چین میں جاری ایشین گیمز کے میزبان شہر ہانگ چو نے کھیلوں کے اس بڑے اور جامع ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے زبردست انتظامات کیے ہیں۔یہ بات قابل زکر ہے کہ ایشین گیمز کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا ایڈیشن ہے جس میں 45 ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ساڑھے بارہ ہزار ایتھلیٹس 40 کھیلوں کی 61 کیٹگریز کے 481 مقابلوں میں شریک ہیں۔یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے ہانگ چو ایشین گیمز ولیج کے علاوہ، جس میں پانچ ذیلی ولیج ہیں، بعد میں کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں کے لیے تین مزید مقامات کا اضافہ کیا گیا ہے، لہذا استقبالیہ کی گنجائش مسلسل بڑھ رہی ہے۔
زبان کی خدمات کے لحاظ سے ، سائٹ پر اور ریموٹ ترجمانی دونوں دستیاب ہیں ، اور کھلاڑی چینی ، عربی ، انڈونیشی ، تھائی اور ویتنامی سمیت نو زبانوں میں ترجمانی ہاٹ لائن ڈائل کرسکتے ہیں۔طبی امداد کے معاملے میں، 40 سے
زیادہ اسپتال ایشین گیمز کے لئے نامزد کیے گئے ہیں۔ کور اسپورٹس زونز میں تقریباً 127 میڈیکل پوائنٹس فعال ہیں، جس میں مختلف سہولیات میں 133 میڈیکل رومز اور تماشائیوں کو بروقت علاج معالجے کی فراہمی کے83 زونز شامل ہیں۔ منتظمین نے بیرونی تقریبات کے لئے ایئر ایمبولینس ہیلی کاپٹر بھی تعینات کیے ہیں۔
ایشین گیمز کے دوران تقریباً انیس سو طبی اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں، بروقت طبی سہولیات کو یقینی بنانے کی خاطر ایک کثیر الجہتی طبی اور ہنگامی نیٹ ورک تشکیل دیا گیا ہے جس میں میڈیکل پوسٹس، وینیوز میں ڈسپنسری، ایشین گیمز ولیج کا پولی کلینک، بیرونی سطح پر نامزد اسپتال، ایمرجنسی ایمبولینس اور یہاں تک کہ ایمبولینس ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔یوں طبی بچاؤ اور تعاون کے حوالے سے ضمانت پر مبنی میکانزم کے پورے کمانڈ سسٹم کی تکمیل کی گئی ہے۔
میڈیا سہولیات کی بات کی جائے تو 19 ویں ایشین گیمز کے مین میڈیا سینٹر (ایم ایم سی) نے ایشین گیمز کی جامع کوریج کے لیے دنیا بھر سے میڈیا اداروں اور مجاز براڈکاسٹرز کی آمد کا خیر مقدم کیا ہے۔ایم ایم سی ہانگ چو ایشین گیمز میں رجسٹرڈ صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے لئے ایک مرکزی تعاون پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے۔ میڈیا سینٹر کی جانب سے ہانگ چو اور پانچ دیگر شہروں میں 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک شیڈول کھیلوں کے ایونٹ کے دوران 10 ہزار سے زائد پیشہ ور افراد کی میزبانی کی جا رہی ہے۔گیمز کی کوریج کے حوالے سے چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے شاندار اقدامات کیے ہیں ،سی ایم جی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ہانگ چو میں ایک شاندار اور جدید ایشین گیمز کے انعقاد کے حوالے سے پراعتماد ہیں کیونکہ یہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20 ویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد کے بعد چین میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا اور اعلی سطح کا بین الاقوامی جامع کھیلوں کا ایونٹ ہے۔ ہانگ چو ایشین گیمز کے بڑے نشریاتی ادارے کی حیثیت سے، سی ایم جی دنیا بھر کے ناظرین کو تمام مقابلوں کی بہترین کوریج فراہم کر رہا ہے،ساتھ ساتھ چین کے بارے میں مستند اور جامع نقطہ نظر تخلیق کرنے کے لئے نئی ٹیکنالوجیز کا مسلسل استعمال بھی کوریج کا نمایاں خاصہ ہے۔ ایشین گیمز کے سبز تصور کے تحت ، مرکزی میڈیا سینٹر اپنے ڈیزائن اور توانائی کے استعمال دونوں کے لحاظ سے سبز اور پائیدار طریقوں پر عمل پیرا ہے۔دنیا بھر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے 10 ہزار سے زائد صحافی یہاں کام کرتے ہوئے اپنے قلم اور کیمروں کے ذریعے ایشیا کے کھیلوں کی اہم کہانیوں کو رپورٹ کر رہے ہیں۔دریں اثنا، ایشین گیمز کی مناسبت سے سی ایم جی نے ثقافتی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا ہے جس میں ایشیائی فنکاروں کی تخلیقات کو اجاگر کیا جا رہا ہے ،ثقافتی سرگرمیوں میں ایشیا بھر کے تقریباً 100 فنکاروں کے فن پاروں کو مختلف چینلز کے ذریعہ مسلسل نشر کیا جائے گا۔یوں ناظرین اور شائقین کو ایشین گیمز کے دوران زبردست مقابلوں کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی ثقافت کے بارے میں بھی جاننے کا موقع مل رہا ہے جو یقیناً ہم آہنگی کے فروغ میں ایک پل کی مانند ہے۔
|