زراعت اور دیہی امور میں چین کی سات بڑی کامیابیاں

چین کی زرعی اور دیہی معیشت نے گزشتہ سال کے دوران مستحکم نمو دکھائی ہے ، جس نے اعلیٰ معیار کی معاشی اور سماجی ترقی کے لئے مضبوط حمایت فراہم کی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک کے زراعت اور دیہی امور میں سات بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے زراعت، دیہی ترقی اور دیہی بحالی میں مسلسل کوششوں نے ملک کی اقتصادی بنیاد کو مضبوط کیا ہے اور کسانوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنایا ہے۔ مجموعی طور پر ، اناج کی پیداوار ایک نئی سطح پر پہنچ گئی ، کسانوں کی آمدنی میں مسلسل اضافہ ہوا ، اور دیہی معاشرہ ہم آہنگ اور مستحکم رہا ، جو اعلیٰ معیار کی معاشی اور معاشرتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے مضبوط حمایت فراہم کرتا ہے۔

اول ،چین نے گزشتہ سال کے دوران اناج اور دیگر اہم زرعی مصنوعات کی مستحکم پیداوار میں اضافہ دیکھا۔ زیادہ درجہ حرارت، خشک سالی، شدید سیلاب اور سپر ٹائیفون جیسی قدرتی آفات کے اثرات پر قابو پانے کے بعد، ملک کی اناج کی پیداوار نے ایک اور زبردست فصل حاصل کی۔ اناج کی مجموعی پیداوار پہلی مرتبہ 700 ملین ٹن سے تجاوز کرتے ہوئے، 706.5 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 11.09 بلین کلوگرام کا اضافہ ہے۔یہ سنگ میل اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ چین کی خوراک کی ٹوکری زیادہ گھریلو اناج سے بھری ہوئی ہے ۔ 2024 میں ، چین کی سویابین کی پیداوار 20.65 ملین ٹن تک پہنچ گئی ، جس سے ملک کی "فوڈ گریڈ ویجیٹیبل آئل" کی خود کفالت کی شرح میں مزید بہتری آئی۔ اسی طرح گوشت، انڈے، ڈیری، پھلوں اور سبزیوں سمیت مختلف زرعی اور سائیڈ لائن مصنوعات کی فراہمی وافر رہی، جس سے چینی لوگوں کو زیادہ متنوع اور صحت مند کھانے کے آپشنز ملے ہیں ۔

دوسرا، چین نے گزشتہ سال غربت کے خاتمے میں اپنی کامیابیوں کو مزید مستحکم اور وسیع کیا ہے۔ ملک بھر میں نگرانی کے دائرے میں شامل 60 فیصد سے زائد آبادی کو دوبارہ غربت کی دلدل میں دھنسنے کے خطرے سے مؤثر طریقے سے نجات دلائی گئی، جبکہ باقی لوگوں کے لئے اہدافی امداد کے اقدامات پر عمل درآمد کیا گیا، جس سے بڑے پیمانے پر غربت کو روکنے یا دوبارہ غربت کا شکار ہونے سے روکنے کے لئے بنیادی لائن کی مضبوطی سے حفاظت کی گئی۔اس دوران صنعتی روزگار کی معاونت کے معیار اور کارکردگی دونوں کو بہتر بنایا گیا۔ متعدد معروف صنعتوں کو پروان چڑھایا گیا۔ ملک بھر میں غربت سے نکالے گئے 33 ملین سے زائد افراد کو روزگار ملا ۔

تیسرا، چین کی زرعی جدیدکاری کی سطح میں گزشتہ ایک سال کے دوران بہتری کا عمل جاری ہے۔ فصل کی کاشت اور فصل کی مجموعی میکانائزیشن کی شرح 75 فیصد سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، اور نئے اور اعلیٰ معیار کے کھیتوں کی تعمیر اور اپ گریڈ کا سالانہ کام بھی ہدف سے زیادہ پورا کیا گیا ہے، جس نے مختلف علاقوں میں خشک سالی اور سیلاب کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے.

چوتھا، ایسی دیہی صنعتیں جو مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، نے 2024 میں تیزی سے ترقی دیکھی ہے۔ زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ کی صنعت کے منافع میں بہتری آئی ہے ۔ دیہی تفریحی سیاحت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس میں "ولیج ٹورز" اور مقامی طور پر برانڈڈ آئی پیز نے بہت سے سیاحوں کو اپنی جانب راغب کیا، جس سے دیہی علاقوں کی زیادہ سے زیادہ ترقی ہوئی اور کسان خوشحال ہوئے۔ قومی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق، دیہی باشندوں کی فی کس ڈسپوزایبل آمدنی 23119 یوآن (3161 امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.3 فیصد کی حقیقی ترقی کی نمائندگی کرتی ہے۔

پانچواں، چین نے 2024 میں دیہی حالات زندگی کو بہتر بنانے میں مسلسل پیش رفت کی ہے۔ حفظان صحت کے اعتبار سے بیت الخلاء کی کوریج کی شرح تقریبا 75 فیصد تک پہنچ گئی، 90 فیصد سے زیادہ انتظامی دیہات میں گھریلو فضلے کو جمع کرنے اور اس کی ٹریٹمنٹ کے لئے نظام موجود ہے، اور دیہی آلودہ پانی کے انتظام اور کنٹرول کی شرح 45 فیصد سے زیادہ ہے. اسی طرح دیہاتوں میں متحرک ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں فروغ پائیں ، جس سے دیہی علاقوں میں مجموعی معیار زندگی میں اضافہ ہوا۔

چھٹا، دیہی اصلاحات کو فروغ دینے میں مسلسل پیش رفت ہوئی ہے جس میں زمین کی لیز میں توسیع اور زرعی خدمات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جس سے لاکھوں چھوٹے کاشتکار گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ساتواں، گرین رورل ریوائیول پروگرام کے نفاذ سے حاصل ہونے والے تجربے کے اطلاق کو مزید گہرا کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں تاکہ دیہی علاقوں کی بحالی کو فروغ دینے کے لیے پائلٹ منصوبے شروع کیے جا سکیں۔

اب چونکہ سال 2025 ملک کے 14 ویں پنج سالہ منصوبہ (2021-2025) کا اختتامی سال ہے اور غربت کے خاتمے میں کامیابیوں کو مستحکم اور وسعت دینے کے لئے پانچ سالہ منتقلی کا سال ہے ، لہذا چینی حکام کی کوشش ہے کہ دیہی خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ وزارت زراعت و دیہی امور قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے، بڑے پیمانے پر غربت کی روک تھام، دیہی صنعتوں کی ترقی اور دیہی علاقوں کی تعمیر و نظم و نسق کو بڑھانے اور 14 ویں پانچ سالہ منصوبہ (2021-2025) کے دوران زرعی اور دیہی ترقی کے لئے مقرر کردہ تمام اہداف اور کاموں کو حاصل کرنے کے لئے کام کرے گی۔ملک کی کوشش ہے کہ زراعت کی بنیاد کو مزید مضبوط بنایا جائے، دیہی علاقوں کو زیادہ خوشحال بنایا جائے اور کسانوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بناتے ہوئے ،حقیقی اور پائیدار ترقی و خوشحالی کے ثمرات کو وسعت دی جائے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1405 Articles with 693835 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More