شہروں کی صحت


یہ ایک حقیقت ہے کہ حالیہ برسوں میں چین نے "عوام پر مرکوز" شہرکاری کو آگے بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات اپنائے ہیں ، جس میں کسانوں کو نئے شہر کے رہائشیوں میں تبدیل کرنے ، تمام رہائشیوں کے لئے یکساں بنیادی عوامی خدمات فراہم کرنے ، دیہی اور شہری ترقی کے فرق کو کم کرنے اور کاؤنٹی معیشتوں کی ترقی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔اسی کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے ابھی حال ہی میں ملک نے اپنے شہروں کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے ایک نظر ثانی شدہ نظام متعارف کرایا ہے، جس میں شہریوں کی بہبود اور شہری منصوبہ بندی کی موافقت پر زیادہ زور دیا گیا ہے ۔ 2025ء کے شہری "ہیلتھ چیک" کے ضوابط میں "عوام کو مرکز بنانے کے نقطہ نظر" پر واضح توجہ دی گئی ہے۔

جائزہ نظام کے نئے پیمانے میں شہری علاقوں اور ان کے اردگرد زرعی اراضی کا رقبہ بھی شامل ہیں، جس کا مقصد مقامی سطح پر خوراک کے تحفظ کے اقدامات جیسے کہ "چاول کا تھیلا" اور "سبزیوں کی ٹوکری" جیسے پروگراموں کو مضبوط بنانا ہے۔ دستیاب پانی کے ذخائر کی تعداد بھی ایک اہم اشارے کے طور پر شامل ہوگی۔

اس حوالے سے وضع کردہ ضوابط شہری زندگی کے عملی پہلوؤں کو بھی حل کرتے ہیں۔ پرانے گیس پائپ لائن نیٹ ورکس کی اپ گریڈیشن کی پیش رفت اور حفاظتی فاصلوں کی پابندی پر نظر رکھی جائے گی، نیز الیکٹرک بائیکس کے لیے مناسب پارکنگ سپیسز کی فراہمی بھی زیر نگرانی ہوگی، جو چینی شہروں میں مقبول ترین ذرائع نقل و حمل بنتی جا رہی ہیں۔

ایک اہم تبدیلی "15 منٹ کمیونٹی لائف سرکل" کے تصور کو تمام شہروں کے لیے لازمی جائزے میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ رہائشیوں کے لیے ضروری خدمات تک پیدل رسائی کا جائزہ لیتا ہے، جس میں پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں، بزرگوں کی دیکھ بھال کی سہولیات، ثقافتی و کھیلوں کے مقامات، صحت کے مراکز، بازاروں اور فٹ بال کے میدانوں کی 5 سے 15 منٹ کے دائرے میں موجودگی کو خاص طور پر چیک کیا جائے گا۔

نئے جائزہ نظام کو اس سال سے زمین کی فراہمی کے منصوبوں سے جوڑا جائے گا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہروں کی ان "ہیلتھ چیکس" میں کارکردگی مستقبل میں اراضی مختص کرنے کے فیصلوں پر زیادہ اثر انداز ہوگی۔

گزشتہ کئی دہائیوں میں، چین نے دنیا کے سب سے بڑے اور تیز ترین شہر کاری کے عمل کا تجربہ کیا ہے، جس میں 2024ء میں ملک کی شہر کاری کی شرح 67 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ تیز رفتار تبدیلی مؤثر شہری منصوبہ بندی اور انتظام کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

عوام پر مرکوز نئی شہر کاری میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جس میں شہری رہائشیوں کے لیے اوسط فی کس رہائشی جگہ 40 مربع میٹر سے زیادہ، اوسط فی کس پارک گرین اسپیس تقریباً 16 مربع میٹر، اور شہری ریل ٹرانزٹ کے کل آپریشنل لمبائی 10 ہزار کلومیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔

رہائشی، لچکدار اور ذہین شہروں کی تعمیر کی جانب، چین نے 2018ء میں شہری "ہیلتھ چیک" نظام کو پائلٹ پروگرام کے طور پر متعارف کرایا تھا۔ یہ اقدام 2024ء میں تمام پریفیکچر سطح اور اس سے اوپر کے شہروں میں مکمل طور پر نافذ کیا گیا، جس کا مقصد عوامی خدشات اور طویل مدتی شہری ترقی کی ضروریات دونوں کو حل کرنا ہے۔

چینی حکام کے نزدیک جیسے لوگوں کو صحت مند رہنے کے لیے باقاعدہ چیک اپ کی ضرورت ہوتی ہے، ویسے ہی شہروں کو بھی باقاعدہ فزیکل معائنے کی ضرورت ہوتی ہے ،بغیر معائنے کے شہری تجدید کے عمل کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا ، یہی وجہ ہے کہ شہری تجدید کے امور چینی سماج میں ایک متفقہ رائے بن چکے ہیں۔ تاحال ملک بھر میں 290 سے زائد پریفیکچر سطح کے شہروں نے شہری فزیکل معائنے کا مکمل آغاز کر دیا ہے جبکہ ملک میں ایسے تقریباً 400 شہر موجود ہیں۔

چینی حکام کی جانب سے وضع کردہ گائیڈ لائنز میں شہری تجدید کے منصوبوں کے لیے پالیسی اور مالیاتی مدد میں اضافے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ یہ منصوبے گیس پائپ کی تجدید، لفٹس کی تنصیب سے لے کر غیر استعمال شدہ فیکٹریوں کو تجارتی زونز میں تبدیل کرنے تک کے امور کا احاطہ کرتے ہیں۔ اس بات کا تذکرہ بھی لازم ہے کہ چین نے 2024ء میں 60 ہزار سے زائد شہری تجدید کے منصوبے شروع کیے، جن میں کل 2.9 ٹریلین یوآن (تقریباً 402.8 بلین امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

ویسے بھی اس وقت چین نئی صنعت کاری، انفارمیٹائزیشن، شہرکاری اور زرعی جدیدکاری میں مستقل ترقی کر رہا ہے اور کھپت اب معاشی ترقی کو چلانے میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے.چینی پالیسی ساز کھپت کی صلاحیت کو مکمل طور پر سمجھنے کے لئے،صارفین کی قوت خرید کو بڑھانے، کھپت کے حالات کو بہتر بنانے اور کھپت کے نئے چینلز تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہیں ، جس میں شہرکاری کی تازہ کوششیں انتہائی کارگر ثابت ہوں گی۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1501 Articles with 786421 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More