چین میں دوران قیام بخوبی مشاہدہ کیا جا سکتا ہے کہ ملک
نے جسمانی محرمیوں کے شکار خصوصی افراد کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل میں
نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور خصوصی افراد کے مفادات کا احسن طور پر
تحفظ کیا گیا ہے۔ملک کی اعلیٰ قیادت نے 2017 میں انسانی حقوق کے تحفظ کو
مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا تھا، تب سے ملک میں خصوصی افراد کے حقوق اور
مفادات کے بہتر تحفظ کے لیے ایک جامع قانونی نظام اپنایا گیا ہے اور معاون
قوانین اور ضوابط کا ایک سلسلہ نافذ کیا گیا ہے ۔ جسمانی محرومیوں کے شکار
افراد کی بحالی ، روزگار ، تعلیم ، اور رکاوٹوں سے پاک انفراسٹرکچر کی
تعمیر کو ضوابط کی روشنی میں آگے بڑھایا گیا ہے۔
اس ضمن میں چین کی اعلیٰ قیادت بالخصوص صدر شی جن پھنگ کا کردار بھی
انتہائی قابل تعریف ہے جنہوں نے ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیشہ
خصوصی افراد کے حقوق اور مفادات کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ابھی حال ہی میں
انہوں نے خصوصی افراد کے رول ماڈلز اور ان کی مدد میں نمایاں خدمات انجام
دینے والے افراد کو سراہتے ہوئے خصوصی افراد پر زور دیا کہ وہ رول ماڈل سے
روحانی طاقت حاصل کریں، مشکلات اور چیلنجوں پر قابو پائیں اور اپنے خوابوں
کی جستجو کریں۔
شی جن پھنگ کے نزدیک خصوصی افراد چینی طرز کی جدیدکاری کی ترقی میں اہم قوت
ہیں، جنہیں مخصوص دیکھ بھال اور توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سفر
میں ہمیں خصوصی افراد کے لئے سماجی تحفظ کے نظام اور دیکھ بھال کی خدمات کے
نظام کو مزید بہتربناتے ہوئے ان کے مساوی حقوق کو یقینی بنانا ہوگا اور ان
افراد کے نصب العین کی جامع ترقی کو آگے بڑھانا ہوگا۔شی جن پھنگ نے امید
ظاہر کی کہ ملک بھر میں تمام خصوصی افراد رول ماڈلز سے سیکھتے ہوئے مشکلات
پر قابو پاکر اپنے خوابوں کی جستجو جاری رکھیں گے اور چینی طرز کی جدید
کاری کے ذریعے ملک کو طاقتور بنانے اور قومی کی عظیم نشاۃ ثانیہ کے لئے
اپنی مثبت خدمات سرانجام دیں گے۔
حالیہ عرصے میں چین کی جانب سے خصوصی افراد کی سہولت کے لئے ثقافتی،
مالیاتی اور سماجی مقامات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے ان گنت قومی
اقدامات کیے گئے ہیں۔ بسوں نے نابینا مسافروں کے لیے ذہین معاونت کا نظام
نصب کیا ہے۔خصوصی افراد کی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہائی
ٹیک آلات کو فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ خصوصی افراد کی مدد کی خاطر ہائی ٹیک
مصنوعات کی تیاری کے لیے خصوصی بیس بھی قائم کی گئی ہے۔ سینما گھروں میں
وہیل چیئرز پر فلم دیکھنے والوں کے لیے خصوصی اسکریننگ ہال قائم کیے گئے
ہیں۔
چین میں ایسے خصوصی افراد کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو پیرا کھیلوں سمیت
دیگر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور مثالی شہری
کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہی کامیابیوں کو مزید مستحکم کرنے کی خاطر چین بھر
میں حکام نے خصوصی افراد کی فلاح کے لیے مزید موئثر پالیسیاں اور اقدامات
تشکیل دیے ہیں۔
علاوہ ازیں، چین نے ملکی سطح کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی خصوصی افراد کے
لیے انسانی حقوق کی گورننس کا نظام وضع کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں
میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ چین نے خصوصی افراد کے حقوق سے متعلق اقوام
متحدہ کے کنونشن کے ایک فعال حامی اور اہم شراکت دار کی حیثیت سے اس بات کو
یقینی بنایا ہے کہ چینی عوام کنونشن کی روشنی میں تمام انسانی حقوق بشمول
ثقافتی ،تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں وغیرہ سے لطف اندوز ہوں۔اقوام متحدہ
کے معاشی ، سماجی ، ثقافتی حقوق اور انسانی حقوق کے دیگر بنیادی کنونشنز کے
اہم شراکت دار کے طور پر ، چین نے انسانی حقوق کی اپنی تمام ذمہ داریاں
پوری کی ہیں اور عملی اقدامات سے خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے۔
|