معیاری گھر: خوشحال زندگی کی نئی تمنا

چین آبادی کے اعتبار سے دنیا کا ایک بڑا ملک ہے جہاں ایک ارب چالیس کروڑ سے زائد باشندے بستے ہیں۔ کئی عرصے سے شہری علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا یہ خواب رہا ہے کہ وہ اپنا گھر بنائیں۔ مگر اب یہ خواہش بھی بدل رہی ہے۔ لوگ اب صرف گھر کے مالک ہونے پر اکتفا نہیں کرتے، بلکہ زندگی کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ حالیہ برسوں میں چینی قیادت کی جانب سے پیش کی جانے والی حکومتی دستاویزات میں پہلی بار "معیاری گھروں" کی اصطلاح شامل ہوئی ہے۔ یہ تبدیلی نہ صرف عوام کی خوشحالی میں اضافے کی علامت ہے، بلکہ ملک کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں طلب اور رسد کے نئے رجحانات کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

یہاں اس حقیقت کو بھی سمجھنا لازم ہے کہ معیاری گھر کی تعریف کیا ہے ؟ ہر دور میں معیاری گھر کی شرائط بدلتی رہی ہیں، لیکن بنیادی تصور صرف چار دیواری سے آگے جا کر زندگی کے معیار کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔ شہری علاقوں میں فی کس رہائشی جگہ کی مقدار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، مگر اب لوگ زیادہ بلند چھتیں، بہتر ہوا اور روشنی کی رسائی، شور سے محفوظ ماحول، صاف ہوا، اور موزوں درجہ حرارت جیسی سہولیات چاہتے ہیں۔ یہ خصوصیات نہ صرف پرانی عمارتوں میں رہنے والوں کے مسائل حل کرتی ہیں، بلکہ روزمرہ کی زندگی کو آرام دہ بناتی ہیں۔

کچھ ماہرین کے مطابق، معیاری گھر وہ ہے جو جدید سہولیات کے ساتھ ساتھ تاریخی اور ثقافتی اقدار کو بھی محفوظ رکھے۔ مثال کے طور پر، پرانے شہری علاقوں کی بحالی اور جدید ضروریات کے مطابق ڈھالنا بھی معیاری رہائش کا حصہ ہے۔ اس طرح، گھر نہ صرف جدید ہو، بلکہ ماضی کی خوبصورتی کو بھی اجاگر کرے۔

ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے چینی پالیسی سازوں نے معیاری گھر کی تعمیر کے طریقےبھی وضع کیے ہیں اور اپنے شہریوں کی رہنمائی بھی کی گئی ہے۔چینی قیادت کو بخوبی ادراک ہے کہ عوام کی نئی توقعات کو پورا کرنے کے لیے تعمیرات میں نئی ٹیکنالوجی، مصنوعات، اور مواد کا انضمام ضروری ہے۔ حکومتی رہنما خطوط کے مطابق، گھروں کی چھتوں کی کم از کم اونچائی تین میٹر ہونی چاہیے، جو موجودہ معیارات سے زیادہ ہے۔ یہ تبدیلی روشنی اور ہوا کے بہتر بہاؤ کو یقینی بناتی ہے، جس سے رہائشیوں کا آرام بڑھتا ہے۔

اس کے علاوہ، معیاری گھروں میں جدید ٹیکنالوجی جیسے خودکار روشنی، آواز سے کنٹرول ہونے والے پردے، درجہ حرارت اور نمی کو خودکار طریقے سے ریگولیٹ کرنے والے سسٹمز، اور یہاں تک کہ فریج میں سامان کی کمی کو نوٹیفائی کرنے والے آلے بھی شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پائیدار، محفوظ، اور ماحول دوست تعمیراتی مواد کا استعمال بھی معیاری گھروں کی بنیاد ہے۔

چینی حکومت کی جانب سے شہریوں کی رہائش کو مزید پرسکون بنانے کے لیے مستقبل کی کوششوں کو دیکھا جائے تو حکومت پرانے شہری علاقوں کی تجدید اور معیاری گھروں کی تعمیر کو یکجا کرنے پر کام کر رہی ہے۔ گزشتہ سالوں میں ہزاروں پرانے رہائشی کمپلیکس کو جدید بنایا گیا، نئے لفٹس لگائے گئے، اور بزرگوں کے لیے خصوصی سہولیات تعمیر کی گئی ہیں۔ رئیل اسٹیٹ شعبے کو مستحکم کرنے کے لیے مالی تعاون، گھروں کی بروقت فراہمی، اور قرضوں میں آسانی جیسے اقدامات بھی جاری ہیں۔

سو کہا جا سکتا ہے کہ اس وقت چین میں معیاری گھر کا تصور صرف عمارت تک محدود نہیں، بلکہ یہ بہتر زندگی کی علامت ہے۔ جدید تقاضوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی ورثے کی حفاظت، پائیدار مواد کا استعمال، اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ہی معیاری رہائش کو ممکن بناتا ہے۔چینی قیادت پرامید ہے کہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے یہ خواب یقینی طور پر شرمندہ تعبیر ہوگا۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1440 Articles with 731266 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More