سورۃ الفاتحہ (حصہ دوئم)

اسلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ

سورۃ الفاتحہ

آیت نمبر 4:
اِیَّاکَ نَعبُدُ وَ اِیَّاکَ نَستَعِینُ ۔
ترجمہ: ہم صرف تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور صرف تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں۔
عبادت کی اصل عاجزی اور محبت سے جھکنا ہے۔ اصطلاح میں عبادت کا مطلب ہے خود کو اللہ کے سامنے محبت، اطاعت اور تعظیم کے ساتھ جھکا دینا۔
ابنِ کثیر کے مطابق "شریعت میں کمال محبت، خضوع اور خوف کا نام عبادت ہے"۔
اسلام آیا ہے ہمیں بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ کی غلامی میں لانے کے لیے ، جو خود کو اللہ کی غلامی میں دے دیتا ہے ، وہ بندوں سے آزاد ہو جاتا ہے۔ اور ہم ہیں کہ بندوں کی غلامی سے نکلنے کو تیار ہی نہیں۔ حالانکہ بندوں کی غلامی کسی کو پسند بھی نہیں ہوتی۔
بندہ مومن صرف اللہ کے سامنے only yours ہوتا ہے، بندوں کے سامنے نہیں۔

نَستَعِینُ : مدد ، استعانت چاہنا۔ حمایت طلب کرنا۔
اِیَّا: صرف
کَ: تیری
یہاں پر اِیَّاکَ کا لفظ استعمال ہوا ہے، جو ہر قسم کے شرک کا سدباب کرتا ہے۔ یعنی ہم صرف اور صرف اللہ کی ہی عبادت کرتے ہیں، اور اسی سے مدد چاہتے ہیں۔ لیکن جن کے دلوں میں شرک کا روگ پایا جاتا ہے ، وہ مافوق الاسباب اور ماتحت الاسباب استعانت میں فرق کو نظر انداز کر کے عوام کو مغالطے میں ڈالتے ہیں ، جیسا کہ کہتے ہیں کہ دیکھو ہم بیمار ہوتے ہیں تو ڈاکٹر سے مدد چاہتے ہیں مختلف کاروبارِ زندگی میں مختلف لوگوں کی مدد لیتے ہیں۔ اس طرح کی باتوں سے وہ یہ باور کرواتے ہیں کہ اللہ کے علاوہ اوروں سے مدد مانگنا بھی جائز ہے۔ حالانکہ ماتحت الاسباب ایک دوسرے سے مدد چاہنا اور کرنا شرک نہیں ، یہ تو اللہ کا بنایا ہوا نظام ہے، جس میں سارے کام ظاہری اسباب کے مطابق ہی ہوتے ہیں۔ حتیٰ کہ انبیاء بھی انسانوں کی مدد حاصل کرتے تھے۔ حضرت عیسیٰ ؑ نے فرمایا: " اللہ کے دین کے لیے کون میرا مددگارہے" (الصف - ۱۴ )
اللہ تعالٰی اہل ایمان کو فرماتے ہیں: "نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کرو" (المائدہ – ۲)
ظاہر سی بات ہے یہ تعاون ممنوع نہیں ، نہ شرک، بلکہ مطلوب و محمود ہے۔ شرک تو یہ ہے کہ ایسے شخص سے مددطلب کرنا جو ظاہری اسباب سے مدد نہ کر سکتا ہو، جیسے فوت شدہ کو مدد کے لیے پکارنا، اس کو مشکل کشا اور حاجت روا سمجھنا، اس کا نام ہے مافوق الاسباب مدد طلب کرنا، اور اسے خدائی صفات سے متصف ماننا، اسی کا نام شرک ہے، جو بد قسمتی سے محبتِ اولیاء کے نام پر مسلمان ملکوں میں قائم ہے۔
----------------------------------------------------------------------------

