اڑتی ہوئی کاریں ماضی میں محض ایک خواب یا تصور تک محدود
تھیں مگر اب مستقل تکنیکی ترقی اور جدت طرازی کی بدولت یہ تصور آہستہ آہستہ
ایک حقیقت میں تبدیل ہو رہا ہے۔یہ اڑتی ہوئی کاریں مستقبل میں نقل و حمل کے
حوالے سے لامتناہی امکانات پیش کرتی ہیں۔ ماہرین کے خیال میں 10 سالوں میں،
یہ کاریں سفر کے دورانیہ کو 1 تا 2 گھنٹے سے کم کرکے صرف 10تا 20 منٹ کر
سکتی ہیں، جس سے لوگوں کو ٹریفک جام کے دباؤ سے بھی نجات مل سکتی ہے۔
عمومی معنوں میں ،اڑنے والی کار سے مراد ڈوئل موڈ گاڑی ہے یعنیٰ ایسی کار
جسے سڑک پر چلایا جا سکتا ہے اوریہ فضا میں بھی اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
جبکہ وسیع معنوں میں ، اس میں عوامی نقل و حمل کے لئے استعمال ہونے والے
برقی عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ طیارے (ای وی ٹی او ایل) شامل ہیں۔
2024 میں ، چائنا سوسائٹی آف آٹوموٹو انجینئرز نے اڑنے والی کاروں پر ملک
کی پہلی تحقیقی رپورٹ جاری کی۔ یہ رپورٹ بتاتی ہے کہ 21 ویں صدی میں اسمارٹ
الیکٹرک گاڑیوں کی ترقی نے اسمارٹ الیکٹرک ایوی ایشن کے لئے ایک ٹھوس صنعتی
بنیاد رکھی ہے۔رپورٹ کے مطابق اڑنے والی کاروں کے زمرے کے طور پر برقی
عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ طیاروں کو زمین پر موجود کاروں کی طرح پبلک
ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں بننے کی توقع ہے، جس میں اسمارٹ الیکٹرک ٹیکنالوجیز
اور ہوائی جہازوں اور کاروں کی صنعتی زنجیروں کو ضم کیا جائے گا۔ رپورٹ میں
کہا گیا ہے کہ وسیع معنوں میں اڑنے والی کاروں کے تصور کو صنعت نے وسیع
پیمانے پر قبول کیا ہے۔
مستقبل کو دیکھتے ہوئے اڑنے والی کاروں کا دور تیزی سے حقیقت بنتا جا رہا
ہے۔ فلائنگ کاروں کے حوالے سے ایک چینی وائٹ پیپر کے مطابق فلائنگ کاروں کی
تیاری تین مراحل سے گزرے گی۔پہلے مرحلے میں 2025 سے، اڑنے والی کاریں
کمرشلائزیشن کے اولین مرحلے میں داخل ہوں گی، اس دوران کارگو ای وی ٹی او
ایل کو کمرشل آپریشن میں رکھا جائے گا، جبکہ مسافر ای وی ٹی او ایل کو
مخصوص منظرنامے میں دکھایا اور لاگو کیا جائے گا.
