نوجوانوں کے لئے ملازمت کا انٹرویو بہت زیادہ اہمیت کا
حامل ہوتا ہے۔ بِلاشبہ آپ اس بات کا اندازہ پہلے سے نہیں لگا سکتے کہ
ملازمت کے لیے آپ سے لیا جانے والا انٹرویو کیسا رہے گا اور آپ کو کن کن
سوالوں کے جواب دینا پڑیں گے۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ آپ سے ملازمت کے لیے
انٹرویو لینے والا شخص آپ پر ایک کے بعد دوسرے مشکل سوال کی بوچھاڑ کر دے۔
یہ بھی ممکن ہے کہ آپ سے ملازمت کے لیے انٹرویو لینے والا شخص انٹرویو کو
ایک زیادہ آرام دہ اور دو طرفہ فطری گفتگو میں بدل دے۔ اکثر لوگ بے شمار
امکانی سوالوں کے جواب یاد کرتے ہیں۔ اس عمل میں دشواری یہ ہے کہ اس طرح
بعض نوجوان ضرورت سے زیادہ تیاری کر لیتے ہیں اور پھر جواب ایسے دیتے ہیں
جیسے آپ جیتے جاگتے انسان نہیں کوئی روبوٹ ہیں۔ ماہرین نے اس موضوع پر
گہری تحقیق کر کے پتا چلایا ہے کہ حقیقت میں آپ کو ملازمت کے لیے انٹرویو
میں کامیابی کی خاطر صرف تین سوالوں کی تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ ان تین
سوالوں کے جوابات کی تیاری کر کے ملازمت کے لیے انٹرویو میں پوچھے گئے باقی
تمام سوالوں کے جواب دے سکتے ہیں۔ نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے دنیا میگزین
کی شائع کردہ یہ رپورٹ ہماری ویب کے قارئین کے لیے بھی پیشِ خدمت ہے-
تین بنیادی سوال
دراصل ملازمت کے لیے انٹرویو لینے والا ہر شخص تین بنیادی چیزیں جاننا
چاہتا ہے۔ وہ تین چیزیں یہ ہیں: (1) آپ کو جس کام کے انجام دینے کے لیے
ملازم رکھنا مقصود ہے، کیا آپ وہ کام انجام دینے کی مہارت اور تجربہ رکھتے
ہیں؟
(2) آپ کو جس کام کے انجام دینے کے لیے ملازم رکھا جا رہا ہے، کیا آپ کو
اس کام اور کمپنی سے دلچسپی ہے اور کیا آپ اس کے لیے پُرجوش ہیں؟
(3) کیا آپ پہلے سے کام کرنے والے ملازموں کے ساتھ ٹیم کے ایک رکن کی طرح
مل کر کام کر سکیں گے اور کمپنی کی اقدار اور ماحول سے ہم آہنگ ہو سکیں گے؟
|