آیت نمبر5 :
اِھدِنَا الصِّرَاطَ المُستَقِیمَ۔
ترجمہ: ہمیں صراط مستقیم دکھا۔
اِھدِ: لطف اور مہربانی سے راہنمائی کرنا۔ راستہ دکھانا، راستے پر چلانا، اور منزل تک پہنچا دینا۔
صراط کہتے ہیں راستے کو، ایسا راستہ جس کے ارد گرد بہت سارے خطرات ہوں اور جس پر احتیاط سے چلنا پڑے۔
مستقیم : سیدھی، متوازن، even
جیسا کہ آخرت میں پلِ صراط ہے، خطروں سے بھرا ہوا، جسے احتیاط سے پار کرنا پڑےگا۔ اور وہ پار کر سکےگا، جس کے ساتھ اللہ کی رحمت اور مہربانی ہو گی۔ جس کے پاس نور ہو گا، جس کی روشنی میں وہ پلِ صراط پارکرۓ گا۔
بلکل اسی طرح یہ زندگی بھی ایک پلِ صراط ہے۔ خطروں سے بھری ہے، قدم قدم پہ شیطان گھات لگا کر بیٹھا ہے، ہر سانس پر پھسلنے کا اندیشہ ہے۔ اور اس پلِ صراط پر چلنے کے لیے بھی ہمیں نور چاہیے، ھدایت کا نور ، اللہ کا نور، جس کی روشنی میں ہم ان خطرات سے بچ کر نکل سکیں۔ اور یہ نور ہمیں اللہ کی رحمت اور فضل و کرم سے ملتا ہے، اور اللہ یہ رحمت اس پہ کرتا ہے جو اس کو طلب کرتا ہے۔ یہ نور ہمیں سیدھا اور صحیح راستہ دکھاتا ہے، ہماری مدد کرتا ہے اس راستے پر چلنے میں، ہمیں اِدھر اَدھر بھٹکنے نہیں دیتا اور آخر کار ہمیں منزل تک پہنچا دیتا ہے۔ منزل کیا ہے اللہ کی رضا ، اسکی محبت، اسکی رحمت اور نعمت۔
اور جس نے اس دنیا کا پلِ صراط سلامتی کے ساتھ پار کر لیا وہ آخرت کے پلِ صراط سے بھی سلامتی سے گزر جاۓ گا۔ جو دنیا میں پھسلا ، وہ آخرت میں بھی پھسلے گا۔ ہم ہر نماز میں یہ دعا مانگتے ہیں۔ ہم کہتے ہیں اے اللہ ہمیں دکھا، اللہ ہمیں کہتا ہے دیکھو، اور پھر ہم دیکھتے ہی نہیں تو پھر دنیا اور آخرت کے پلِ صراط کی منزل تک کیسے پہنچیں گے۔ دیکھیں، چلیں اور رکیں نہیں، دائیں بائیں نہ مڑیں ، سیدھا چلتے جائیں ، مرنے تک چلیں، انشاءاللہ منزل تک پہنچیں گے۔ منزل تک پہنچنے کی بات س لیے بھی ضروری ہے کہ اکثر لوگ آخر میں آ کر ایسی غلطی کر جاتے ہیں کہ سارا کیا کرایا غارت ہو جاتا ہے۔
"حدیث کا مفہوم ہے کہ ایک شخص پلِ صراط کے آخر تک جا پہنچے گا، اور پھر پھسل جاۓ گا۔ صحابہ ؓ نےاس بارے میں استفسار کیا، تو فرمایا گیا کہ یہ وہ شخص ہو گا جو ساری زندگی صراطِ مستقیم پر رہا اور آخر میں آ کر پھسل گیا۔" مثلا آج کل اچھے خاصے لوگ غیر شرعی اور غلط وصیت کر دیتے ہیں۔ اسی لیے یہ دعا بہت ضروری ہے کہ اِھدِنَا الصِّرَاطَ المُستَقِیمَ۔ کہ ہمیں سیدھی اور سچی داہ دکھا بھی ، اس پہ چلا بھی اور منزل تک پہنچا بھی۔
اور یہ صراط مستقیم "اسلام" ہے ، جسے حضرت محمد ﷺ نے دنیا کے سامنے پیش کیا۔ اور یہ صراطِ مستقیم قرآن اور حدیث میں محفوظ ہے۔
-----------------------------------------------------------------------------

