عازمین حج کی بصری و عملی تربیت

پاکستان میں حج کا سیزن شروع ہے اور عازمین حج حجاز مقدس جانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ متعدد بار یہ بات مشاہدے میں آئی کہ جو عازمین حج و عمرہ مناسک کی تربیت لے کر نہیں جاتے وہاں پریشان اور واپسی پر انہیں پچھتاوا ہوتا ہے کہ کاش ہم مناسک سیکھ کر جاتے اس سلسلے میں ڈاکٹر ریاض الرحمنؒ نے 1978؁ء میں عازمین حج و عمرہ کی عملی و بصری تربیت کے لئے راولپنڈی میں اپنی رہائش گاہ پر ایک تربیت گاہ اورحج میوزیم بنایا جس میں عازمین حج و عمرہ کو ماڈل، نقشوں، چارٹوں، خاکوں، تصاویر اور آڈیو ویڈیو معاونات کے ساتھ مناسک حج و عمرہ کی بلا معاوضہ تربیت دینا شروع کی۔ اس تربیت گاہ سے اب تک لاکھوں عازمین حج و عمرہ مرد اور خواتین مناسک حج و عمرہ کی عملی و بصری تربیت لے چکے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب نے حج کے موضوع پرایک سوسے زائد کتب، کتابچوں اور رسائل سے استفادہ کرنے کے بعد ہی عازمین حج کی فی سبیل اﷲ تربیت کا آغاز کیا۔ اُنہوں نے عازمین حج و عمرہ کی رہنمائی کے لئے چارکتابچے بھی تحریر کئے۔ ان میں ـترتیب عمرہ، ترتیب حج، گلدستہ طواف اور گلدستہ سعی شامل ہیں۔ یہ چاروں کتابچے عازمین حج و عمرہ میں انتہائی مقبول ہیں۔ ترتیب عمرہ صرف عمرہ پر جانے والوں کی جبکہ ترتیب حج، حج پر جانے والوں کی قدم بقدم رہنمائی کرتا ہے۔ گلدستہ طواف میں طواف کا باتصویر طریقہ ، طواف کے سات چکروں کی دُعائیں ، ترجمہ، مسائل اور ہدایات شامل ہیں۔ گلدستہ سعی میں سعی کا نقشہ، سعی کا طریقہ، سعی کے سات پھیروں کی دُعائیں ، ترجمہ اور سعی کے مسائل و ہدایات شامل ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کا ایک اور منفرد اعزاز یہ ہے کہ اُنہوں نے عازمین حج و عمرہ کی تربیت کے لئے ایک فلم تیار کی جو اپنی مثال آپ ہے۔اس فلم کو دیکھ کر گھر بیٹھے بھی عازمین حج و عمرہ مناسک کی تربیت لے سکتے ہیں۔ خاص طور پر ان پڑھ افراد کیلئے یہ فلم بہت مفید ثابت ہوئی ان کی یہ کاوش اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک بہت پسند کی گئی۔ بلاشبہ حج عمرہ پر جانے والوں کیلئے یہ ایک نایاب اور انمول تحفہ ہے۔ فلم میں ہزاروں سال قبل کعبہ شریف کی تعمیر کے مختلف مراحل اور طواف کعبہ کے مناظر دکھائے گئے ہیں ان تخیلاتی مناظر میں دکھایا گیاہے کہ زمانہ جاہلیت میں لوگ احرام کی حالت میں کس طرح طواف کرتے تھے اور برہنہ حالت میں تالیاں اور گھنٹیاں بجابجا کر طواف کرتے تھے ۔ ۱۹۸۷؁ء میں اسلام آباد میں ہونے والی قومی حج کانفرنس میں مرحوم جنرل ضیاء الحق کادوران خطاب ڈاکٹر صاحب کی تربیت کے طریقہ کار پر پر جوش اورپر مسرت تبصر ہ دکھایا گیاہے ۔ قرآن شریف کی سور ۃ البقرہـ، سورۃ آل عمران ، اور سورۃ الحج کی منتخب آیات کی تلاوت قاری نذیر احمد کی دلپذیر آواز میں سنائی گئی ہیں ۔ آیات قرآنی کی تلاوت اورترجمہ کے پس مناظر میں طواف بیت اﷲ صفامروہ کے درمیان سعی اور بارگاہ رسالتؐ کے روح پرور مناظر اور سمعی و بصری تربیت کے پروگراموں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں اس کے بعد فلم بنانے کامقصد اور عازمین حج کو پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کے عازمین حج کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں اور تربیت کاآغازکیاگیاہے ۔اسی طرح فلم کے مختلف سین جن میں حج سے متعلق ضروری اصطلاحی الفاظ کی تشریح بتائی گئی ہے ۔ حدود حرم حدود میقات اورآفاق کے بارے میں چارٹ پر تشریح بتائی گئی ہے ۔مردوں کو احرام باند ھنے کاطریقہ عملی طور پر بتایا گیاہے اور احرام کی حالت میں جس قسم کا جوتا پہننا چاہیے اس کے نمونے دکھائے گئے ہیں تاکہ احرام پوش حضرات کے پاؤ ں کی ابھری ہوئی درمیانی ہڈی ننگی رہے۔ عورت کے احرام کے چار انداز بتائے گئے ہیں۔ احرام کے نفل ٗعمرہ یا حج کی نیت اور لبیک یعنی تلبیہ پکارنے کاطریقہ اوراحرام کی پابند یاں تفصیل سے بتائی گئی ہیں ۔ مسجد الحرام میں داخل ہونے پرخانہ کعبہ کی پہلی زیارت پر پہلی نظر کی دعا کاطریقہ بتایا گیا ہے ۔ پہلی نظر کی دعا بارگاہ ربـــ العزت میں فوری قبولیت کاشرف پاتی ہے ۔ خانہ کعبہ ٗحطیم ٗ مقام ابر اہیم اورمطاف کے ماڈل دکھاکر اطراف کعبہ رکن اسود (حجراسود ) رکن یمانی رکن شامی اور رکن عراقی ٗ ملتزم ٗ مقام ابراہیم ٗ میزاب رِحمت ( رحمت کاپر نالہ ) حطیم اور مطاف کاتاریخی تعارف بتایاگیاہے ۔ عازم حج اپنے ذہن میں تعارف کی تفصیل کے ساتھ جب مسجد الحرام کے صحن میں وارد ہوتاہے تو اسے یہ مقامات پہلے سے دیکھے ہوئے محسو س ہوتے ہیں اور کسی سے پوچھنے کی ضرور ت نہیں ہوتی ۔ خانہ کعبہ کے ماڈل کے ذریعے طواف کرنے کاعملی طریقہ بتایاگیاہے۔ اس فلم کا یہ بہت ہی اہم منظر ہے جس پر پوری تو جہ دینی چاہئے کیونکہ طواف ہی ایک ایسی عبادت ہے جوصرف اورصرف مسجد الحرام مکہ معظمہ میں ہی ہوسکتی ہے اور طواف کی عبادت احرام کے ساتھ یاعام لباس کے ساتھ بار بارکی جاتی ہے ۔ طواف بہت بڑے اجر و ثواب کا حامل ہے۔ پہلی بار طواف کرنے والوں کوبتایاگیاہے کہ حجر اسود کے بائیں کنارے کے سامنے کیسے کھڑاہوناہے لبیک کی تکرار بند کر کے حالت اضطبا ع یعنی دایاں کند ھا اور بازو ننگا کر ناہے طواف کی نیت کرنی ہے، استقبالِ حجر اسود کرنا ہے اور پھر حجر اسود کے بالمقابل ہو کر استلام کر کے طواف شروع کردینا ہے ۔ ہر نیا چکر شرو ع ہونے پر استلام کیسے کرنا ہے ۔ طواف ختم کر نے پر مقام ملتز م کے پاس دعا پھر مقا م ابر اہیم کے پیچھے دو رکعت نماز واجب الطواف، مقام ابراہیم کی دُعا اور سنت کے مطابق آب زمزم نو ش کرنے کا طریقہ اور دعا کے بارے میں بتا یا گیا ہے طواف کے ضروری مسائل اور ہدایات بتائی گئی ہیں ۔ پھرکعبہ شر یف کے اردگر د طواف کا اصل منظر دکھا یا گیا ہے صفا مر وہ کے درمیا ن سعی کے سات پھیر ے لگانے کا طریقہ ، سعی کے ضر وری مسائل، ہدایات اور پھر سعی کے بعد سر کے بال منڈوانے اورترشوانے کاطریقہ اور صفا مر وہ کے درمیان سعی کااصل منظر دکھایا گیاہے ۔اسکے بعد نفلی عمرہ اور نفلی طواف کاطریقہ اور معلو مات بتائی گئی ہیں۔حج کے پانچ ایا م میں ،منیٰ کی عبادات میدان عرفات میں وقوف، مزولفہ میں مغر ب اور عشاء کی نمازوں کی ایک ساتھ ادائیگی مزولفہ کی رات ٗمزولفہ کا وقوف منٰی کو واپسی ٗبڑے شیطان کی رمی ،قر بانی اور سر کے بال منڈھوا یاترشواکر احرام اُتار نا عا م لباس میں طواف زیارت اور صفا مروہ کی سعی کر نا اور منیٰ میں رات گزارنا ۔گیارہ اوربارہ ذوالحجہ کو تینوں شیطانوں کی رمی کاطریقہ اور ان تمام افعال کی ادائیگی کے اصل مناظر دکھائے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب نے بڑی محنت اور تلاش سے یہ اصل مناظر ڈھو نڈ کر فلم میں شا مل کیے ہیں تاکہ عازمین حج کی معلومات میں خاصا اضافہ ہو سکے ۔حج تمتع کے علاوہ حج قران، حج افراداور حج بدل کے بارے میں ضروری معلوما ت بتائی گئی ہیں ۔ خواتین عازمین حج و عمرہ کے مخصوص احکام اور مسائل کے بارے میں مفصل بیان بھی فلم میں موجود ہے زیارت مدینہ منورہ پر بیان مسجد نبوی ﷺکی حاضری بارگاہ رسالت میں صلوۃوسلام پیش کرنے کاطریقہ مسجد نبوی ﷺکے آداب مسجد نبوی کے اندر اورباہر زیارات کے بارے میں ضروری معلومات فلم میں شامل ہیں۔مدینہ منور ہ کی حاضری کے بعد وطن واپسی کی تیاریوں کے بارے میں ضروری باتوں کے ساتھ تربیتی فلم کااختتام ہوتا ہے اور سب سے آخر میں ڈاکٹر صاحب کے تربیتی پروگراموں کی ٹیلی ویژن کوریج کی چند جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔یہ فلم دیکھنے کے بعد عازمین حج کو مناسک حج کی تربیت کی مزید ضرورت نہیں رہتی۔ عازمین حج خصوصاً پہلی بار حج و عمرہ پر جانے والے افراد کیلئے یہ فلم ایک انمول تحفہ ہے اور دور دراز علاقوں کے عازمین حج اس فلم سے بہترین تربیت حاصل کر کے اپنے حج کو غلطیوں وغیرہ سے پاک رکھ کر حج مبرور اور حج مقبول بنا سکتے ہیں۔ یہ فلم بصری تربیت گاہ مناسک حج و عمرہ F-765سیٹلائٹ ٹاؤن، راولپنڈی سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

DR.KHALID MAHMOOD
About the Author: DR.KHALID MAHMOOD Read More Articles by DR.KHALID MAHMOOD: 24 Articles with 60849 views HAJJ O UMRAH MASTER TRAINER.. View More