رابطہ عالم اسلامی کی قابل تقلید کاوش

بسم اﷲ الرحمن الرحیم

شہزاد احمد عباسی
پیغمبر اسلام ﷺ کی تشریف آوری اس درخشندہ اور تا بندہ دور کے لیے نوید تھی، جس میں جہالت ،ظلمت،دہشت و وحشت کے اندھیروں کا خاتمہ اور علم ،عدل، انصاف،امن ،تہذیب اورتمدن کو رواج ملنا تھا،روز اول سے آج تک اسلام کا آفتاب ومہتاب عالم انسانیت کو اپنی ضیوفشانیوں سے منور عطا کرتا آرہا ہے، جس کے اپنے اور بیگانے سب ہی معترف اور بلواسطہ اور بلاواسطہ استفادہ کررہے ہیں۔اس سلسلہ میں انفرادی اور اجتماعی طور پر شخصیات اور ادارے صیانت و تبلیغ اسلام کا فریضہ سرانجام دیتے چلے آرہے ہیں ان میں ایک روشن عنوان رابطہ عالم اسلامی بھی ہے جس کی خدمات اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

رابطہ عالم اسلامی کی تاسیس عالم اسلام کی معتبر اور علمی و مذہبی شخصیات کے اجتماع میں خادم الحرمین الشریفین کی سرپرستی میں 1962؁ میں مکہ معظمہ میں رکھی گئی ہے،جس کے سیکرٹری جنرل عبداﷲ بن عبدالمحسن الترکی مقرر ہوئے۔
رابطہ عالم اسلامی پوری دنیا میں فلاحی ورفاہی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ،رابطہ کو ISESCOاورUNICEFکی رکنیت بھی حاصل ہے ،رابطہ کے ذیلی اداروں میں Holy quran memorizing international organization,international islamic organization for Education,یتیم بچوں کے لیے مکہ مکرمہ چیئریٹی فاونڈیشن،امام الحرمین اور مسجد اقصٰی فاؤنڈیشن،انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن،کمشن برائے سائنسی تحقیقات قرآن و حدیث اور فقہ کونسل شامل ہیں، ہر ایک ادارہ مؤثر انداز میں اپنے اپنے انداز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔

لیکن ان میں نمایاں مقام انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے تحفیظ القرآن کو حاصل ہے جو کہ پوری دنیا میں تحفیظ القرآن کے حوالے سے خدمات سرانجام دے رہا ہے،الھیئۃ العالمیہ لتحفیظ القرآن الکریم کی بنیاد 4شعبان 1421؁ رکھی گئی جس کا صدردفتر جدہ میں رکھا گیا، انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے تحفیظ القرآن گزشتہ پندرہ سال سے رابطہ عالم اسلام کے پلیٹ فارم سے خدمت قرآن کریم کا فریضہ سرانجام دیتا آرہا ہے۔

مذکورہ ادارہ پوری دنیا میں نونہالان اسلام کو حفظ قرآن کریم کے مواقع فراہم کر رہا ہے بالخصوص پاکستان کے ان دور دراز علاقوں میں جہاں بنیادی سہولیات زندگی کی فراہمی بھی مشکل ہے ایسے علاقوں میں بھی حلقات قرآنیہ کے نام سے اداروں کا قائم کرنا اس ادارے کا امتیازی اعزاز ہے ، ڈی جی ڈائریکٹررابطہ عالم اسلامی پاکستان ڈاکٹر عبدہ عتین کی خصوصی کاوشوں اور حلقات قرآنیہ کے انچارج قاری محمد یوسف کی شب روز محنت کے نتیجہ میں انٹر نیشنل آرگنائزیشن برائے تحفیظ القرآن کے تحت قائم حلقات قرآنیہ میں گزرتے دنوں کے ساتھ نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں،الھیئۃ العالمیہ لتحفیظ القرآن الکریم کی قابل تعریف و تقلید کاوش یوری دنیا میں حفظ قرآن کریم کے مختلف نوعیتوں کے مقابلوں کا انعقاد ہے جس کے ذریعے قرآن کریم کی خدمت اور حفظ کرنے والے طلبہ اوراساتذہ کرام کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے، گزشتہ گیارہ سال سے یہ مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کئے جارہے ہیں اور اس سال بھی حسب روایت حفظ قرآن کریم کے مختلف جہات کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

انچارج حلقات قرآنیہ پاکستان قاری محمد یوسف کے مطابق اس سال یہ مقابلے اپریل میں شروع ہو رہے ہیں ،ابتدائی مرحلے میں پورے ملک میں مختلف ذرائع سے مقابلوں کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد23مارچ تک مقابلے کے شرکاء سے درخواستیں وصول کی گئیں ، جانچ پڑتال کے بعد مطلوبہ شرائط پر پورا اترنے والے شرکاء کی حتمی فہرست جاری ہو گی ، جس کے بعد پہلے علاقائی سطح پر مختلف مقابلوں جن میں مقابلہ برائے حفظ نونہالان جس میں 10سال تک کے حفاظ بچے شریک ہوں گے،مقابلہ غرائب الحفاظ جس میں 15سال تک کے طلبہ،مقابلہ حفظ قرآن مع حفظ جزری،عمر18سال ،مقابلہ قرأت عشرہ،عمر 20 سال ،مقابلہ حفظ قرآن مع کلمات قرآن عمر 20 سال اورمقابلہ حفظ قرآن وحفظ ریاض الصالحین اس مقابلے میں شریک طلبہ کی عمر 25سال ہونا شرط ہے،کا انعقادکیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ مقابلے ملک کے مختلف شہروں بہاولپور ، ملتان ، لاہور ،گجرانوالہ ، مانسہرہ ، پشاور، نوشہرہ ، راولپنڈی ،کراچی ، کوئٹہ ، پیر پور ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سکردو میں منعقد ہوں گے، جس کے بعد فائنل مقابلہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔فائنل مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب حفاظ کو عمرہ ٹکٹ کے علاوہ مختلف قیمتی انعامات سے نوازا جا ئے گا جب کہ ان کامیاب طلبہ کے اساتذہ کرام کو بھی انعامات دئیے جائیں گے۔

رابطہ عالم اسلامی کی مختلف الجہات جدوجہد باقی طبقات ملت کے لیے قابل فخر سرمایہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے لیے دعوت فکر ہے کہ ہم بھی اپنے وسائل اور صلاحتیوں کو امت کے لیے وقف کرکے دین و ملت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے سکتے ہیں ۔ہماری دعا ہے اﷲ تعالیٰ ان کی مساعی جمیلہ کو شرف قبولیت عطا فرمائے،امین۔
Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 275740 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More