چین میں اسپرنگ فیسٹیول اور ڈریگن کا نیا سال 10 فروری سے شروع ہو رہا ہے.اس وقت ملک بھر میں چینی عوام اسپرنگ فیسٹیول کی خریداری میں مصروف ہیں اور زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔اس تہوار کے موقع پرچین میں نئے کپڑے پہننا نئے سال کی روایت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے نوجوان اپنے نئے سال کے سوٹ کے طور پر روایتی ملبوسات کا انتخاب کرتے ہیں.مجموعی طور پر نئے سال کے جشن کا ماحول انتہائی متحرک اور جاندار ہے.چینی شہریوں کے نزدیک اس موقع پر تہوار کی خوشیاں منانے سے اُن کی بچپن کی یادیں بھی تازہ ہو جاتی ہیں۔
جیسے جیسے قمری نیا سال قریب آرہا ہے ، ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں نے ڈریگن تھیم والی مصنوعات کی ایک وسیع رینج کو مارکیٹ میں متعارف کروایا ہے۔ قابل زکر مصنوعات میں فریج مگنیٹ ، تعطیلات کے کارڈ ، زیورات ، یہاں
تک کہ ٹوپیاں اور کپڑے وغیر شامل ہیں. بڑے برانڈز سے لے کر اسپیشلٹی اسٹورز تک، آن لائن چینلز سے لے کر آف لائن دکانوں تک ، "ڈریگن فیور" غالب ہے کیونکہ چینی لوگ ملک کی سال کی سب سے اہم روایتی تعطیلات کی آمد کی تیاری کر رہے ہیں۔
اسی دوران بڑے عجائب گھروں نے نئی تھیم والی مصنوعات کے لئے پروموشن اسکیمیں شروع کی ہیں اور متاثر کن فروخت کے اعداد و شمار حاصل کیے ہیں. مثال کے طور پر بیجنگ میں پیلس میوزیم کے ثقافتی اور تخلیقی پروڈکٹ اسٹوڈیو نے اپنے تاؤباؤ فلیگ شپ اسٹور پر ڈریگن فیچرڈ کیلنڈر کی 20 ہزار سے زیادہ کاپیاں فروخت کی ہیں۔ ڈریگن پیٹرن نے دیگر تہواروں کے عناصر کے ساتھ مل کر ڈریگن تھیم پر مبنی ثقافتی مصنوعات کو چینی نوجوانوں اور روایتی چینی ثقافت کے شائقین میں مقبول بنا دیا ہے۔ اسی طرح ڈریگن تھیم پر مبنی ثقافتی مصنوعات تیار کرتے وقت لوگوں کی دلچسپی اور پسندیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔
یہ امر باعث دلچسپ ہے کہ صرف عجائب گھر ہی نئے قمری سال کے موقع پر ڈریگن تھیم پر مبنی ثقافتی مصنوعات کو جدید بنانے کی کوشش میں اکیلے نہیں ہیں، بلکہ چینی گھریلو برانڈز یا انفرادی ڈیزائنرز پر مشتمل اسٹورز بھی مارکیٹ میں نمایاں طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ان میں کئی مقامی برانڈز ایسے ہیں جو روایتی چینی ثقافت کے عناصر کو جدید "فیشن رجحانات" کے مطابق ڈھالنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان برانڈز نے ڈریگن ثقافتی مصنوعات کی ایک سیریز کے ساتھ نوجوان صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔ تعطیلات کے عروج نے بھی سوشل میڈیا پر خریداری اور پوسٹس شیئر کرنے کے لئے دکانوں میں گاہکوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو راغب کیا ہے اور قمری نیاسال قریب آتے ہی اُن کی فروخت میں مستقل اضافہ جاری ہے۔لوگوں کی خریداری میں دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ کئی بیسٹ سیلر مصنوعات اس وقت آوٹ آف اسٹاک ہیں۔آپ کو دکانات پر ڈریگن فیچرڈ مصنوعات مثلاً زیورات، روایتی ڈریگن پیٹرن کے ساتھ تعطیلات کے کارڈ، اور بچوں کے لئے ڈریگن ہیڈ ٹوپیاں بھی فروخت کے لیے مل سکتی ہیں۔
چینی سماج میں ڈریگن کو ایک مبارک ، عظیم مخلوق کے طور پر سمجھا جاتا ہے ، اور یہ گمان کیا جاتا ہے کہ یہ خوش قسمتی اور خوشحالی لاتا ہے۔ ڈریگن کے سال کے آغاز پر ، بہت سے چینی لوگ ڈریگن سے برکتوں اور مثبت توانائی کے ساتھ خود کو تروتازہ کرنے کی توقع کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ڈریگن کی ثقافتی اہمیت چینی لوگوں کی ترجیحات کو تشکیل دینے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے. چینی ثقافت کے ایک لازمی حصے کے طور پر ، ڈریگن کی تصاویر قدیم چینی آرٹ ، ادب اور رسم و رواج میں کافی عام ہیں ، جو ڈیزائنرز کے لئے بھی ترغیب کے ذرائع کا تنوع پیش کرتی ہیں۔یوں اسپرنگ فیسٹیول کے دوران جشن کے ماحول میں جہاں چینی سماج میں خاندانی وابستگی کی عمدہ جھلک اجاگر ہوتی ہے وہاں معاشی سرگرمیوں بالخصوص کھپت میں تیزی بھی ایک نمایاں ترین عنصر ہے۔
|