صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے زیر انتظام تین روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد


خیبرپختونخواہ سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے زیر انتظام تین روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو پشاور کے کرنل شیر خان آرمی سٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوگیا ، تین روزہ فیسٹیول میں پہلی مرتبہ پشاور میں نیزہ بازی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجا ب ، کشمیر سندھ سمیت خیبرپختونخواہ کی تین سو سے زائد کلبوں نے حصہ لیا ، ان میں خیبرپختونخواہ کے پچاس کلب شامل تھے ، جبکہ پہلی مرتبہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی خاتون نیزہ باز بھی سنگل نیزہ بازی کے مقابلوں میں حصہ لیا ، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلی خیبرپختونخواہ تھے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمانان میں صوبائی وزراءایریگیشن پختون یار اور صوبائی وزیر کھیل فخر جہاں شامل تھے جنہوں نے نمایاں دس پوزیشن حاصل کرنے والے افراد میں کیش پرائز ، میڈل اور شیلڈز تقسیم کئے . تین روزہ شو میں صوبے کے مختلف روایتی مقابلے کروائے گئے جس میں مخہ، کڑکا ،، گتکا ، کشتی ، دودا ، کبڈی ، بوری اٹھائی ، گھڑ ڈانس سمیت فیمیلز کیلئے سٹال بھی لگائے گئے تھے جنہیں دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں مقامی افراد سمیت دوسرے شہروںسے تعلق رکھنے والے افراد گراﺅنڈ میں بھاری تعداد میں نظر آئے.

افتتاحی تقریب میں خوبصورت پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے ایس ایس جی کے کمانڈوزکی فری فال تھی جس میں آٹھ کمانڈوز نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی اور افتتاحی تقریب میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ، بعد ازاں ان جمپرز نے صوبائی وزیراعلی خیبرپختونخواہ کو قومی جھنڈا پیش کیا جسے وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے چوم کر وصول کیا انہوں نے بہترین کارکردگی پر جمپرز کو کیش پرائز بھی دیا اسی طرح مارشل آرٹ کا مظاہرہ کرنے والے نعمت خان کی ٹیم کی بہترین کارکردگی پر انہیں سٹیج پر بلا کر کیش پرائز دیا ،لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے صوبے کے مختلف علاقوں میں پائے جانیوالے بھیڑ ، بکریوں اور گائے سمیت زیادہ دودھ دینے والے بھینس بھی افتتاحی تقریب میں لائی گئی تھی وینٹیج کار کے مقابلوں میں فور بائے فور گاڑیوں کی تعداد زیادہ نظرآئی.افتتاحی تقریب میں کتوں کے دوڑ کے مقابلوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا جنہوں نے خرگوش کے پیچھے بھاگنے کا مظاہرہ کیا. کور کمانڈر الیون کور بھی اس تقریب میں شریک ہوئے جنہیں تین روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو کی اعزازی شیلڈز بھی پیش کیا گیا اسی طرح وزیراعلی خیبرپختونخواہ کو بھی اعزازی شیلڈز پیش کی گئی.

ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوسرے روز گراﺅنڈز پر پتھر اٹھانے سمیت گھڑ ڈانس کا مظاہرہ پیش کیا گیا جس میں وزیراعلی خیبرپختونخواہ کی ٹیم کا گھوڑے سمیت ڈائریکٹر ضم اضلاع سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے گھڑ ڈانس کو سب سے زیادہ لوگوں نے پسند کیا . نیزی بازی کے ٹیم آف فور سمیت سنگل نیزہ بازی کے مقابلے بھی منعقد کروائے گئے جس میں وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے کلبوں سے تعلق رکھنے والے ممبران شریک ہوئے ، اسی طرح ڈائریکٹر ضم اضلاع سپورٹس ڈائریکٹر رضی اللہ بھی ان مقابلوں میں نشانہ بنانے میں کامیاب نظر آئے.صوبے کے مختلف علاقوں میں کھیلے جانیوالے روایتی مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا جسے ہارس اینڈ کیٹل شو کو دیکھنے والے افراد نے بہت سراہا ، کیونکہ پہلی مرتبہ صوابی ، لکی مروت ، ہزارہ میں کھیلے جانیوالے مقابلوں کا انعقاد پشاورمیں کروایاگیا تھا شو میں اردو اور پشتو مشاعرے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میںپشتو اوراردوکے نمایاں شاعر وں نے اپنا کلام پیش کیا.

اسی طرح تین روزہ شو میں پالتو جانوروں ، بلی ، کتے اور دیگر پرندوں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ آرٹ اینڈ ایگزیبیشن کارنر میں فائن آرٹس کے طلباءو طالبات کے فن پارے بھی رکھے گئے ،ہارس اینڈ کیٹل شو میں لوگوں کی دلچسپی کیلئے موسیقی کے مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں نے بھی بھرپورشرکت کی ، فیملی سٹال کے گراﺅنڈ پر کرنل شیر خان آرمی سٹیڈیم میں آنیوالے افراد نے دلچسپی ظاہر کی ، اورکھانے پینے کے سٹال پر لوگوں کا رش زیادہ رہا ، ڈیرہ اسماعیل خان کے سوہن حلوہ اور چارسدہ کے چپلی کے سٹال سمیت کشمیری چائے کے سٹال پر لوگوں کا رش زیادہ رہا.

