اُس وقت تمہارا کیا حال ہوگا؟

آنحضرت ﷺ نے فرمایا: ”اُس وقت تمہارا کیا حال ہوگا جب تمہارے نوجوان بدکار ہوجائیں گے اور تمہاری لڑکیاں اور عورتیں تمام حدود پھلانگ جائیں گی۔ صحابہ کرام نے عرض کیا، یا رسول اللہ ﷺ! کیا ایسا بھی ہوگا؟ فرمایا: ہاں، اور اس سے بڑھ کر۔ اس وقت تمہارا کیا حال ہوگا۔ جب نہ تم بھلائی کا حکم کروگے، نہ بُرائی سے منع کروگے۔ صحابہ کرام نے عرض کیا، یا رسول اللہﷺ! کیا ایسا بھی ہوگا؟ فرمایا: ہاں، اور اس سے بھی بدتر، اس وقت تم پر کیا گزرے گی، جب تم برائی کو بھلائی اور بھلائی کو برائی سمجھنے لگوگے۔“ (کتاب الرقائق، ابن مبارک، ص۴۸۴)

مذکورہ بالا حدیث مبارکہ کی عملی تصویر آج ہمارے معاشرے میں نظر آرہی ہے۔ انسان دنیاوی ترقی کی طرف تو جارہا ہے لیکن آخرت کے معاملہ اس کا برعکس ہے۔ یعنی لوگ دنیا میں اتنے مست اور مگن ہوگئے ہیں کہ آخرت کی کوئی فکر ہی نہیں۔

اللہ اور اس کے پیارے رسول ﷺ نے ہمیں جس جس چیز سے منع کیا اور جن چیزوں کو حرام قرار دیا، آج ہم میں ان چیزوں کو بڑے شوق سے اپنا رہے ہیں اور ان کاموں کو بڑی خوشی سے کررہے ہیں۔ حالانکہ ہمیں یہ وعید معلوم ہےکہ ان چیزوں کی حصول یابی اور ان کاموں کے انجام پر جہنم کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

معاشرے میں پنپتے ہوئے جھوٹ، چوری، غیبت، حرام کاری روز افزوں بڑھتا جارہا ہے۔ اُمت کے معماروں کی توجہ اس جانب بالکل بھی نہیں۔ جبکہ معاشرے کے سدھار کی ذمے داری ان کے کاندھوں پر ہے۔

ہماری قوم کے ہونہار نوجوان دن رات موبائل فون اور انٹرنیٹ پر مصروفِ عمل نظر آرہے ہیں، جیسے یہ بہت بڑا کارِ خیر ہے۔ جس کا نتیجہ ہے کہ ہمیں اخباروں میں یہ خبریں پڑھنے مل رہی ہیں کہ کمسن نوجوان نے نابالغ لڑکی سے منہ کالا کیا۔ .... بے چارے والدین دن رات کولہو کے بیل کی طرح پیسہ کمانے میں ہی لگے ہوئے ہیں، یہ اپنے بچوں کو موبائل فون اور انٹرنیٹ تو دلا دیتے ہیں، مگر وہ یہ دیکھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے کہ ان کے ہونہار بچے اس کا استعمال کیا کررہے ہیں؟

اسی طرح حدیث مبارکہ کے مطابق ”تمہاری لڑکیاں اور عورتیں تمام حدود پھلانگ جائیں گی“۔ اس کا مظاہرہ ہم آئے دن کررہے ہیں کہ لڑکیاں و عورتیں آزادی کے نام پر آج سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔ بے ہودہ، لچّر اور فضول ٹی وی سیریلوں کو دیکھ دیکھ کر یہ اتنی آپے سے باہر ہوگئی ہیں کہ آج عورتیں اور لڑکیاں بازاروں میں کم سے کم کپڑوں میں رہنا باعثِ فخر سمجھنے لگی ہیں۔ ٹی وی کے جدید فیشن کے نام پر عورتوں کے جسم سے کپڑے کم سے کم ہوتے جارہے ہیں۔ اور اس کو کوئی معیوب بھی نہیں سمجھ رہا، کوئی ٹوکنے والا نہیں کہ یہ کیا ہورہا ہے؟؟؟ جب عورتیں ایسا کریں گی تو بچیاں کیوں پیچھے رہیں؟؟؟

آج بچیاں کالج جانے کے لیے گھر سے برقع میں نکلتی ہیں مگر راستے میں ہی برقعہ اُتر کر پرس میں چلا جاتا ہے اور اندر سے جینس ٹی شرٹ میں ملبوس دوشیزہ باہر نکلتی ہے۔ ان مسلمان گھرانوں کو کیا ہوگیا ہے، جن کی یہ بچیاں ہیں۔ کل ناگپاڑہ جنکشن سے گزرتے ہوئے دیکھا کہ دو لڑکے اور تین لڑکیاں جو برقع ملبوس تھیں، مستی مذاق دست درازی کرتے جارہے تھے۔ جو کہ مہاراشٹر کالج کے طلبا و طالبات تھے۔ ایسی حرکتیں شادی شدہ افراد بھی راستے پر کرنے سے شرمائیں گے۔ لیکن وہ برقع پوش لڑکیاں بلاجھجک اپنے دوستوں کے ساتھ خوش فعلیوں میں مصروف بھری سڑک سے گزر رہی تھیں۔ اس طرح کے واقعات ہر مسلم کالج کے اندر و باہر سڑکوں پر نظر آتے ہیں، مگر حیرت ہے کہ ان کے والدین کیوں آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ کیا انہیں آج کے حالات کا علم نہیں۔ یا وہ یہ چاہتے ہیں کہ اچھا ہے لڑکا لڑکی خود ہی اپنی پسند سے شادی کرلیں۔ ان کے لیے دولہا یا دلہن کی تلاش نہ کرنا پڑے اور شادی کے خرچے بھی بچ جائیں۔ مگر وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ آج کل شادی سے پہلے ہی وہ سب کچھ ہوجاتا ہے جو کہ شادی کے بعد ہونا چاہیے۔ اس طرح کے واقعات کی بہتات ہے، لیکن معاشرے میں بدنامی کے باعث ایسے واقعات کو دبا دیا جاتا ہے۔

ہر بیماری کا علاج صرف اور صرف اسلام میں پوشیدہ ہے۔ اسلام پر عمل پیرا ہوجائیں، تمام دنیاوی مصائب و پریشانیوں سے بچیں۔ حرم و حلال کی تمیز سکھائیں۔ بچپن سے ہی اپنے بچوں کی تربیت اسلامی خطوط پر کریں۔ تبھی ان کا دنیا میں بھی تحفظ ہوگا اور آخرت میں بھی تحفظ ہو گا۔ ان شاءاللہ
zubair qadri
About the Author: zubair qadri Read More Articles by zubair qadri: 6 Articles with 6600 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.