دوسرا مرحلہ 2035 کے آس پاس شروع ہو گا ، جب اڑنے والی کاریں ترقی کے فیز
2.0 کو اپنائیں گی ، جس سے زیادہ ذہین ای وی ٹی او ایل سامنے آئیں گے۔ یہ
طیارے بڑے پیمانے پر تیار کیے جائیں گے اور کم اونچائی پر نقل و حمل کا ایک
بڑا ذریعہ بن جائیں گے۔تیسرے مرحلے میں ، 2050 کے آس پاس ، اڑنے والی کاریں
3.0 مرحلے میں داخل ہوں گی ، جس کی خصوصیت ایمفیبیئس اڑنے والی کاروں کی
بڑے پیمانے پر ایپلی کیشنز ہیں جو زمین اور ہوا میں چل سکتی ہیں۔ کم
اونچائی اور زمینی نقل و حمل کو گہرائی سے مربوط کیا جائے گا ، جس سے ایک
سہ جہتی ذہین نقل و حمل کا نظام قائم ہوگا۔
یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے بہت سے ممالک اڑنے والی کاروں کی جدت طرازی اور
اطلاق کو تیز کر رہے ہیں۔اول تو، کچھ کمپنیاں روایتی مکینیکل ایوی ایشن سے
اسمارٹ الیکٹرک ایوی ایشن میں منتقل ہو رہی ہیں. دوسرا، کچھ کاروبار اسمارٹ
الیکٹرک گاڑیوں سے آگے بڑھ کر اسمارٹ الیکٹرک ایوی ایشن میں قدم رکھ رہے
ہیں۔ اڑنے والی کاروں کی بنیاد رکھنے والی صنعتی زنجیر کا تقریباً 85 فیصد
اسمارٹ ای وی کے ساتھ قریبی طور پر منسلک ہے ، جو اڑنے والی کار ٹیکنالوجیز
کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ تیسرا، دیگر ادارے ملٹی روٹر ڈرونز
سے اسمارٹ الیکٹرک ایوی ایشن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ملٹی روٹر ڈرونز نے
اسمارٹ الیکٹرک ایوی ایشن کے لئے فلائٹ کنٹرول ٹیکنالوجی میں ایک بنیاد
قائم کی ہے۔
عالمی شہرت یافتہ جہاز ساز کمپنی ایئربس نے روایتی ہوا بازی میں اپنے وسیع
تجربے اور مضبوط عالمی موجودگی کی بنیاد پر سٹی ایئربس نیکسٹ جین منصوبے کا
آغاز کیا ہے۔ 2024 میں ، ایئربس نے اپنے مکمل طور پر الیکٹرک سٹی ایئربس
نیکسٹ جین ای وی ٹی او ایل پروٹو ٹائپ کی نقاب کشائی کی تھی اور کامیابی کے
ساتھ پہلی پرواز کی ، جو روایتی ہوا بازی سے اسمارٹ الیکٹرک ایوی ایشن میں
منتقلی میں ایک اہم قدم تھا۔
چین میں ای وی اور ملٹی روٹر ڈرونز کے شعبے میں عالمی پایے کی معروف
ٹیکنالوجیز اور صنعتی صلاحیتیں اڑنے والی کاروں کی تیاری کے حوالے سے ایک
مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر چینی آٹومیکر چانگ آن
آٹوموبائل نے ایک ڈرون ساز کمپنی ای ہینگ کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ
آٹوموٹو اور ملٹی روٹر ڈرون ٹیکنالوجیز کو یکجا کرکے اڑنے والی کاروں کی
ترقی کے لیے نئی رفتار فراہم کی جا سکے۔
وسیع تناظر میں کم اونچائی والی نقل و حمل نئی توانائی، مصنوعی ذہانت، بگ
ڈیٹا، اور 5 جی مواصلات جیسی نئی ٹیکنالوجیوں کے اطلاق کے لئے ایک بنیادی
پلیٹ فارم اور منظر نامے کے طور پر کام کرتی ہے. یہ کم اونچائی والی معیشت
کی ترقی کے لئے ایک اسٹریٹجک سمت کی نمائندگی کرتی ہے اور عالمی اقتصادی
ترقی کے منظر نامے کو نئی شکل دے رہی ہے۔
یہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ بغیر پائلٹ کی فضائی گاڑیاں (یو اے وی) اور
اڑنے والی کاریں کم اونچائی والی معاشی سرگرمیوں کے لئے نقل و حمل کے
بنیادی ذرائع ہوں گے۔ جس طرح سائیکلیں، موٹر سائیکلیں اور کاریں زمینی
معیشت کے لئے اہم ہیں، اسی طرح صارفین کے تقاضوں کی روشنی میں نقل و حمل کے
اعتبار سے اڑنے والی کاریں کم اونچائی والی معیشت میں یکساں طور پر ضروری
ہیں۔
ان اڑنے والی گاڑیوں کے نقل و حمل ، تفریح اور صنعت میں اطلاق کے ساتھ ساتھ
روزمرہ کی اہم سرگرمیوں جیسے ٹرانسمیشن لائنوں کے معائنے ، زرعی اور
جنگلاتی تحفظ جیسی سرگرمیوں میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا جا سکتا ہے
جبکہ آگے بڑھتے ہوئے ، اڑنے والی کاروں کا وسیع پیمانے پر اطلاق انسانیت کو
سہ جہتی نقل و حمل کے ایک نئے دور میں لے جائے گا ، جس سے معاشی سماجی ترقی
کے نئے امکانات جنم لیں گے ۔
|