اختتامی تقریب میں وزیراعلی کی آمد کے پیش نظر افتتاحی تقریب میں پیش آنیوالے لوگوں کی جم غفیر کے باعث الگ الگ سٹیج تیار کئے گئے ، لیکن وزیراعلی خیبرپختونخواہ نہیں آئے البتہ ا ن کی جگہ صوبائی وزیر ایریگیشن اور وزیر کھیل سمیت سیکرٹری سپورٹس اور عمر امین گنڈا پور نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کلبوں کے ممبران اور آرگنائزر میں شیلڈز ، کیش پرائز تقسیم کئے جبکہ رات گئے وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کرنل شیر خان آرمی سٹیڈیم پہنچے جہاں پرانہوں نے تین روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے کامیاب انعقاد پر صوبائی وزیر کھیل ، صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ سمیت تمام ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ایونٹ بہت پہلے ہونا چاہئیے تھا لیکن اب اس کے کامیاب انعقاد کے بعد ہر سال اس طرح کا ایونٹ منعقد کیا جائیگا وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے تمام ذمہ داران میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کئے.

اپنی نوعیت کے پشاور میں ہونیوالے پہلے تین روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی پہلی کاوش تھی جس کی کامیابی کیلئے صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے تمام ذمہ داران تین روز مسلسل گراﺅنڈ میں رہے اور صبح سویرے گراﺅنڈ پہنچ کر رات گئے تک کام کرتے رہے ، اس شو کو کامیاب بنانے کیلئے ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا ہ نے صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کو تین روز کیلئے مکمل طور پر بند رکھا جبکہ چھ ماہ قبل نئے تعینات ہونیوالے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفسران کو پشاور طلب کیا تھا جنہیںمختلف فرائض کی انجام دہی کی ہدایت کی گئی تھی ، لیکن سوائے چند ایک کے بیشتر ڈی ایس اوزغائب نظر آئے ، اپنے اضلاع میں شہنشاہوں کی طرح ڈیوٹی کرنے والے ڈی ایس اوز کیلئے یہ مشکل ٹاسک تھا جبکہ بعض آر ایس اوز جنہیں باقاعدہ ڈیوٹیاں اسائن کی گئی تھی نے گراﺅنڈ کا رخ تک نہیں کیا -جس کی وجہ سے افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر ورکس سمیت ڈی جی سپورٹس ، اکاﺅنٹس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افسران سمیت ، ایڈمنسٹریٹرو صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے زیر انتظام پشاور سپورٹس کمپلیکس اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے مختلف کھیلوں کے کوچز لوگوں کی جم غفیر کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے ، افتتاحی تقریب میں کتوں کی دوڑ اس طرح نہیں ہوسکی جس طرح ہونی چاہئیے تھی جس کی بڑی وجہ لوگوں کی کثیر تعداد میں گراﺅنڈز میں داخل ہونے کی شکایت تھی جنہیں قابو کرنا پولیس کیلئے بھی مشکل تھا کیونکہ وزیراعلی اورکور کمانڈر کے سامنے پولیس والے " لاٹھی چارج "بھی نہیں کرسکتے.اسی باعث کتوں کی دوڑ کیلئے خصوصی طور پرلائے گئے کتے لوگوں کی جم غفیر کی وجہ سے گھبرا گئے تھے .

افتتاحی تقریب کے موقع پر مختلف کالجز سے تعلق رکھنے والے طلباءنے قیدی نمبر 804 کے نعرے بازی کی اس وقت وزیراعلی خیبرپختونخواہ اورکور کمانڈر ، وزیر کھیل بھی موجود تھے جبکہ پی ٹی آئی کے کامران خان ، مینا خان اور آصف خان بھی سٹیج پرموجود تھے جنہوں نے سٹیج کی طرح دیکھ کر قیدی نمبر 804 کی نعرے بازی کی ، لیکن وزیراعلی خیبرپختونخواہ سمیت دیگر وزراءنے ان طلباءکو بالکل اگنور کرتے ہوئے انجان بن گئے البتہ سابق صوبائی مشیر کامران خان نے "گڈ " کا انگوٹھا سٹیج سے طلباءکو دکھا دیا بعد ازاں کتوں کی دوڑ کی وجہ سے یہ طلباءبھی گراﺅنڈ سے نکل گئے

وزیراعلی خیبرپختونخواہ افتتاحی تقریب کے بعد فیملی سٹال کی طرف گئے جہاں انہوں نے سٹال ہولڈرز سے بھی بات چیت کی ، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت بھی کی گئی تاہم وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے سیکورٹی اہلکاروں نے میڈیا کو سیکورٹی وجوہات کی بناءپرنزدیک نہیں چھوڑا اور سیکورٹی اہلکاروں نے دورکئے رکھا البتہ اس دوران برقع پوش نوجوان لڑکی نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے ساتھ سیلفی لینے کی خواہش کا اظہارکیا اور وزیراعلی کے سیکورٹی سٹاف نے اس خاتون کو وزیراعلی کے نزدیک آنے کی ہدایت کردی اوریوں سیلفی لینے کی خواہشمند برقع اوڑھے خاتون وزیراعلی کیلئے سیکورٹی رسک نہیں تھی البتہ کھیلوں سے وابستہ جانے پہچانے صحافی وزیراعلی کیلئے سیکورٹی رسک تھے.

