ایف سی بلوچستان(ساؤتھ)عوام دوستی کی درخشاں مثال

ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے زیر اہتمام میڈیکل کیمپس

ایف سی بلوچستان(ساؤتھ) سرحدوں کی نگہبانی سے لیکر عوام کی خدمت تک جو قابل ستائش کردار ادا کررہی ہے،اس کو لفظوں میں بیان کرنا،یاتحریر کرنا ممکن نہیں۔جنوبی بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی میں ایف سی بلوچستان(ساؤتھ)کا کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں،اس نے نہ صرف اپنی ذمہ داری کے علاقے میں سرحدی حفاظت اور امن وامان کی بحالی کی اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو انتہائی بہترین اور موثر انداز میں پورا کیا،بلکہ اس نے مقامی لوگوں کی فلاح وبہبود اور علاقے کی ترقی کے لیے بھی انتھک کام کیا ہے۔جنوبی بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں تعلیم کی ترسیل،پینے کے صاف پانی کی فراہمی،صحت کی سہولیات اور مختلف اوقات میں آنے والے قدرتی آفات میں گراں قدر خدمات سرفہرست شامل ہیں۔ گذشتہ ماہ اپریل 2025میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی جانب سے جنوبی بلوچستان میں عوامی فلاح وبہبود کی 1391مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا،جن میں 35 کھلی کچریوں اورجرگوں کا انعقاد ہے،جن میں مقامی افراد کے مسائل کو سنا گیا۔مختلف اسکولوں میں 55نصابی وغیر نصابی تقریبات کا انعقاد،شہداء کے قبروں پر فاتحہ خوانی،257فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد،26کھیلوں کے مقابلے اور749فلاحی سرگرمیاں شامل ہیں۔جن میں چند ایک کا ذکر۔جنوبی بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں،جہاں طبی سہولیات کا فقدان ہے، میں 257فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا،جن میں دشت،مند،آواران،پنجگور(جیرک۔چیدگی)خاران اور ماشکیل کے علاقے شامل ہیں۔ان میڈیکل کیمپوں میں ماہر ڈاکٹر وں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی زیر نگرانی مجموعی طور پر 10155مریضوں کو مفت علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔مریضوں کو طبی معائنے اور لیبارٹری ٹیسٹوں کی سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی مہیا کی گئیں۔خواتین کے خصوصی چیک اپ کے لیے پاکستان آرمی کی ماہر گائنا کالوجسٹ کی خصوصی خدمات بھی فراہم کی گئیں۔اسی طرح کھیلوں کے حوالے سے مختلف علاقوں،جس میں دشت،مند،مکران،سامی،مشکیچہ،تفتان اور ماشکیل شامل ہیں، میں 26سپورٹس ٹورنامنٹس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔جن کا مقصد کھیلوں کا فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا،کیونکہ کھیلوں کی اہمیت صرف تفریح تک محدود نہیں،بلکہ یہ نوجوانوں کو باہمی تعاون،ٹیم ورک اور قیادت کی اہمیت سکھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔شعبہ تعلیم کے حوالے سے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)نے مختلف تعلیمی اداروں جن میں مدرسہ انوار القرآن،گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول شولی،گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول سامی،گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول پیدارک،گورنمنٹ مڈل اسکول تنک،گورنمنٹ بوائز پرائمری واشک،کیڈٹ کالج خاران،گورنمنٹ پرائمری اسکول دربینجہ،گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول الہ آباد اور برائٹ فیوچر اسکول ماشکیل شامل ہیں،میں 55نصابی وغیر نصابی تقریبات کا انعقاد کیا،جن میں تقاریر،شاعری اور کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں، جن کا مقصد طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور غیر نصابی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا تھا۔علاوہ ازیں آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے یونیورسٹی آف مکران،پنجگور کا دورہ کیا اور وہاں پر تعلیمی ماحول اور سہولیات کا جائزہ لیا۔دوسری جانب گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول شیخانی اور گرلز ہائی اسکول دانک کی طالبات نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)ہیڈ کوارٹر تربت کا مطالعاتی دورہ کیا۔فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے ایف سی ساؤتھ نے مختلف علاقوں میں 749سرگرمیوں کا وسیع پیمانے پر انعقاد کیا،جو کہ بلیدہ، مکران، ہوشاب، پنجگور،خاران،دالبندین،تفتان،اور ماشکیل سمیت متعدد پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں سرانجام دی گئیں۔جن میں مستحق خاندانوں میں مفت راشن کی تقسیم،پینے کے لیے صاف پانی کی فراہمی،طبی سہولیات،تعلیمی معاونت،کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر،خدمت مرکز کی تزہین وآرائش،آر او پلانٹ کی تنصیب،چیدگی باڈر پر انتظار گاہ،روزگار اور دیگر اہم سماجی خدمات شامل تھیں۔جو فلاح وبہبود کے اس ویژن کا حصہ ہیں،جس کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقے کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنا،معاشرتی ناہمواریوں کا خاتمہ کرنا اور سماجی انصاف کو فروغ دینا ہے،کیونکہ سوشل ورک یاانسانی خدمت اور معاشرے کے غریب اور نادار لوگوں کے کام آنا بہت بڑی نیکی ہے اور اسلام نے اس کی تعلیم دی ہے۔یہ جناب رسولﷺ کی سنت مبارک ہے اور آپ ﷺ نے دکھی انسانیت کی خدمت اور نادار لوگوں کے ہاتھ بٹانے کا بڑا اجر وثواب بیان فرمایا ہے۔نزول وحی کے بعد آپ ؐ جب گھر تشریف لائے اور چادر اوڑھ کر لیٹ گئے۔ام المومنین سیدہ خدیجہ ؓنے آپ سے وجہ دریافت فرمائی تو آپ ؐنے سارا وقعہ بیان کیا اور ساتھ یہ بھی فرمایا کہ ”خشیت علیٰ نفسی“مجھے اپنے بارے میں ڈر لگ رہا ہے تو اس پر امہات المومنین سیدہ خدیجہؓنے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو غمزدہ نہیں کریگا۔اور انہوں نے اپنے دعویٰ پر جو دلیل دی وہ یہ تھی کہ ”آپ ؐ صلہ رحمی کرتے ہیں،ضرورت مندوں کے کام آتے ہیں،مہمان کی خدمت کرتے ہیں،لوگوں کی مشکلات میں ان کا ہاتھ بٹاتے ہیں اور بے سہارا لوگوں کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔”گویا ام المومنین نے رسولﷺ کو تسلی دیتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیاکہ جولوگ انسانی سوسائٹی میں دوسروں کے کام آتے ہوں اللہ تعالیٰ انہیں غمزدہ اور پریشان نہیں کیا کرتا۔“دکھی انسانیت کے کام آنا آپ ﷺ کی پہلی سنت مبارکہ ہے۔ایف سی بلوچستان(ساؤتھ) آپ ﷺ کی سنت مبارکہ پر پورے طریقے سے عمل پیرا ہے۔جذبہ خدمت خلق کے تحت ضرورت مندوں،بزرگوں،بچوں اور معذور افراد کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرکے انہیں خود کفیل بننے میں ان کی مدد کی جارہی ہے۔ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)کی تاریخ جرأت،بہادری،محبت،ایثار اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے،جن پر ہزاروں صفحات پر مشتمل درجنوں کتب تحریر کی جاسکتی ہیں۔ان تمام سرگرمیوں کے انعقاد پر مقامی افراد،طلبہ اور مریضوں نے ایف سی بلوچستان(ساؤتھ)کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان اقدامات کو علاقے میں خوشحالی،امن اور ترقی کے جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔بلاشبہ ملک کی سلامتی ہو یادہشت گردی کے سائے ہوں،ایف سی بلوچستان(ساؤتھ)کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے لبیک کہتے ہوئے آگے بڑھ کر بلوچ عوام کی مدد کی ہے۔آج مٹھی بھر ملک دشمن عناصر جنوبی بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف مگروہ نہیں جانتے کہ جب تک ایف سی (ساؤتھ)موجود ہے ان کے یہ حربے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔آخر میں ایف سی(ساؤتھ) کے جوانوں کے جذبات کی ترجمانی کے ساتھ اجازت۔
آخری دم بھی تیرادم ہی بھریں گے ہم تو
تیری خاطر اے وطن ہنس کے مریں گے ہم تو
جان ہاری بھی اگر پھر بھی نہ ہاریں گے تجھے
اے وطن پاک لہودے کے سنواریں گے تجھے۔
 

نسیم الحق زاہدی
About the Author: نسیم الحق زاہدی Read More Articles by نسیم الحق زاہدی: 222 Articles with 198657 views Alhamdulillah, I have been writing continuously for 28 years. Hundreds of my columns and articles have been published in national newspapers, magazine.. View More