مضبوط ٹرانسپورٹ سسٹم کے فوائد

چین نے 2024 میں ریل اور ہوائی سفر دونوں میں قابل ذکر اضافہ دیکھا ہے ، جس میں زبردست معاشی سرگرمیوں اور صارفین کے مضبوط اخراجات شامل ہیں۔چائنا اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق ، ملک کے ریلوے نیٹ ورک نے 2024 میں ریکارڈ 4.08 بلین مسافروں کے سفر کو سنبھالا ، جو سال بہ سال 10.8 فیصد اضافہ ہے۔اسی طرح چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی) کے تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2024 میں ہوائی مسافروں کے سفر کا تخمینہ ریکارڈ 730 ملین تک پہنچ گیا ہے ، جو سال بہ سال 18 فیصد اضافہ ہے۔

ماہرین کے مطابق معاشی ترقی کے ایک محرک کے طور پر، ریکارڈ سفری اعداد و شمار چین کی کھپت کی خواہش میں مسلسل اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔یہ اضافہ جزوی طور پر تفریحی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے ہوا ہے ، سیاحت کا شعبہ 2024 میں چین کی معیشت کے روشن مقام کے طور پر کھڑا ہے۔

گزشتہ سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں چین بھر میں 4.24 بلین گھریلو دورے سامنے آئے ، جو سال بہ سال 15.3 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ گھریلو سیاحوں کے کل اخراجات 4.35 ٹریلین یوآن (تقریباً 605 بلین امریکی ڈالر) رہے ، جو سال بہ سال 17.9 فیصد زیادہ ہیں۔

مختلف علاقوں اور کم معروف مقامات کو بہتر انفراسٹرکچر کی وجہ سے زیادہ قابل رسائی بنانے کی بدولت، بیرونی سفر کی جانب منتقلی میں تیز رفتاری دیکھی گئی ہے ، جس نے مسافروں کو مخصوص تجربات کی تلاش میں راغب کیا ہے۔ماہرین کے خیال میں ہوائی اڈوں کی سہولت کی وجہ سے کم معروف علاقے چینی مسافروں میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔

گھریلو ٹریول مارکیٹ میں تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ، بین الاقوامی سفر میں بھی گزشتہ سال فروغ دیکھا گیا ہے، جس میں اندرون اور بیرون ملک سیاحت دونوں میں اضافہ ہوا۔چین کی ویزا فری ٹریول پالیسی کی بدولت چین کی جانب سفر میں تیزی آئی ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی سیاح صدیوں پرانی روایات اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج کا تجربہ کرنے کے لیے چین کا رخ کر رہے ہیں۔ ایک بہتر پیمنٹ کا ماحول، دو زبانی سائن بورڈ اور دیگر حوصلہ افزاء اقدامات نے غیر ملکی سیاحوں کے لئے چین میں سفر کو زیادہ آسان بنا دیا ہے.

اندرون ملک سیاحتی مارکیٹ میں تیزی ، ملک میں طلب کو بڑھانے کی پالیسی سے عمدہ مطابقت رکھتی ہے۔ اس ضمن میں چین میں کھپت کو بڑھانے اور روزگار کو فروغ دینے میں اندرون ملک سفر کا کردار انتہائی اہم ہے ۔

دسمبر کے اوائل میں چینی قیادت نے ٹون سیٹنگ کانفرنس میں 2025 کے لیے "کھپت میں اضافے" کو ایک اہم پالیسی ٹاسک کے طور پر پیش کیا اور اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ایکشن پلان پر عمل درآمد پر زور دیا گیا تھا۔مستقبل کو دیکھتے ہوئے، یہ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ مضبوط سفری رفتار اسپرنگ فیسٹیول سفری رش کے دوران عروج پر پہنچ جائے گی، جو چین کے نقل و حمل کے نیٹ ورک کے لئے ایک روایتی عروج کا وقت ہے. اس سال سفری رش 14 جنوری سے 22 فروری تک جاری رہے گا۔

اس حوالے سے یہ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ رواں سال خاندانی دوروں اور سیاحت میں اضافے کے ساتھ، سفر کے عروج کے سیزن میں ریکارڈ 9 بلین دورے دیکھنے کو ملیں گے۔ ریل سفر اور شہری ہوا بازی کا سفری پیمانہ بالترتیب 510 ملین اور 90 ملین کی ریکارڈ بلندیوں کو چھونے کی توقع ہے۔

مسافروں کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت کو ایڈجسٹ کرنے کے لئے ، چین کے ریلوے سسٹم نے حال ہی میں ایک نئے آپریٹنگ پلان کا اعلان کیا ہے، جس میں ملک بھر میں 230 مسافر ٹرینوں کو شیڈول میں شامل کیا گیا ہے جس سے مجموعی تعداد 13 ہزار 28 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا، سول ایوی ایشن کا شعبہ اسپرنگ فیسٹیول کے سفری رش کے دوران روزانہ اوسطاً 18 ہزار 500 پروازوں کو سنبھالنے کے لئے تیار ہے، جو 2024 کی سطح سے 8.4 فیصد زیادہ ہے.

2025 میں ، چین کے ریلوے نظام میں بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری مجموعی طور پر 590 بلین یوآن رہے گی ، جس سے دنیا کے سب سے بڑے ریلوے نیٹ ورک کے طور پر ملک کی پوزیشن مستحکم ہو گی۔ ملک میں 2600 کلومیٹر کی نئی ریلوے لائنیں آپریشنل ہونے کے لئے تیار ہیں۔شہری ہوا بازی کے شعبے میں ، اسپرنگ فیسٹیول ٹریول سیزن کے دوران مضبوط کارکردگی 2025 میں جاری رہنے کی توقع ہے ۔اسی طرح بین الاقوامی روٹ مسافروں کی آمدورفت میں رواں سال ڈبل ڈیجٹ اضافہ دیکھیں گے ، جس سے حقیقی معنوں میں نقل و حمل کے حوالے سے چین ایک مضبوط ملک کی عمدہ ترجمانی کرتا نظر آتا ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1384 Articles with 652717 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More