برف کی تفریح

چائنا ٹورازم اکیڈمی کی ایک رپورٹ کے مطابق 2024-2025 کے موسم سرما میں چین میں برف سے متعلق تفریحی سیاحت میں حصہ لینے والے افراد کی تعداد پانچ سو بیس ملین سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ہاربن میں منعقد ہونے والے آئس اینڈ اسنو ٹورازم ڈیولپمنٹ فورم2025 میں جاری ہونے والی چین کی سرمائی سیاحت سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سیزن میں آئس اینڈ اسنو کی تفریحی سیاحت سے ہونے والی آمدنی تقریبا 86.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2023-2024 کے برفانی موسم کے دوران ، ملک میں آئس اینڈ اسنو کی تفریحی سیاحت میں مجموعی طور پر 430 ملین شرکاء نے حصہ لیا ، جس سے 524.7 بلین یوآن کی آمدنی ہوئی۔2022 کے بیجنگ سرمائی اولمپکس، پالیسی جدت طرازی اور تمام سطحوں پر حکومتوں کی جانب سے تشہیری کوششوں کی بدولت، سرمائی سیاحت کو ملک بھر میں فروغ ملا ہے ، اس شعبے میں سیاحت کے آپشنز اور کھپت کے منظرنامے تیزی سے متنوع ہوتے جا رہے ہیں.چین 2027 تک 1.2 ٹریلین یوآن اور 2030 تک 1.5 ٹریلین یوآن کے معاشی پیمانے کا ہدف رکھتے ہوئے اپنی سرمائی معیشت کو ایک نئے ترقی کے شعبے کے طور پر فروغ دینا چاہتا ہے۔

ملک میں سرمائی سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں شمال مشرقی شہر ہاربن کا بھی ایک نمایاں کردار ہے جہاں ابھی حال ہی میں 41 ویں ہاربن انٹرنیشنل آئس اینڈ اسنو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ، یہ شہر اپنی آئس اینڈ اسنو تفریحی صنعت کے باعث "برف کا شہر" بھی کہلاتا ہے۔1985 سے شروع ہونے والا سالانہ آئس اینڈ اسنو فیسٹیول صوبہ ہیلونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن کا "نیم کارڈ" اور خوبصورت پہچان بن چکا ہے اور موسم سرما کی سیاحت میں اس کا ایک بڑا حصہ ہے۔

فروری میں اسی شہر میں منعقد ہونے والے 2025 کے ایشیائی سرمائی گیمز ، جنہیں نویں ایشیائی سرمائی کھیل بھی کہا جاتا ہے ،کی مناسبت سے آئس اینڈ اسنو فیسٹیول کا موضوع " برف کے مشترکہ خواب ، متحدہ ایشیا" رہا۔افتتاحی تقریب نویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کے گرد مرکوز رہی۔ کھیلوں کے میسکاٹس، سائبیریا کے ٹائیگرز "بنبن" اور "نینی" کے ساتھ ساتھ فگر اسکیٹرز اور آئس ایکروبیٹس نے ایشین ونٹر گیمز کے چھ بڑے ایونٹس اور 11 ذیلی ایونٹس حاضرین کے سامنے پیش کیے۔

اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں کھیلوں کی تقریب کا تھیم سانگ "لائٹ اپ ایشیا" باضابطہ طور پر جاری کیا گیا۔ " برف کے مشترکہ خواب، متحدہ ایشیا" کے موضوع سے ہم آہنگ، یہ گیت سرمائی کھیلوں کی متحرک زندگی کو ظاہر کرتا ہے جبکہ مشترکہ مستقبل کی حامل ایک ایشیائی کمیونٹی کی تعمیر کے وژن کی واضح عکاسی کرتا ہے۔رواں سال ہاربن آئس اسنو ورلڈ، جہاں اس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ، 10 لاکھ مربع میٹر کے حیرت انگیز پیمانے تک پھیل چکا ہے، جس میں تقریباً 3 لاکھ مکعب میٹر رقبے پر تاریخی عمارتوں اور مجسموں کے چھوٹے برفانی ورژن تیار کیے گئے ہیں۔

حالیہ برسوں میں بیجنگ سرمائی گیمز 2022 کی وجہ سے چین بھر میں برفانی کھیلوں کے مقابلوں کو نمایاں اہمیت ملی ہے اور اکثر لوگوں نے تعطیلات منانے کے لیے ایسے مقامات کا رخ کیا جہاں وہ برفانی کھیلوں سے صحیح معنوں میں لطف اندوز ہو سکتے ہیں ۔برف اور برفانی تھیم کی سیاحت نے متعلقہ صنعتوں بشمول سکینگ ریزورٹس، گرم چشموں اور ہوٹلوں میں کاروبار کو فروغ دیا ہے۔

جشن بہار کے تہوار کی تعطیلات کے دوران نہ صرف سرمائی اولمپکس سے متعلق مصنوعات، بلکہ برف کے کھیل بھی انتہائی تیزی سے مقبول ہوئے ہیں۔ چین نے جب 2015 میں بیجنگ سرمائی اولمپکس کی میزبانی کی بولی جیتی تو یہ ہدف طے کیا گیا تھا کہ تیس کروڑ لوگوں کو برفانی کھیلوں میں شریک کیا جائے گا۔ آج، یہ تعداد پچاس کروڑ سے بھی تجاوز کرنے کی توقع ہے جس سے ملک میں سرمائی تفریح اور سرمائی کھیلوں کی بے پناہ مقبولیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1384 Articles with 652713 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More