ہارس اینڈ کیٹل شو میں افتتاح کے موقع پروزیراعلی لائیو سٹاک سمیت لائیو سٹاک کے اہلکار نظر آئے تھے جبکہ مختلف اقسام کے جانوربھی لائے گئے جو وزیراعلی کے سٹیج کے سامنے لائے گئے لیکن بعد ازاں مکمل طورپرغائب رہے اور اس بارے میں شومیں دوسرے اور تیسرے روز آنیوالے افراد کیلئے کچھ نہیں تھا . نہ ہی انہیں مختلف جانوروں کے حوالے سے کوئی معلومات دی گئی ، افتتاحی تقریب کے بعد صوبائی وزیر لائیو سٹاک سمیت جانور و اہلکار تمام افراد غائب رہے ، حالانکہ انہیں تین روزہ شو میں اپنا سٹال لگانا چاہیے تھا تاکہ پشاور سمیت خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں سمیت دیگر صوبوں سے آنیوالے افراد کو جانوروںکے بارے میں معلومات ملتی رہتی- لیکن شائد یہ انکی ترجیح نہیں تھی اور صرف وزیراعلی و کورکمانڈرکے سامنے جانورگزارانا انکا مقصد تھا جوافتتاح کے وقت پورا ہوگیا اورپھر سناٹا چھا گیا.

فیملی سٹال پر پہلے روز فیملی کے بجائے مردوں کی بڑی تعداد نظر آئی تھی جس پر دوسرے دن صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی جانب سے پولیس کو ہدایت ملی تھی کہ تمام افراد کو باہر نکالا جائے کیونکہ پہلے روز خواتین کی جگہوں پر مردوں کی بڑی تعداد پہنچی ہوئی تھی اسی باعث دوسرے روز فیملی سٹال پر پولیس نے بھی خواتین سٹالوں کی طرف آنیوالے تمام افراد کوباقاعدہ"لاٹھیوں سے مرمت"کرکے نکالا ان میں بعض سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے اہلکار بھی موجود تھے جنہیں باقاعدہ ڈیوٹیوں پر تعینات کیا گیا تھا لیکن اوپر سے ہدایات تھی کہ کارڈ والے افراد کو بھی نہیں چھوڑنا اسی باعث "اوچو سرہ لواندہ ھم سوزی"کے مصداق سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے بعض اہلکاروں کے قمیص پھاڑ کر فیملی سٹال سے باہر نکال دیا گیا
ہارس اینڈ کیٹل شو میں سیکورٹی کیلئے لائے گئے صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے ایک ڈیلی ویج ملازم کی آنکھ بھی زخم ہوگئی تھی جنہیں بعدازاں لیڈی ریڈنگ ہسپتال علاج کیلئے پہنچا دیا گیا.

وزیراعلی خیبرپختونخوا ہ نے اس ہارس اینڈ کیٹل شو کو سالانہ کیلنڈر میں شامل کرنے کا بھی کہتے ہوئے اس میں مزید بہتری لانے کی بھی ہدایت کی انہوںنے دیگر صوبوں سے آنیوالے کھلاڑیوں کے بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا صوبائی وزیر کھیل خیبرپختونخواہ نے صحافیوں سے غیر رسم بات چیت میں نیزہ بازی کے مقابلوں کو بھی کھیل قرار دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی سطح پر کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انقاد کیا جارہا ہے انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ خیبرپختونخواہ کا دستہ نیشنل گیمز کیلئے نہیں جاسکے گا انہوں نے کہاکہ ایسوسی ایشن کو گرانٹس بھی جلد دئیے جائیں گے.تین روزہ سپورٹس فیسٹیول میں عرصہ دراز سے غائب ہونیوالے "بوسکی"کے کپڑے سب سے زیادہ نمایاں نظر آئے اسی طرح "پگ "جو مختلف کلبوں کے شہسواروں نے پہن رکھے تھے اختتامی تقریب میں آرگنائزر سمیت تمام افراد کے سروں پر نظر آئے.اتوار کی شام رات گئے تک جاری رہنے والی ہارس اینڈ کیٹل شو پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی.

#HorseAndCattleShow #KPSportsDirectorate #KPKChiefMinister #SportsEvents #PeshawarEvents #CulturalFestivities #AnnualEvent
Musarrat Ullah Jan
About the Author: Musarrat Ullah Jan Read More Articles by Musarrat Ullah Jan: 636 Articles with 497383 views 47 year old working journalist from peshawar , first SAARC scholar of kp , attached with National & international media. as photojournalist , writer ,.. View More