مارچ کے مہینے کو پاکستان کی تاریخ میں بہت اہمیت حاصل ہے
کیونکہ 23مارچ 1940وہ دن ہے جب برصغیر میں پاکستان کے قیام کے لیے باقاعدہ
تحریک شروع ہوئی اور اسی لیے اس دن کو اس مناسبت سے ”یوم پاکستان“بھی کہتے
ہیں۔23مارچ 1940کو لاہور میں مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں ایک قرارداد
منظور کی گئی تھی جس کے ذریعے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا
فیصلہ کیا گیا تھااور اس کے بعد پاکستان کا حصول صرف سات سال کے مختصرعرصے
میں پایہ تکمیل کوپہنچا۔آج جب ہم 23مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر مناتے
ہیں تو ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے تاکہ پاکستان کو ترقی راہ
پر گامزن کرسکیں۔یہ دن ہمیں اپنے قائدین کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔علامہ
اقبالؒ نے ہمارے لیے ایک آزاد وطن کا خواب دیکھا اور قائد اعظم محمد علی
جناح ؒنے پاکستان کی بنیاد رکھی اور اس خواب کی تعبیر کی،پاکستان کی تعمیر
وترقی اور ملکی سلامتی اور معاشی ترقی کے لیے پاک فوج کا اور جنوبی
بلوچستان میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)کا کردار ناقابل فراموش ہے۔یہ دن
پاکستان کی تاریخ میں بہت اہمیت کا حامل ہے،اس لیے پاک افواج پاکستان،تمام
فورسز اور پاکستانی عوام اس دن کو بڑی عقیدت اور احترام سے مناتی ہے۔ ایف
سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام پورے جنوبی بلوچستان میں یوم
پاکستان23مارچ 2025 شاندار جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ایف
سی(ساؤتھ) ہیڈ کوارٹر تربت میں ایک شانداراور پرقار تقریب کا انعقاد کیا
گیا۔ جس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران،ضلعی انتظامیہ، مقامی
عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، علمائے کرام، اساتذہ، طلباء، اور زندگی کے
ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ آئی جی ایف سی
بلوچستان (ساؤتھ) نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب کا آغاز
تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی پرچم لہرایا گیااور قومی ترانہ
پڑھا گیا۔پاک فوج، ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)،پولیس،لیوز،سپیشل فورسز،اور
لیڈی پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور قومی
پرچم کو سلامی دی، جس نے شرکاء کے جوش و ولولے میں مزید اضافہ کر دیا۔مختلف
اسکولوں کے طلباء نے یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت پر تقاریر پیش کیں، جبکہ
ملی نغمے، ٹیبلوز اور بلوچ ثقافتی تخلیقات نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
طلباء نے اپنے فن کے ذریعے قوم میں اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا اور دہشت
گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے اپنی
دفاعی صلاحیتوں کی نمائش بھی کی، جہاں جدید اسلحہ، حربی ساز و سامان اور
دیگر دفاعی آلات عوام کے لیے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر نوجوانوں کو پاکستان
کی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کامیاب
کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر مقامی عمائدین، نوجوانوں،
اور دیگر شرکاء نے ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف متحد
رہنے اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے عزم
کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے عہد کیا کہ وہ ہر اس کوشش کا حصہ بنیں گے جو
پاکستان کی سا لمیت اور ترقی کے لیے ضروری ہوگی۔ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے
اس تاریخی اقدام کو عوام نے خوب سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دہشت
گردی کے خلاف یہ قومی یکجہتی بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام میں معاون
ثابت ہوگی۔ایف سی بلوچستان(ساؤتھ) تربت ہیڈ کوارٹر کے علاوہ
پنجگور،خاران،ماشکیل،بلیدہ،دالبندین،ہوشاب،دشت،مند اور نوکنڈی میں 23مارچ
یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں قرآن
خوانی،قومی ترانہ، پرچم کشائی، یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر اور فاتحہ
خوانی، گرلز ڈگری کالج کی طالبات میں بیڈمنٹن ٹورنامنٹ، ایف سی پبلک اسکول
واشک اور خاران کے طلبہ کے درمیان تقریری مقابلے پاکستان زندہ باد ریلی کے
علاوہ مختلف اسکولوں کے طلباء کے درمیان کرکٹ اور فٹ بال میچزکا انعقادبھی
شامل ہے۔یومِ پاکستان کی مناسبت سے ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے زیر اہتمام
پورے جنوبی بلوچستان میں رنگا رنگ تقریبات شرکاء کی توجہ کا مرکز
بنی۔پوراجنوبی بلوچستان سبز ہلالی پرچموں سے مزین نظر آیا، جو قومی یکجہتی
اور اتحاد کی علامت بنا رہا۔یومِ پاکستان کی ان تقریبات میں بلوچ عوام نے
ایک بار پھر اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کے ساتھ اپنی وفاداری اور
محبت کا ثبوت دیا۔اور ایف سی بلوچستان ساؤتھ کی سرحدوں کی حفاظت سے لیکر
سماجی خدمات تک کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
|