آیت نمبر 6
صِرَاطَ الَّذِینَ اَنعَمتَ عَلَیھِم
غَیرِالمَغضُوبِ عَلَیھِم وَ لَا الضَّآلِّینَ ۔
آمین
"ترجمہ: ان لوگوں کا راستہ جن پر تو نے انعام کیا۔
نہ کہ ان لوگوں کا جن پر غضب کیا گیا اور نہ گمراہوں کا۔"
یا رب سن لے، قبول کر لے
یہاں پر صراط مستقیم کی وضاحت کی گئ ہے۔ کہ یہ سیدھا راستہ کون سا راستہ ہے، کن لوگوں کا راستہ ہے۔ یہ ان منعم علیہ گروہ کا راستہ ہے، یعنی ان لوگوں کا راستہ جن پر اللہ نے انعام کیا۔ کیا انعام کیا گیا، ھدایت کا انعام، سیدھے راستے کا انعام، دین کے علم کا انعام، منزل کا انعام، اللہ کی رضا، قربت، نفسِ مطمئنہ کا انعام۔ یہ سب اللہ تعالٰی کی ھرف سے انہیں عطا کیا گیا کیونکہ وہ راہِ مستقیم پر چلے اور قائم رہے، یہ راہ مستقیم اطاعتِ الہی اور اطاعت رسول ﷺ ہی کی راہ ہے، نہ کہ کوئی اور۔ اب یہ انعام یافتہ لوگ ہیں کون؟؟ یہ انبیاء، شہداء، صدیقین، اور صالحین ہیں۔ جیسا کہ سورۃ النساء میں ہے۔ " اور جو لوگ اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی اطاعت کرتے ہیں، وہ اُن لوگوں کے ساتھ ہوں گے جن پر اللہ نے انعام کیا، یعنی انبیاء اور صدیقین اور شہداء اور صالحین، اور ان کی رفاقت بہت ہی خوب ہے (۶۹)
یہ وہ لوگ ہیں جو اللہ سے محبت کرتے ہیں اور اللہ ان سے محبت کرتا ہے۔ اور ہم دنیا میں ان کے نقشِ قدم پر چلیں گے تو اللہ ہمیں آخرت میں ان کے ساتھ کرۓ گا۔ اور یہ اللہ کی مدد کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے ہر وقت استغفار کرنی چاہیے اور اللہ کے مدد طلب کرنی چاہیے۔
اور پناہ مانگنی ہے ان لوگوں کے راستے سے جن پر اللہ کا غضب ہوا اور ان لوگوں کے راستے سے جو گمراہ ہوۓ۔ یہاں دو گروہوں کا ذکر ہے ، مغضوب اور ضالین۔
مغضوب: جن پر اللہ کا غضب ہوا، اللہ کے غصے کا شکار ہوۓ، یہ کون لوگ ہیں جو اللہ کی رحمت کی بجاۓ اس کے غضب کے مستحق ٹھہرے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں اللہ نے علم دیا، ان کے سامنے حق واضح ہو گیا۔ مگر پھر بھی انہوں نے منہ موڑ لیا۔ حق کا انکار کیا، یہ وہ لوگ بھی ہیں، جن کے پاس علم تھا مگر انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔ علم پانے کے بھٹکے، خیر اور شر کا فرق واضح ہو جانے کے بعد بھی انہوں نے شر کا راستہ اپنایا۔ یہ وہ لوگ بھی ہیں جوغلط بیانی کرتے ہیں۔ بہانے اور جھوٹی تاویلیں پیش کرتے ہیں۔ جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں، منافقت کرتے ہیں۔ جس کو پتا ہو اور پھر بھی جان بوجھ کر بھٹکے ، اس پر اللہ کا غصہ ذیادہ ہوتا ہی ہے۔ وہ سب قومیں جو برباد ہوئیں قومِ نوح، ھود، ثمود، قومِ صالح، بنی اسرائیل، قومِ لوط ۔ اور آج جو مسلمانوں کا حال ہے وہ بھی اسی وجہ سے ہے۔ خود سوچیں اپنے بارے میں کہ ہمیں کتنا غصہ آتا ہے کہ "دیکھو! اسے پتا بھی تھا پھر بھی اس نے ایسے کیا، مجھے اتنا غصہ آ رہا ہے نا ، میرا دل کرتا ہے اسے یہ کر دوں ، وہ کر دوں" اور ہمیں موقع ملے تو اپنا غصہ نکالتے بھی ہیں متعلقہ بندے پر۔ تو پھر اللہ کی ناراضگی اور غصے کا اندازہ لگا لیں جو اس بندے اور قوم پر ہوتا ہے جو جانتے بوجھتے اللہ کی نافرمانی کرتے ہیں۔
الضالین: گمراہ ، اصل راہ سے ہٹے ہوۓ۔
یہ وہ لوگ ہیں جو بغیر ڈائریکشن لیے کسی راہ پر نکل جاتے ہیں۔ اور بھٹک جاتے ہیں، یعنی ان کے پاس نہ علم ہوتا ہے حق کا، اور نہ لینے کی زحمت گوارہ کرتے ہیں۔ کہیں کے کہیں جا نکلتے ہیں۔ ایک انسان کو اگر ڈرائیو کر کے کہیں جانا ہے، نہ تو اسے راستے کا پتا ہے اور نہ وہ میپ ساتھ رکھے ، نہ کسی سے راستہ پوچھے، نہ سائن بورڈز کو دیکھے تو کیا وہ اپنی منزل تک پہنچے گا، کیا وہ صراطِ مستقیم پر ہو گا، نہیں بلکہ وہ اِدھر اُدھر ہی بھٹکتا رہے گا، کبھی منزل تک نہیں پہنچ سکتا۔ وہ گمراہ ہے۔ بس پھر یہی معاملہ اللہ کے دین کا ہے، جو لوگ اس کا علم نہیں رکھتے وہ اس کے دائرے کے باہر ہی گھومتے رہتے ہیں۔ اور جو اس دائرے کے اندر ہیں، اور پھر بھی پورا علم نہیں رکھتے، بس صرف مسلمان ہونے کو ہی کافی سمجھتے ہیں، نہ انہیں پورے دین کا علم ہوتا ہے اور نہ وہ دین کا علم حاصل کرتے ہیں۔ اور اکثر اس کے بدعات جنم لیتی ہیں۔ بس اپنی perceptions سے ہی کچھ نیا اخذ کر لیتے ہیں۔ جن کی کوئی اصل نہیں ہوتی۔ قرآن، حدیث ، سنتِ رسول ﷺ میں اس کی کوئی دلیل نہیں ملتی۔ اور حدیث کے مطابق دین میں نئ راہیں نکالنے سے اجتناب کرو، کیونکہ ہر نئ بات بدعت ہے اور بدعت گمراہی ہے۔ (ترمزی)
بنی اسرائیل مغضوب ہوۓ تو ان سے امامت چھین لی گئ ، عیسائیوں نے اپنے دین میں اپنی مرضی سے تبدیلیاں کی تو اللہ کے ساتھ شرک کے مرتکب ہوۓ۔ آج امتِ مسلمہ کی حالت پر غور کیجیے ، ہم یہ دونوں کام کر رہے ہیں۔ اسی لیے تو دنیا میں رسوا ہو رہے ہیں۔ تو اس ذلت و رسوائی سے بچنے کے لیے کیا کرنا ہے۔ مغضوب اور ضالین دونوں کے راستے سے بچنا ہے۔ جس بارے میں علم نہیں ، اس کے بارے میں مستند ذرائع سے معلوم کرنا ہے، جو پڑھا ، سیکھا، اس پر عمل کرنا ہے، نعم علیہ کے راستے پر چلنا ہے جو کہ صراطِ مستقیم ہے۔ اور اس پر مضبوطی سے جمے رہنا ہے۔ انشاءاللہ
آمین اے اللہ ہماری سن لے، قبول کر لے
ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ حضرت محمد ﷺ نے فرمایا "جب امام الضالین کہے تو تم آمین کہو۔ جس کا آمین کہنا فرشتوں کے آمین سے موافق ہو گیا اسکے پچھلے گناہ معاف کر دئیے جائیں گے"

