ علاج یا غذائیت سے بھی نہ ہوں۔ جتنی خوشی و راحت کسی کو معاف کرنے سے ملتی ہے اتنی کسی اور شے سے مل ہی نہیں سکتی یہ آزمائی ہوئی بات ہے۔
کسی انسان کو غلطی کرنے پر معاف کر دینا تو ہمارے ذہن میں بعد میں آتا ہے بلکہ ہم تو اس کو سزا دینے کے بارے میں پہلے سوچنا شروع کر دیتے ہیں کہ کونسی ایسی سزا دی جائے جو اس کو عمر بھر یاد رہے اور اس کا برملا اظہار کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔کسی کی چھوٹی سی غلطی کو معاف کرنا تو ہماری فطرت میں ہے ہی نہیں بلکہ اس کی سزا دینا گویا فرض کیا گیا ہے ہم پر۔ جب کہ عفو و درگذر تو اس سے بالا ایک اور درجہ ہے جس میں غلطی کرنے والے کو اس بات کا احساس ہی نہیں ہونے دیا جاتا کہ اس سے کوئی غلطی سرزد ہوئی ہے، اس کو ندامت کی کیفیت میں مبتلا نہ ہونے دینا عفو و در گذر کرنے والوں کی شان سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
اب ذرا سوچئے کہ خالقِ کائنات کا اشرف المخلوقات کے لئے جو پہلا سبق ہے وہ کسی کو معاف کردینا ہے یا یوں کہیں تو بھی غلط نہ ہوگا کہ کسی دوسرے انسان کی غلطی کو برداشت کر لینا سب سے پہلے سکھایا گیا باقی اعمال تو اس کے بعد کی باتیں ہیں۔اسی لئے شاید فطرت کے اس عمل سے ہم آہنگ ہونے والے کا درجہ بہت بلند گردانا جاتا ہے۔
Syed Musarrat Ali
About the Author: Syed Musarrat Ali Read More Articles by Syed Musarrat Ali: 184 Articles with 150869 views Basically Aeronautical Engineer and retired after 41 years as Senior Instructor Management Training PIA. Presently Consulting Editor Pakistan Times Ma.. View More