چین میں شاپنگ کے نئے رجحانات

چین میں شاپنگ کے نئے رجحانات
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ریفریجریٹرز سے لے کر بلائنڈ باکسز تک ہر چیز پر رعایتی فروخت کے ساتھ، چین کے سالانہ آن لائن ’’ڈبل 11‘‘ شاپنگ فیسٹیول نے یہ ظاہر کیا ہے کہ صارفین کا رجحان اب زیادہ ذہین، زیادہ ماحول دوست اور جذباتی طور پر اثر رکھنے والی مصنوعات کی جانب بڑھ رہا ہے۔

چین نے اس سال کے 300 ارب یوآن مالیت کے انتہائی طویل مدتی خصوصی خزانہ جاتی بانڈز کی چوتھی اور آخری قسط جاری کر دی ہے، جو صارفین کی اشیاء کے ’’ٹریڈ اِن‘‘ یعنی پرانی اشیاء کو نئی کے بدلے تبدیل کرنے کے پروگرام کے لیے مختص ہے۔ یہ مرکزی حکومت کی ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد صنعتی آلات کو جدید بنانا اور گھریلو برقی مصنوعات اور گاڑیوں جیسی پرانی صارف اشیاء کو تبدیل کر کے اندرونی طلب کو دوبارہ متحرک کرنا ہے۔

’’ڈبل 11‘‘فیسٹیول حالیہ برسوں میں تقریباً ایک ماہ تک جاری رہتا ہے اور نومبر کے وسط میں اختتام پذیر ہوتا ہے۔ اس سال چینی ای کامرس پلیٹ فارمز نے اس سرکاری ٹریڈ اِن اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فروخت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

علی بابا کے ٹی مال پر صارف الیکٹرانک مصنوعات، جن میں اے آئی گلاسز اور روبوٹس شامل ہیں، کی فروخت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ اضافہ نئی مصنوعات کی لانچ، اے آئی فیچرز اور فروخت میں دی جانے والی رعایتوں کی بدولت ہوا ہے۔ٹی مال کے مطابق 30 اکتوبر تک اسمارٹ گلاسز کی فروخت پچھلے سال کے مقابلے میں 25 گنا بڑھ گئی، جبکہ ڈیپ روبوٹکس اور یو بی ٹیک روبوٹکس جیسے برانڈز نے ڈبل ڈیجٹ شرحِ نمو حاصل کی۔

جے ڈی ڈاٹ کام پر اے آئی فیچرز والی مصنوعات کی فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں دو گنا سے زیادہ ہو چکی ہے۔ ان میں سب سے تیز رفتار اضافہ اسمارٹ گلاسز میں 346 فیصد رہا، اس کے بعد ڈیجیٹل کیمروں میں 238 فیصد اور ایکشن کیمروں میں 220 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق، چینی صارفین اب زیادہ معیاری مصنوعات خریدنے پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ اپنی بدلتی ہوئی ضروریات پوری کر سکیں۔ اس ضمن میں، ٹیکنالوجی کی مصنوعات جیسے اسمارٹ ہوم سسٹمز اور ہیلتھ مانیٹرنگ ڈیوائسز اب عام انتخاب بن چکی ہیں۔

ٹیک مصنوعات سے ہٹ کر اب جذبات اور تجربہ بھی خریداری کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹی مال کے اعداد و شمار کے مطابق گیمنگ اشیاء اور بلائنڈ باکسز کی فروخت فیسٹیول کے آغاز سے اب تک دو گنا سے زیادہ ہو گئی ہے، جو نوجوان خریداروں میں ’’ایموشنل کنزمپشن‘‘ یعنی جذباتی خریداری کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ دیکھا گیا ہے کہ کسی بھی شے کی جذباتی قدر خریدار کے فیصلے پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ نوجوان خریدار بعض اشیا صرف استعمال کے لیے نہیں بلکہ جذباتی سکون اور اپنی شناخت کے اظہار کے لیے بھی خریدتے ہیں۔ماہرین کے نزدیک یہ تبدیلی چین کی آبادیاتی ساخت اور ثقافتی رجحانات کی بھی عکاسی کرتی ہے ،بزرگ صارفین ’’سلور اکانومی‘‘ کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ جنریشن زیڈ کے خریدار جذباتی خریداری کے مرکزی محرک بن گئے ہیں۔

اے آئی سے مزین مصنوعات کی فروخت کے ساتھ ساتھ ، اے آئی ای کامرس کے نظام کو بھی بدل رہی ہے۔ ٹی مال نے اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے لاکھوں تاجروں کی مارکیٹنگ کارکردگی میں اضافہ کیا ہے۔ اس میں ایک خودکار نظام شامل ہے جو رعایتی کوپنز کو ممکنہ خریداروں کے ساتھ زیادہ درست طور پر جوڑتا ہے۔ یہ نظام فیشن، بیوٹی، الیکٹرانکس، گھریلو آلات، خوراک، پالتو جانوروں کی اشیاء، کھیلوں اور آؤٹ ڈور سازوسامان جیسے مختلف شعبوں پر محیط ہے، اور اس سے صارفین کی خریداری میں تبدیلی کی شرح میں بہتری آئی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین کی صارفین کی طلب بڑھانے کی پالیسیوں کو مزید مضبوط کیا جائے گا، کیونکہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت اپنی اندرونی کھپت بڑھا کر ترقی کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

چین کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کے لیے اپنی سفارشات میں واضح کیا ہے کہ گھریلو صارفین کی کھپت کا حصہ جی ڈی پی میں نمایاں طور پر بڑھایا جائے گا، اور ایسی جامع پالیسیاں بنائی جائیں گی جو براہِ راست عوام کے فائدے کے لیے ہوں تاکہ کھپت میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1693 Articles with 970409 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More