اب ہم سب کے کرنے کا کام کیا ہے؟ یاد کریں اور غور کریں کہ ہمیں کن باتوں کا پتا ہے اور ہم ان پر عمل نہیں کرتے۔ ان کی لسٹ بنا لیں اور پریکٹس شروع کریں ۔شروع میں تھوڑی مشکل ضرور ہو گی لیکن انشاءاللہ آہستہ آہستہ عادت ہو جاۓ گی۔ اور اس لسٹ کو اکثر ریویو کر لیا کریں کہ یہ ایک امتحان ہے اس کے لیے بار بار ریویژن کرنی پڑتی ہے ۔ شیطان ہے نا اکثر بھلا دیتا ہے اور بھٹکا دیتا ہے۔ اور تھوڑا تھوڑا کر کے مگر ہم نے یہ ضرور کرنا ہے کیونکہ مغضوب اور الضالین ہونے سے بچنا ہے۔
اور دوسری بات کہ اب نماز پڑھتے ہوۓ ان باتوں پر ضرور غور کرنا ہے۔
سورۃ الفاتحہ یہاں مکمل ہوتی ہے۔ ھذا من فضلِ ربی

(اور یہ علم آپ کے پاس ایک امانت ہے، اس کا حق ادا کیجیے۔ اس کو پڑھیں، سمجھیں ، عمل کریں، اور دوسروں تک پہنچائیں۔ اس راستے پر اپنے پیاروں کا ساتھ لے کر چلیں)
desert rose
About the Author: desert rose Read More Articles by desert rose: 13 Articles with 16526 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.