وقت کی قدر کریں

زندگی لمحہ بہ لمحہ گزر رہی ہے اور ہمیں زندگی کے گزرنے کا احساس نہیں ہو رہا زندگی تو سب ہی گزارتے ہیں لیکن زندگی کو کامیابی سے بسر کرنا ہی زندگی کی نعمت کا شکر اور حق ادا کرنا ہے اور زندگی کا حق ہر گزرتے لمحے کی قدر کر کے ہی ادا کیا جا سکتا ہے زندگی کو کامیابی سے بسر کرنے میں وقت کی بڑی اہمیت ہے جو لوگ وقت کی قدر کرتے ہیں پھر وقت بھی ان کی قدر کرتا ہے وقت کی قدر کرنے والے دنیا میں ہمیشہ کامیاب و کامران رہتے ہیں

وقت کا انسان کی محنت اور اس کے ہنر سے بہت گہرا تعلق ہے وقت کی قدر کرنے والے ہر گزرتے لمحے کو کسی نہ کسی کام میں صرف کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں اور اپنی محنت سے اپنے ہنر میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ کرتے چلے جاتے ہیں

نہ صرف فرد واحد بلکہ جو اقوام وقت کی قدر کرتی ہیں وہ اپنے افراد قوم کی تربیت کا خصوصی اہتمام کرتی ہیںتاکہ افراد قوم اپنے دن بھر کی تمام کارکردگی میں وقت کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھیں کسی بھی ملک یا قوم کی ترقی کے لئے افراد قوم کا ہنرمند، محنتی اور وقت کا پابند ہونا بہت ضروری ہے

ملک 'چین' کی مثال دنیا کے سامنے موجود ہے کہ ملک 'چین' وقتاً فوقتاً قدرتی آفات، زلزلوں وغیرہ کی زد میں رہا ہے جس سے ملک کی معیشت بارہا بری طرح متاثر ہوتی رہی ہے اس کے علاوہ بارہا جنگ و جدال کی صورتوں میں ہونے والے بیشتر ناقابل تلافی نقصانات اٹھانے کے باوجود بھی 'چینیوں‘ نے بہت جلد اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کردیا اور یہ سب ان کی وقت کی قدر اور ان تھک محنت و مشقت کی عادت ہے کہ جس نے افراد قوم میں وقت کی پابندی کے ساتھ محنت و مشقت کو اپنا شعار بنایا اور اپنے علمو فن اور ہنرمندی میں اضافہ کرتے رہے ہیں اور آج ملک 'چین' کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف اول میں ہوتا ہے

محض چین ہی نہیں بلکہ دنیا میں آج جس قدر بھی ترقی یافتہ اقوام ہیں انہوں نے محصولات کے لئے مناسب وقت کا انتظار کرنے کی بجائے ہر گزرتے لمحے سے فائدہ اٹھایا ہے اور اپنی محنت و مشقت کی عادت سے ہمیشہ وقت سے آگے رہنے کی کوشش کرتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جارہے ہیں کہ وقت کا انتظار کرنے والے محض انتظار ہی کرتے رہتے ہیں وقت نہ کسی کا انتظار کرتا ہے نہ کسی کے لئے رکتا ہے بلکہ وقت رکنے یا ٹھہرنے والی چیز نہیں وقت تو مسلسل چلتے رہنے والی چیز ہے جو بڑی تیزی سے بھاگتی جارہی ہے ایسا نہ ہو کہ وقت کے انتظار میں آپ کی زندگی ایک ہی مقام پر ٹھہر جائے اور آپ کو اپنے وقت کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کے ضائع ہو جانے کا احساس بھی نہ رہے

اپنے وقت اور اپنی زندگی کی قدر کریں اپنے کام کی رفتار کو وقت کے مقابل کرنے کی جدوجہد کریں اپنے علم و ہنر اور محنت و مشقت کے ساتھ اپنے وقت کو اپنے لئے اور اپنے ملک و قوم کے لئے سودمند بنانے کی ہر ممکن کوشش و جدوجہد کریں

ہم اپنے وقت اور زندگی کی قدر کریں گے تو ہمارے ساتھ ساتھ دنیا ہمارے ملک و قوم کی بھی قدر کرے گی کہ وقت ہمیشہ اپنی قدر کرنے والوں کی قدر کیا کرتا ہے اور وقت کی ناقدری کرنے والے ہمیشہ کے لئے زمانے بھر کی ناقدری کا شکار ہو کر رہ جاتے ہیں

ایک ایک لمحہ بہت قیمتی ہے اسے ضائع نہ ہونے دیں وقت کی قدر کریں یہی وقت کی ضرورت بھی ہے اور ہمارے لئے بہت ضروری بھی ہے
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 455786 views Pakistani Muslim
.. View More