منافقاں تو ں خُدا بچاوے

باہمی اتحاد اور اتفاق ایک ایسی نعمت ہے جس سے زندگی سنورتی ،نکھرتی اور بلند و بالا ہوتی ہے ۔اتفاق کے اند ر اس قدر عظمتیں ،اس قدر خوبیاں اور اس قدر برکتیں ہیں کہ ان سے نہ کوئی انسان انکار کر سکتاہے اور نہ کوئی قوم ۔یہ ایک تاریخی صداقت ہے کہ جس قوم کے افراد محبت کے رشتوں میں مربوط ہوئے ہیں وہ قوم عزت کی بلند ترین سطح تک پہنچ جاتی ہے اورجس قوم کے افراد نا انصافی کا شکار ہوتے ہیں اس قوم کی ہو ا اُکھڑ جاتی ہے اور اس کا نام تاریخ میں عبر ت کا نشان ہوجاتاہے ۔تاریخ نے اتفاق و اتحا د کے ایسے بہت سے واقعات محفوظ کر رکھے ہیں جنہیں پڑھ کر آج بھی ہمارا ایمان تازہ ہو تا ہے ہمیں ایک قلبی راحت ملتی ہے اور اتفاق کا جذبہ کروٹیں لیتاہے ۔ہمارا روز مرہ کا مشاہدہ ہے کہ گھاس کا ایک تنکا دنیا کی ایک کمزور ترین اور حقیر ترین چیز ہے یہاں تک کہ دو اُنگلیاں بھی اسے مسل کے رکھ دیتی ہیں مگر گھاس کے تنکے جب باہم مل کر ایک رسی بن جاتے ہیں تو اس رسی کو توڑ نے میں بسا اوقات انسانی طاقت بھی بے بس ہو جا تی ہے یہ باہمی اتفاق کا کرشمہ ہے کہ گھاس کے بے جان تنکے بھی اتفاق کی بدولت استحکام اور قوت کا ایک مظہر ہو جاتے ہیں اور خیال کرنا چاہیے کہ انسان جو اشرف المخلوقات ہے ۔اگر اتفاق ایسی دولت ہے تو وہ بہرہ ور ہو گا تو پھر اس قوت بازو اور قوت یقین کا اندازہ کون کر سکے گا وہ ایک فولادی دیوار ہوگا جس سے ٹکرانے والا خود بکھر جائے گا ۔دور حاضر میں مہذب ملک جس قدر ترقی کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر ہمیں تہذیب و ارتقاء کی جو بلندی نظر آرہی ہے اس کی تہہ میں اتفاق کا یہی جذبہ کارگر ہے ۔بد قسمتی سے ہمارے دشمن ہمارے اندر سے اتحاد و یگانگت ختم کر کے ہمیں پارہ پارہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ہمارے ہاں لسانی بنیادوں پر مذہبی بنیادوں پر رنگ و نسل کی بنیادوں پر تقسیم کر دیا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارا اتحاد عملاً ختم ہو چکا ہے اور ہم ہر طرف بکھرے بکھرے نظر آرہے ہیں ہمارے ملک میں دہشت گردی چاہے وہ مذہبی ہو یا سیا سی سب کے پیچھے ایک ہی نقطہ ہے کہ ہم آپس میں تقسیم ہیں اور ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو چکے ہیں اپنی بات پر ڈٹ کر کسی دوسرے کا نقطہ نظر سننے کے لیئے تیارنہیں ہیں یہ سب نفاق ہمارے دشمن کے ساتھ ساتھ ہمارے اپنوں کا پیدا کردہ ہے ۔ہم اپنے دشمنوں سے تو باخبر ہیں لیکن ہمارے صفوں میں چھپے ہوئے منافق ہمیں جو نقصان پہنچا رہے ہیں ہم ان سے بے خبر ہیں۔
شاکر شجاع آبادی نے سرائیکی میں کیا خوب فرمایا ہے کہ
خُدا نہ شاکر او ڈین دکھاوے
نصیب ساتھوں چامکھ وٹاوے
شیطان کولوں میں آپ بچساں
منافقاں تو ں خُدا بچاوے
ترجمہ : میرا خدا شاکر کو وہ دن نہ دکھلائے جب میرا نصیب مجھ سے روٹھ جائے شیطان سے تو میں خود کو محفوظ کر لوں گا مگر میرا خدا مجھے منافقوں سے محفوظ رکھے۔

ہمیں ہماری صفوں میں چھپے ہوئے منافقوں کو بے نقاب کرنا ہوگا جو ہمارے اتحادکاشیرازہ بکھیر رہے ہیں اور درپردہ سازشوں کے جال بن کر ہمارے وطن عزیز کو کمزور سے کمزور تر کر رہے ہیں۔پاک و ہند کی تاریخ میر جعفر اور میر صادق جیسے غداروں سے بھری پڑی ہے ۔آج بھی کراچی کی صورتحال میں ایسے منافق شامل ہیں جو ہمارے ملک کے خلاف بیرونی طا قتوں کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں ایسے ضمیر فروشوں کو اپنی صفوں سے نکالنا ہو گا ایسے سیاسی پنڈتوں کا صفایا کرنا ہوگا جو بظاہر پاکستانی عوام کو خاص کر کراچی کے عوام کو گمراہ کیے ہوئے ہیں اور دہشت گردی کے ذریعے ملک دشمن بد نام زمانہ ایجنسی راء سے مدد کے طلب گار ہو رہے ہیں اب تو ان کے مکروہ چہرے سے پردہ ہٹا دینا چاہیے ۔یہ حکومت وقت کا کام ہے کہ وہ سیاسی مصلحتوں سے باہر آکر ان بڑے بڑے معزز دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دے جو کراچی میں امن و اتحاد کے دشمن ہیں اور لسانی بنیادوں پر مسلمان کو مسلمان سے لڑا رہے ہیں۔
Shahzad Hussain Bhatti
About the Author: Shahzad Hussain Bhatti Read More Articles by Shahzad Hussain Bhatti: 180 Articles with 168065 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.