کسی بھی بازار میں داخل ہوں تو
اشیاءکے ساتھ ساتھ طرح طرح کے انسان بھی دکھائی دیتے ہیں۔ دکان داروں کی
زبان کا چٹخارا، دکانوں کی تزئین و آرائش، اشیاءکی ترتیب سبھی کچھ دل کو
موہ لیتا ہے۔ اگر بازار دل کو بھا جائے تو انسان چند اشیاءنہ چاہتے ہوئے
بھی خرید لیتا ہے! یہ سب تو ٹھیک ہے مگر بازار میں چند ایسے افراد بھی
دکھائی دیتے ہیں جن کی حالت دیکھ کر دِل دکھتا ہے۔ مثلاً مختلف اشیا ہاتھ
پر رکھے چلتی پھرتی دکان جیسے لوگ! بازاروں میں کئی ایسے معمر افراد بھی
دکھائی دیتے ہیں جن کے چہروں پر عمر ڈھلے کی تھکن کے ساتھ ساتھ زندگی کے
ڈھائے ہوئے ستم کی کہانی بھی درج ہوتی ہے! ان کی حالت دیکھ کر افسوس ہوتا
ہے کہ اچھی خاصی عمر میں بھی اُنہیں آرام نصیب نہیں ہوا، پیٹ کا دوزخ بھرنے
کے لیے گھر سے نکلنا پڑتا ہے، کچھ نہ کچھ کمانا پڑتا ہے۔
کسی کو رزق حلال کے لیے کوشاں دیکھ کر خوشی تو ہوتی ہے، لیکن اگر متعلقہ
فرد معمر اور ضعیف بھی ہو تو دِل کو دُکھ بھی ہوتا ہے۔ گوشہ نشینی اختیار
کرکے آرام کرنے کی عمر میں بھی کام کرنا پڑے تو اِنسان زندگی کو بوجھ
سمجھنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ حکومتِ وقت کا فرض ہے کہ تمام شہریوں کو ایک
ایسی زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم کرے جس میں ڈھلتی ہوئی عمر کمانے کی فکر
سے آزاد ہو۔ انسان زندگی بھر کام ہی کرتا رہتا ہے۔ بڑھاپا چاہتا ہے کہ کام
کا بوجھ نہ ہو، چند لمحات سکون سے بھی گزریں۔ جوانی کے حسین دور میں منصوبہ
بندی کرنے والے بڑھاپے میں سکون کی دولت پانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
بہتوں کو اس کا موقع ہی نہیں ملتا۔ وہ زندگی بھر ایک ہی معمول کے اسیر رہتے
ہیں۔ یعنی روز کنواں کھودیے اور روز پانی نکالیے!
|
|
اُن ہاتھوں کی عظمت کو سلام جو زندگی بھر کسی کے سامنے پھیلتے نہیں اور رزق
حلال کے حصول کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ بازاروں میں پلاسٹک کی تھیلیاں فروخت
کرنے والوں کو دیکھ کر اُنہیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے جن کی زندگی خالی
تھیلے جیسی نہیں! جو لوگ زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں وہ ہر اعتبار
سے ہماری بھرپور توجہ کے مستحق ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ پھیری لگاکر روزی روٹی
کمانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ بھی کسی حد تک گوارا طرز
زندگی کے حامل ہوسکیں! جن کی خود داری ہاتھ کو پھیلنے سے روکتی ہے وہ ہماری
توجہ کے زیادہ مستحق ہیں تاکہ اُن کی خود داری کا تحفظ احسن طریقے سے ہو!
بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزیں فروخت کرکے سانسوں کا تسلسل برقرار رکھنے والوں
اپنائیت کی نظر دیکھنے کے ساتھ ساتھ تھوڑی بہت خریداری بلا ضرورت بھی کرلی
جائے تو کچھ ہرج نہیں! زندگی کے مسائل ہیں کہ کم ہونے کا نام نہیں لیتے۔
ایسے میں کسی کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہونا اعزاز کی بات ہے۔ اللہ
اِس کی توفیق انہی لوگوں کو دیا کرتا ہے جو کسی کے درد کو اپنے دل میں
محسوس کرتے ہیں۔ زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والوں کا ہاتھ تھام کر اُن
کی دِل جُوئی ہمارے کردار کی پختگی کو ثابت کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی
نظر میں بلند ہونے کا موقع بھی عطا کرتی ہے! |